Friday, 4 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 04 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 04 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/ستمبر ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آئندہ تہواروں کے پیشِ نظر خوراک و ادویات محکمے کی جانب سے غذائی تحفظ کیلئے مستقل اور جامع حکمنامہ جاری۔
٭ خواتین بچت گروپس کو بینکوں سے قرض کے حصول میں حائل دشواریوں کو دور کرنے کا مرکزی دیہی ترقیاتی وزیر شیوراج سنگھ چوہان کی یقین دہانی۔
٭ گنیش اُتسو کو روایتی طریقے سے منانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایات۔
٭ بھوک ہڑتال کرنے والے مظاہرین کو حیدرآباد گزٹ کے مطابق مراٹھا ریزرویشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کاحکومت کا تیقن: کل تک ہر گاؤں میں کنبی اندراج کی فہرستیں آویزاں کرنے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی‘ ناسک اور جلگاؤں اضلاع کے چند علاقوں میں آج بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
خوراک و ادویات محکمے نے کل تہواروں کے پیشِ نظراغذیہ کے تحفظ کے کیلئے ایک مستقل اور جامع حکمنامہ وضع کیا ہے۔ محکمے کے کمشنر تکارام منڈے نے کل ایک صحافتی کانفرنس میں اس کی اطلاع دی۔ اس حکم نامے کے مطابق، محکمے کے افسران ریاست بھر میں مفت خوراک کے مراکز، مہا پرساد، افطار، لنگر اور بھنڈاروں کے مقامات کا دورہ کرکے معائنہ کریں گے۔ منڈے نے بتایا کہ تہواروں پر کھانے پینے کی اشیاء کی مانگ بڑھ جاتی ہے اوراس صورتحال میں کم معیار یا ملاوٹ شدہ کھانے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے‘ اس کی روک تھام کیلئے مذکورہ حکمنامہ جاری کیا گیا ہے۔
اس کے تحت، دودھ اور دودھ سے تیار کردہ اشیاء، پانی اور برف، خوردنی تیل، پھل، خشک میوہ جات سمیت11 خوردنی اشیاء کے معائنے کیلئے ایک الگ طریقہئ کار وضع کیا گیا ہے۔ منڈے نے وضاحت کی کسی بھی دکاندار یا خوردنی اشیاء کے مراکز کو اس معائنے کے دوران بلاوجہ تکلیف نہیں دی جائیگی۔
***** ***** *****
دیہی ترقیات کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے یقین دلایا ہے کہ خواتین کے بچت گروپس کو بینکوں سے قرض کے حصول میں درپیش دشواریاں دور کی جائیں گی۔ وہ کل‘ ممبئی میں خواتین بچت گروپس کے ارکان سے بات چیت کے بعد مخاطب تھے۔ انھوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کا ہدف ملک میں چھ کروڑ لکھ پتی دیدی بنانا ہے اور اس میں سے ساڑھے تین کروڑ کے ہدف تک رسائی ہوچکی ہے۔ لہٰذا‘ بقیہ لکھ پتی دیدیوں کے ہدف کو مکمل کرنے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے گنیش اُتسو کو روایتی طریقے سے منانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ گزشتہ روز صحیفہ نگاروں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے اپیل کی کہ ریاست میں ہر جگہ اس تہوار کو سو فیصد روایتی طریقے سے منانے کی کوشش کی جائے۔
دریں اثناء، یوم اساتذہ کے موقعے پر وزیر اعلیٰ پھڑنویس نے کل دِشا مہم کے تحت خصوصی معلّمین کو اعزازات سے نوازا۔ اس موقعے پر 21 ہزار سے زائد معذور طلبہ کیلئے چلائی جانے والی اس مہم کیلئے ایک خصوصی وار روم قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
***** ***** *****
رُکنِ اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے ریاستی اسمبلی میں پائیدار ترقی پر بحث کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔ شیوسینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے حیدرآباد مکتی سنگرام دن کے پیشِ نظر مجوزہ عوامی احتجاج کے سلسلے میں کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ ایک پروگرام سے وہ خطاب کررہے تھے۔
اس موقعے پر قانون ساز کونسل کے سابق قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے مراٹھواڑہ کی ترقی کے موضوع پر پریزنٹشن دیا۔
دریں اثناء، اس عوامی تحریک کے دوران چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، بیڑ، دھاراشیو، لاتور، ناندیڑ، ہنگولی اور پربھنی ان آٹھ اضلاع میں مقامی ترقیاتی مسائل پر احتجاج کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں ریلوے کی مجوزہ مشرقی و مغربی مال بردار راہداری جلد ہی قوم کے نام موسوم کر دی جائے گی۔ وزیرِ موصوف‘ کل سے ممبئی میں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس تا ساونت واڑی خصوصی ریلوے خدمات کے آغاز کے موقعے پر ٹیلی کانفرنسنگ نظام کے ذریعے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ راہداری ودربھ، مراٹھواڑہ اور مغربی مہاراشٹر کے ان حصوں کو جوڑ دے گا، جہاں پہلے کوئی ریلوے کنکٹیویٹی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا...
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شری کرشن جنم اشٹمی کا تہوار آج منایا جا رہا ہے۔ اس موقعے پر ملک بھر میں مختلف شری کرشن مندروں پر خصوصی روشنائی اور سجاوٹ کی گئی ہے اور مختلف مذہبی پروگراموں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے ایک وفد نے کل جالنہ ضلعے کے انتروالی سراٹی میں مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے سے گفت و شنید کی۔ اس سرکاری وفد میں مراٹھا ریزرویشن ذیلی کمیٹی کے چیئرمین و ریاستی وزیر رادھا کرشن وِکھے پاٹل،، ریاستی وزیر اُدئے سامنت اور پرساد لاڑ شامل تھے۔ وفد نے تمام دیہاتوں میں کنبی اندراج کی فہرستیں لگانے کے مطالبے سے اتفاق کرتے ہوئے اس کام کو کل 5 ستمبر تک مکمل کرنے کا یقین دلایا۔ حکومت کی جانب سے حیدرآباد گزٹ کے مطابق سرٹیفکیٹ تقسیم کیے جانے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔
اس تیقن کے بعد منوج جرانگے نے مراٹھا برادری سے سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے درخواستیں دینے کی اپیل کی۔ وزیر وِکھے پاٹل نے بتایا کہ سرٹیفکیٹس کی تقسیم میں سہولت کیلئے ہر ضلعے کیلئے ایک نوڈل افسر کا تقرر کیا جائے گا۔
دریں اثناء، منوج جرانگے نے واضح کیا کہ جب تک مراٹھا برادری کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے وہ اپنی بھوک ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔
***** ***** *****
جرانگے کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں کل مختلف مقامات پر معلّنہ بند کا جزوی اثر رہا۔ جالنہ ضلعے میں، تاجروں نے بدنا پور، منٹھا، جعفرآباد، بھوکردن، پرتور، عنبڑ، گھن ساونگی تعلقوں سمیت کئی دیہاتوں میں اپنے کاروبار بند رکھے۔ کچھ جگہوں پر مراٹھا برادری کے لوگوں نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مظاہرہ کیا اور انتظامیہ کو اپنے مطالباتی محضر پیش کیے۔
لاتور شہر میں مراٹھا برادری کے افراد نے ٹو وہیلر ریلی نکال کر تاجروں اور شہریوں سے بند میں شرکت کی درخواست کی۔جبکہ ناندیڑ ضلعے میں مراٹھا مظاہرین کے ناندیڑ-ناگپور شاہراہ کو بند کرنے کی وجہ سے کچھ دیر کیلئے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ بیڑ شہر کے تاجر اور بیوپاری بھی اس بند میں شریک ہوئے۔
ہنگولی ضلعے میں کل مراٹھا تنظیموں کی جانب سے بازار بند رکھے گئے تھے۔ بسمت تعلقے میں راستہ روکو مظاہرہ کیا گیا۔ جبکہ کروندا سے بسمت تحصیل پر ایک ٹریکٹر مورچہ نکالا گیا۔
دھاراشیو ضلعے میں بھی بند منایا گیا۔ سَرَم کُنڈی پھاٹے پر مظاہرین کی راستہ روکو احتجاج کرنے کے باعث دھولیہ-شولاپور شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت میں رخنہ اندازی ہوئی۔
***** ***** *****
حکومت نے”اسمارٹ اور انٹیلیجنٹ ولیج“ منصوبے کو ریاست کے منتخب اضلاع کے دیہاتوں میں تجرباتی بنیادوں پر نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں ہنگولی ضلعے کے کلمنوری تعلقے کے گیارہ دیہاتوں کو شامل کیا گیا ہے۔ منصوبے کے مؤثر طریقے سے نفاذ کیلئے تشکیل کردہ ضلعی سطح کی کمیٹی کی کا ایک اجلاس کل ضلع کلکٹر راہل گپتا کی صدارت میں منعقد ہوا۔
***** ***** *****
دھولیہ ضلعے میں مدھیہ پردیش کی سرحد سے متصل ایک دور دراز علاقے میں پولس اور محکمہ جنگلات کی ٹیموں کی مشترکہ کارروائی میں گانجے کے ایک کھیت کو ختم کر دیا گیا۔ انتظامیہ نے کھیت میں نصب سات لاکھ 43 ہزار روپے مالیت کا گانجہ موقع پر تلف کر دیا۔
***** ***** *****
دبئی میں کل کھیلے گئے ایشیا کپ خواتین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں بھارت نے ہانگ کانگ کو 137 رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
***** ***** *****
چائنا ماسٹرز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز میں بھارت کے کدامبی شری کانت نے کینیڈا کے وکٹر لائی کو راست سیٹوں میں 21-18، 21-19 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ مردوں کے ڈبلز میں ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی بھی کوارٹر فائنل میں داخل ہوگئی۔ ساتوک - چراغ کی جوڑی نے فرانسیسی جوڑی کو 21-17، 24-22، 21-9 سے شکست دی۔ آج ہونے والے کوارٹر فائنل میں شری کانت کا مقابلہ ہانگ کانگ کے کھلاڑی سے ہوگا، جبکہ ساتوک اورچراگ کی جوڑی کا مقابلہ ڈنمارک کی جوڑی سے ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ کے خواتین کے سنگلز اور مکسڈ ڈبلز میں بھارت کا چیلنج ختم ہو گیا ہے۔
***** ***** *****
موسم: مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور پربھنی سمیت ناسک اور جلگاؤں اضلاع کے کچھ حصوں میں آج زوردار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آئندہ تہواروں کے پیشِ نظر خوراک و ادویات محکمے کی جانب سے غذائی تحفظ کیلئے مستقل اور جامع حکمنامہ جاری۔
٭ خواتین بچت گروپس کو بینکوں سے قرض کے حصول میں حائل دشواریوں کو دور کرنے کا مرکزی دیہی ترقیاتی وزیر شیوراج سنگھ چوہان کی یقین دہانی۔
٭ گنیش اُتسو کو روایتی طریقے سے منانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایات۔
٭ بھوک ہڑتال کرنے والے مظاہرین کو حیدرآباد گزٹ کے مطابق مراٹھا ریزرویشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کاحکومت کا تیقن: کل تک ہر گاؤں میں کنبی اندراج کی فہرستیں آویزاں کرنے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی‘ ناسک اور جلگاؤں اضلاع کے چند علاقوں میں آج بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 01 October 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...