Thursday, 1 August 2019


Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 01.08.2019 , Time : 8.40-8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 August 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی ‘  اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:یکم اگست  ۲۰۱۹ ؁
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
راجیہ سبھا نے موٹر وہیکل اصلاحی بل کو کچھ ترمیمات کے ساتھ کل منظوری دے دی۔ بل کی حمایت میں 108/ اور مخالفت میں 12/ ووٹ پڑے۔ راجیہ سبھا کی جانب سے کچھ اصلاحات تجویز کیے جانے کی وجہ سے اس بل کو اب دوبارہ لوک سبھا میں پیش کیاجائیگا۔ نئے موٹر وہیکل بل کے مطابق ٹریفک کے قوانین توڑنے پر وصول کیے جانے والے کم از کم جرمانے میں چار گنا اور زیادہ سے زیادہ دس گنا اضافہ کیا گیا ہے۔ بل میں شراب پی کر گاڑی چلانے پر دس ہزار روپئے اور ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے پر ایک ہزار روپئے جرمانہ وصول کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے علاوہ نئے قانون کے تحت بناء لائسنس گاڑی چلانے پر پانچ ہزار روپئے اور نابالغ کے گاڑی چلانے پر گاڑی مالک کو  25/ ہزار روپئے جرمانے اور تین سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
***** ***** ***** 
سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے کہا ہیکہ وہ اولا اور اُوبر جیسی موبائل اَیپ والی ٹیکسی خدمات کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ جسٹس ایس اے بوبڑے‘ جسٹس سبھاش ریڈی اور جسٹس بی آر گوئی پر مشتمل بینچ نے خواتین مسافروں کی حفاظت کے بارے میں داخل عرضی پر سماعت کے دوران یہ ہدایت دی۔ عدالت نے حکومت سے کہا کہ وہ ضرورت پڑنے پر موجودہ قانون میں اصلاح کرے۔ اس کے علاوہ عدالت نے درخواست گذار سے بھی کہا ہیکہ وہ ٹیکسی خدمات میں سدھار سے متعلق اپنی رائے بھی پیش کرے۔
***** ***** ***** 
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے واضح کیا ہیکہ بی جے پی‘ آنے والے ودھان سبھا انتخابات شیوسینا اور حلیف جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرکے ہی لڑے گی۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما مدھوکر پچڑ، شیویندریہ راجے بھوسلے، ویبھو پچڑ، سندیپ نائیک، چترا واگھ اور کانگریس کے کالی داس کولمبکر کئی رہنمائوں اور عہدیداروں نے کل بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ممبئی میں ہوئی ایک مختصر تقریب میں ان سبھی کا استقبال کرنے کے بعد وزیرِ اعلیٰ اظہارِ خیال کررہے تھے۔ 
اس موقعے پر بی جے پی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل اور دیگر رہنماء موجود تھے۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے مزید کہا کہ ودھان سبھا انتخابات کیلئے شیوسینا اور بی جے پی آپس میں کچھ سیٹیں بدلیں گی۔ پھڑنویس کا کہنا تھا کہ اس بارے میں اگلے آٹھ سے دس دِنوں میں فیصلہ لیا جائیگا۔
***** ***** ***** 
بھارتیہ جنتا پارٹی کی ’’مہا جنادیش یاترا‘‘ آج سے وردھا ضلع کے گُرو کُنج موجھری سے شروع ہورہی ہے۔ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کی موجودگی میں پہلے وِجئے سنکلپ جلسۂ عام ہوگا، جس کے بعد وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس کی قیادت میں مہاجنادیش یاترا کی شروعات ہوگی۔ یہ یاترا مہاراشٹر کے 32/ ضلعوں کے 152/ انتخابی حلقوں سے گذریگی۔
***** ***** ***** 
مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے کہا ہیکہ انہیں EVM کی بجائے بیلیٹ پیپر سے رائے دہی کروانے کے مطالبے پر انتخابی کمیشن اور سپریم کورٹ سے کوئی اُمید نہیں ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر رائے دہی کیخلاف MNS کی جانب سے 9/ اگست سے احتجاج کیا جائیگا۔ اس پسِ منظر میں راج ٹھاکرے نے کل ترنمول کانگریس کی صدر اور مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بینرجی سے ملاقات کی۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ انھوں نے ممتا بینرجی سے EVM کے خلاف ہونے والے احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** ***** 
ساتارا تعلقے میں پیش آئے بھیانک حادثے میں ایک ہی خاندان کے سات لوگوں کی موت ہوگئی۔ یہ حادثہ پونے۔ بنگلورو شاہراہ پر کاشل گائوں کے قریب پیش آیا۔
کرناٹک سے ممبئی کی جانب آرہی تیز رفتار گاڑی کا ڈرائیور کنٹرول کھوبیٹھا اور وہ سڑک کے کنارے درخت سے جاٹکرائی۔ یہ حادثہ کل آدھی رات کو پیش آیا۔ مہلوکین میں دو مرد‘ دو خواتین اور تین چھوٹے بچے شامل ہیں۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ سبھی افراد کرناٹک کے ’’مدی ہول دیہری‘‘ کے رہنے والے ہیں۔
***** ***** ***** 
شولاپور ضلعے کے کرماڑا میں کل بینک آف مہاراشٹر کی چھت گرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی‘ جبکہ بائیس لوگ زخمی ہوگئے۔ کل دوپہر کام کاج کے اوقات کے دوران یہ حادثہ رونماء ہوا۔ زخمیوں میں سے دس افراد کو علاج کیلئے شولاپور منتقل کیا گیا ہے۔ سات زخمیوں کا کرماڑا کے کُٹیر اسپتال میں علاج جاری ہے۔ ہمارے نمائندے نے خبر دی ہیکہ معمولی زخمی پانچ افراد کو علاج کے بعد ان کے گھر روانہ کردیا گیا ہے۔
***** ***** ***** 
اورنگ آباد۔ جالنہ ودھان پریشد حلقے سے شیوسینا۔ بی جے پی اتحاد کے اُمیدوار کے طور پر اورنگ آباد شیوسینا صدر امبا داس دانوے آج اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرینگے۔ شیوسینا ضلع دفتر کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی۔
***** ***** ***** 
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور کانگریس کا آپس میں ضم ہونا ضروری ہے۔ اس خیال کا اظہار کانگریس کے سینئر رہنما اور رکنِ اسمبلی بھائی جگتاپ نے کیا۔ وہ کل ناسک میں نامہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ بی جے پی کو چیلنج کرتے ہوئے بھائی جگتاپ نے کہا کہ اگر بی جے پی کو صحیح معنوں میں انتخابات جیتنے ہیں تو وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی بجائے بیلیٹ پیپر پر رائے دہی کروائے۔
***** ***** ***** 

No comments: