Thursday, 1 February 2018

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date: 01.02.2018 ,Time:8.40-8.45 am


Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 01  February  2018
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد 
علاقائی خبریں
تاریخ  :  یکم؍فروری  ۲۰۱۸؁
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
سال 2018-19 کا عام بجٹ آج پارلیمنٹ میں پیش کیا جائیگا۔ مرکزی وزیرِ مالیات ارون جیٹلی پہلے لوک سبھا میں اور اُسکے بعد راجیہ سبھا میں بجٹ پیش کریں گے۔ موجودہ NDA حکومت کا رواں مدت کا یہ آخری بجٹ ہے۔ گذشتہ سال سے ریلوے بجٹ کو بھی عام بجٹ میں شامل کرلیا گیا ہے اس لیے اس سال بھی ریل بجٹ الگ سے پیش نہیں کیا جائیگا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
بھارتی بحریہ کی اسکارپین زمرے کی نئی آبدوزINS Karanj  کو کل ممبئی کی مجگائوں بندرگاہ سے سمندر میں اُتارا گیا۔ انتہائی جدید ہتھیاروں کو لے جانے کی حامل آبدوز کرنج پوری طرح بھارت میں بنی ہے۔ اس کے بحریہ میں شامل ہوجانے سے بھارتی بحریہ کی طاقت میں مزید اضافہ ہوگا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہیکہ ملک کے نوجوانوں کی زندگی میں کھیلوں کو بھی اہم مقام حاصل ہونا چاہیے کیونکہ کھیل شخصیت کو نکھارنے میں کافی اہم کردار نبھاتے ہیں۔ مودی کل شام نئی دلّی میں اپنی نوعیت کے پہلے کھیلو انڈیا اسکول گیمز کی افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے۔ مودی نے کہا کہ بھارت میں کھیلوں سے جڑی قابلیت اور صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے اور ہمارے نوجوان اس شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ 
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اگر بھارت کو عالمی سطح پر آگے بڑھنا ہے تو اُسے نہ صرف فوجی اور اقتصادی شعبوں میں بلکہ سائنس‘ فنون اور کھیلوں میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ مودی نے کہا کہ کھیلو انڈیا اسکول گیمز صرف تمغے جیتنے کیلئے نہیں ہے بلکہ یہ ایک عوامی تحریک ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کیا جاسکے۔
وزیرِ اعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ملک کے دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں کے نوجوان بھی اچھے کھلاڑی بن کر اُبھررہے ہیں۔ کھیلو انڈیا اسکول گیمز میں 17/ سال سے کم عمر کے طلبہ حصہ لیں گے اور یہ 8/ فروری تک جاری رہیں گے۔ ان میں ایتھلیٹکس‘ باسکٹ بال‘ بیڈ منٹن‘ مکّے بازی‘ کبڈی‘ ہاکی‘ فٹ بال‘ تیراکی‘ نشانے بازی اور کُشتی جیسے کھیل شامل ہیں۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
Telecom Regulatory Authority of India ‘ ٹرائے نے موبائل نمبر پورٹیبلیٹی خدمات کیلئے درکار فیس میں قریب 79% فیصد کی بھاری کٹوتی کی ہے۔ اب صارفین کو اپنا موبائل نمبر برقرار رکھتے ہوئے ٹیلیکام کمپنی بدلنے کیلئے زیادہ سے زیادہ چار روپئے ادا کرنے ہونگے۔ 
ٹرائے نے کہا ہیکہ اس بارے میں نوٹیفکیشن جاری ہونے کی تاریخ سے یہ نئی شرح نافذ العمل ہوگی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
شہیدوں کے خاندانوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی مالی امداد میں پانچ لاکھ روپئوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ شہدا ء کے خاندانوں کے اعزاز میں کل ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں بولتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یہ اعلان کیا۔ اب تک یہ امدادی رقم بیس لاکھ روپئے ہوا کرتی تھی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ بہادر جوانوں کی شجاعت بے مثال ہے جس سے نئی نسل کو تحریک ملتی ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
آنے والی 9/ فروری سے ’’سُوچّھ مراٹھواڑہ‘‘ مہم شروع کی جائیگی۔ مہم کی شروعات دولت آباد کے قلعے سے ہوگی۔ اس بارے میں کل اورنگ آباد میں منعقدہ میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر پرشوتم بھاپکر نے یہ اطلاع دی۔ اُنھوں نے کہا کہ مراٹھواڑہ کے جالنہ، بیڑ، عثمان آباد، پربھنی اور لاتور ان پانچ ضلعوں میں ذاتی استعمال کے بیت الخلاء تعمیر کرنے کے کام سو فیصد مکمل ہوچکا ہے اور ان کے شہری علاقوں کو کھلے میں رفع حاجت سے پوری طرح پاک قرار دیا جاچکا ہے۔ بھاپکر نے کہا کہ مراٹھواڑہ کے ناندیڑ‘ ہنگولی‘ اور‘ اورنگ آباد ان تینوں ضلعوں میں بھی بیت الخلاء کی تعمیر کا کام جلد ہی مکمل کرلیا جائیگا۔ بھاپکر نے اُمید ظاہر کی کہ 25/ فروری تک چلنے والی سوچّھ مراٹھواڑہ مہم کے تحت پورے مراٹھواڑہ کو صاف ستھرا بنادیا جائیگا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
چھترپتی شیواجی مہاراج شیتکری سنمان منصوبے کے تحت قرض معافی سے اب تک محروم رہے اہل کسانوں کو اپنے دستاویزات کے ساتھ متعلقہ بینکوں سے رابطہ کرنے کی اپیل جالنہ ضلعے کے نگراں وزیر ببن رائو لونیکر نے کی ہے۔ لونیکر کل جالنہ میں بول رہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ بینکوں کی جانب سے حکومت کو دی گئی معلومات کا کسانوں کی جانب سے دی گئی معلومات سے ملاپ نہیں ہورہا تھا جس کے بعد 55/ ہزار 41 کسانوں کی معلومات 24/ متعلقہ بینکوں کو فراہم کی گئی ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
صوفی بزرگ سیّد شاہ تراب الحق کے عرس کی آج سے پربھنی میں شروعات ہورہی ہے۔ اس عرس کو سماجی یکجہتی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ پربھنی کی درگاہ روڈ پر یہ عرس پندرہ فروری تک جاری رہے گا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 15 اگست 2025‘ وقت: صبح 06:50 تا 07:00

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 15 August-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...