Sunday, 3 November 2019



Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 03.11.2019, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 November-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۳؍ نومبر  ۲۰۱۹ ؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
حکومت نے بے موسم بارش سے متاثرہ کسانوں کی فوری مدد کیلئے 10/ ہزار کروڑ وپئے مختص کیے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل ممبئی میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست کے ساڑھے تین سو تعلقہ جات میں شدید بارش کے سبب زراعت کو زبردست نقصان پہنچا ہے اورنقصانات کے پنچ نامو ں کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس خصوص میں مرکزی حکومت سے امداد کا مطالبہ کیا جائیگا۔ انھوں نے مزید بتایاکہ ریاست کے جن 50/ لاکھ کسانوںنے فصل بیمہ کروایاہے انہیں مدد فراہم کرنے کیلئے بیمہ کمپنیوں سے مذاکرات جاری ہے۔
***** ***** ***** 
ریاست میں بے موسم بارش کے سبب کھیتی کو ہونے والے نقصان کے ازالے کے طور پر متاثرہ کسانوں کو پانچ ہزار روپئے فوری امداد دی جائیگی۔ حمل ونقل کے ریاستی وزیر دیواکر رائوتے نے کل امراوتی میں یہ اعلان کیا۔ رائوتے نے کل اکولہ اور امراوتی اضلاع میں نقصان زدہ فصلوں کا جائزہ لیا۔ فوری نقصان بھرپائی کیلئے پنچنامے کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ پنچ ناموں کے ذریعے فراہم کی جانے والی امداد کیلئے کچھ وقت درکار ہے، اس لیے حکومت کی طرف سے ہر متاثرہ کسان کو فوری امداد کے طور پر پانچ ہزارروپئے دئیے جائیںگے۔
***** ***** ***** 
راشٹروادی کانگریس نے ریاستی حکومت کی جانب سے متاثرہ کسانوں کو دی جانے والی امداد کو ناکافی بتایا اور ریاستی حکومت پر نکتہ چینی کی۔ وہیں کانگریس پارٹی نے اسے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا قرار دیا۔ کانگریس کے ترجمان سچن ساونت نے ریاستی حکومت سے سوال کیا کہ گذشتہ اگست میں سیلاب متاثرین کیلئے اعلان کردہ 6/ ہزار 8/ سو کروڑ روپئوں کا کیا کیا گیا۔ اسی بیچ این سی پی قائد اجیت پوار نے حکومت کی اعلان کردہ امداد کو متاثرہ کسانوں کے ساتھ مذاق قرار دیا۔ پوار کل ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے گفتگوکررہے تھے۔ انھوںنے کہا کہ ریاست کے متاثرہ کسانو ںکو راحت دینے کیلئے بی جے پی اور شیوسینا کو متحد ہوکر حکومت قائم کرلینی چاہیے۔ انھوںنے مزید بتایا ہمارے پاس اکثریت نہیں ہے اس لیے ہم حزبِ اختلاف کا کردارادا کریںگے۔
***** ***** ***** 
شیوسینا کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے رائوت نے کہا ہے کہ پارلیمانی طریقۂ کار کے مطابق اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت بی جے پی حکومت کے قیام کا دعویٰ کرے۔ انھوںنے کل ایک نیوز چینل کو دئیے گئے انٹرویوکے دوران یہ بات کہی۔ رائوت نے مزید بتایا کہ بی جے پی اگر اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے میں ناکام رہی تو شیوسینا اکثریت ثابت کریگی۔
***** ***** ***** 
بی جے پی کے سینئر ریاستی قائد سدھیرمنگنٹیوار نے کہاہے کہ ریاست میں 7/ نومبر تک بی جے پی۔ شیوسنا اتحاد کی حکومت قائم ہوجائے گی۔ وزیرِ موصوف کل چندرپور میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ صحافیوں کی جانب سے شیوسینا کی ناراضگی پرپوچھے گئے سوال کے جواب میں منگنٹیوار نے کہا کہ مذاکرات سے ہر مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بی جے پی۔ شیوسیناکی تین دہائیوں پر محیط دوستی قائم رہے گی۔
***** ***** ***** 
زمینی حمل و نقل کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اورنگ آباد۔ سلوڑ۔ جلگائوں شاہراہ کا کام 8/ دنوں میں مکمل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ وزیرِ موصوف نے تعمیراتِ عامہ شعبے کے افسران کو انتباہ دیا کہ مذکورہ کام مکمل نہ کرنے پر کاروائی کی جائیگی۔ واضح ہو کہ اس فور ٹریک راستے کا کام گذشتہ دیڑھ برس سے زیرِ التواء ہے۔
***** ***** ***** 
بی جے پی کی اتحادی جماعتوں کے وفدنے کل گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کے صدر اورمرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے نے اپیل کی کہ ریاست میں حکومت کے قیام کیلئے شیوسینا۔ بی جے پی کا ساتھ دے اور معاملے کو مزید نہ الجھائے۔ مذکورہ وفدنے گورنرسے یہ مطالبہ بھی کیا کہ بے موسم بارش سے متاثرہ کسانو ںکی دل کھول کرا مدادکی جائے۔
***** ***** ***** 
مراٹھواڑہ میں بے موسم بارش کے سبب ہونے والے فصلوں کے نقصان کا کل ہر ضلعے میں رابطہ وزیروں نے جائزہ لیا۔ اورنگ آباد ضلع کے رابطہ وزیر ایکناتھ شندے نے کل گنگاپور، خلدآباد، کنڑ، سلوڑ، پھلمبری اوراورنگ آباد تعلقے میں متاثرہ فصلوں کا جائزہ لیا۔
***** ***** ***** 
مراٹھواڑہ کے متعدد مقامات پر کل موسلا دھاربارش ہوئی۔ اورنگ آباد کے سلوڑ۔ سوئے گائوں تعلقہ جات میں سیلابی صورتحال رہی۔ ناندیڑ ضلع میں بجلی گرنے سے دو افراد کی موت ہوگئی۔ جالنہ ضلع کے بھوکردن۔ جعفرآباد روڈ پرواقع کیلنا ندی میں سیلاب آگیا، جس میں ایک شخص کے بہہ جانے کی اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی۔
***** ***** ***** 

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 31.05.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 31 May 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...