Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 03.10.2019 , Time : 8.40 - 8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 October-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۳؍ اکتوبر ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے کل 14/ امیدواروں کی جبکہ کانگریس نے 20/ ‘ این سی پی نے 77/ اور مہاراشٹر نونرمان سینا نے 45/ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ بی جے پی نے اپنی جاری کردہ دوسری فہرست میںبیڑ ضلع کے کیج اسمبلی حلقے سے نمیتا مندڑا‘ لاتور شہر سے شیلیش لہاٹی اور اودگیر سے انل کامبلے کو امیدواری دی۔ وہیں کانگریس نے اورنگ آباد مغرب سے رمیش گائیکواڑ‘ سلوڑ سے پربھاکر پالودکر اور پربھنی سے روی راج دیشمکھ کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ این سی پی کی جانب سے جاری کردہ پہلی فہرست میں ایولہ اسمبلی حلقے سے چھگن بھجبل‘ ممبئی کے انوشکتی نگر سے پارٹی کے ترجمان نواب ملک‘ بیڑ سے سندیپ شرساگر‘ پرلی سے دھننجے منڈے اور گیورائی سے وجئے سنگھ پنڈت کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ مہاراشٹر نونرمان سینا نے اورنگ آباد ضلع کے ویجا پور حلقے سے سنتوش جادھو‘ پھلمبری سے امر دیشمکھ، ناندیڑ شمال سے گنگا دھر پھگارے‘ پربھنی سے سچن پاٹل‘ بیڑ سے ویبھو کاکڑے اور کنوٹ سے ونود پاٹل کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ وہیں مجلس اتحادالمسلمین نے احمد پور۔ اودگیر حلقے سے سیّد طاہر حسین‘ پونے کے ہڑپسر حلقے سے زاہد شیخ اور سانگلی سے عائشہ قاضی کو پارٹی امیدوار نامزد کیا ہے۔
***** ***** *****
گورنر بھگت سنگھ کوشیاری اور وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے کل ممبئی میں مجاہدینِ آزادی کی تصاویر پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ مراٹھواڑہ کے اورنگ آباد‘ بیڑ‘ پربھنی‘ ہنگولی اور ناندیڑ سمیت تمام ضلع کلکٹر دفتروں میں مہاتما گاندھی اور لال بہادر شاستری کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اسکولی طلبہ نے جلوس نکالا۔ سنت نرنکاری خیراتی ادارے کی جانب سے کل اورنگ آباد‘ جالنہ، پربھنی اور ناندیڑ ریلوے اسٹیشنوں پر پلاسٹک کچرا جمع کیا گیا اور صفائی کی گئی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع کے گنگاپور حلقے سے رکنِ اسمبلی رہ چکے انا صاحب مانے نے کل ممبئی میں راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ مانے کے بیٹے سنتوش مانے کو گنگا پور۔ خلدآباد حلقے سے پارٹی کی امیدواری دئیے جانے کا امکان ہے۔ بی جے پی یوا مورچہ کے نائب صدر دتا گورڈے اور کنڑ کے سابق صدرِ بلدیہ سنتوش کولہے اپنے 16/ نگرسیوکوں سمیت کل این سی پی میں شامل ہوگئے۔
***** ***** *****
کُل ہند مجلس اتحادالمسلمین MIM کے قومی صدر اسدالدین اویسی نے کل اورنگ آباد میں جلسۂ عام سے خطاب کرکے اپنی انتخابی تشہیر کا آغاز کردیا۔ اس موقع پر انھوں نے بی جے پی۔ شیوسینا حکومت کی پالیسیوں پر نکتہ چینی کی۔
***** ***** *****
کسان سبھااور شیتکری سنگھٹنا کی جانب سے ’’می شیتکری‘‘ نامی ریاست گیر مہم کا کل سے آغاز ہوگیا۔ اس مہم کا مقصد اسمبلی انتخابات میں کسانوں کے مسائل کو مرکزی اہمیت دلانا ہے۔ پربھنی میں کسان کارکنان نے ٹھیہ احتجاج کرکے اس مہم کی شروعات کی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے صرف ایک بار استعمال کیے جانے والے پلاسٹک سے ملک کو 2022ء تک نجات دلانے کی اپیل کی ہے۔ وزیرِ اعظم کل احمد آباد میں مہاتما گاندھی کی صد سالہ سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوںنے کہا کہ وطن کو پلاسٹک کے استعمال سے پاک کرنے کیلئے خود کی عادتوں میں تبدیلی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ صاف ستھرے بھارت دِن کے موقع پر وزیرِ اعظم نے قوم کو بتایا کہ آج ملک کھلے میں رفعِ حاجت سے بڑے پیمانے پر پاک ہوچکا ہے۔ انھوںنے بیت الخلاء کے استعمال سے دور رہنے والے لوگوں سے صفائی مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ انھوںنے آنجہانی وزیرِ اعظم لال بہادر شاستری کی سالگرہ کی مناسبت سے ان کی سادگی کابھی ذکر کیا۔
***** ***** *****
بابائے قوم مہاتما گاندھی کی صد سالہ سالگرہ کی مناسبت سے بی جے پی کی جانب سے ملک گیر گاندھی سنکلپ یاتراکا کل نئی دہلی سے آغاز ہوگیا۔ پارٹی کے قومی صدر امت شاہ کی موجودگی میں شروع کی گئی اس یاترا میں گاندھی جی کی سودیشی اور سودھرم جیسی اقدار کی تشہیر ملک بھر میں کی جائے گی۔ یہ یاترا 31/ اکتوبر تک جاری رہے گی۔
دریںاثناء کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے کل دلّی میں ’’گاندھی سندیش یاترا‘‘ کی قیادت کی۔ اس یاتراکا آغاز پارٹی دفتر سے کیا گیا، جس میں پارٹی کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور گاندھی جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان وشاکھا پٹنم میں کھیلے جارہے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دِن کل بارش کے سبب کھیل مقررہ وقت سے پہلے روک دیا گیا۔ بھارت نے بغیر وکٹ گنوائے 202/ رن بنائے۔ روہت شرما 115/ اور مینک اگروال 84/ رنوںپر کھیل رہے ہیں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment