Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 02 June 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/ جون ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ ایس ٹی بس چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کے کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی وزیراعلیٰ کی ہدایت۔
٭ قانون ساز کونسل کی 17 نشستوں کیلئے امیدواری عریضے داخل کرنے کی مہلت ختم، تقریباً تمام سیاسی جماعتوں میں بغاوت۔
٭ IIT میں داخلوں کیلئے منعقدہ JEE ایڈوانسڈ امتحان میں لڑکوں نے حاصل کی برتری۔
٭ مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کے 2026 کے تصنیفاتی ایوارڈز کا اعلان۔
اور۔۔۔ ٭ آئندہ دو دنوں میں مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں قبل از مانسون بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کا ہدف سو فیصد بسوں کو ای-بسوں میں تبدیل کرنا ہے، ان بسوں کیلئے درکار چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت وزیرِ اعلی دیویندر پھڑنویس نے دی ہے۔ وہ گزشتہ روز ای بسوں کے حوالے سے ایس ٹی کارپوریشن کے اجلاس میں مخاطب تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ترقی یافتہ مہاراشٹر کے تحت، ایس ٹی کارپوریشن کے بسوں کے بیڑے کو 2029 تک 50 فیصد، 2035 تک 80 فیصد اور 2047 تک 100 فیصد ای بسوں میں تبدیل کرنے کا ہدف ہے۔ انھوں نے کہا کہ فی الحال ایس ٹی کارپوریشن کا پانچ ہزار ایک سو پچاس ای- بس کا اہم پروجیکٹ زیرِ عمل ہے۔
***** ***** *****
اسی دوران، ریاست کے تمام بس اسٹینڈ پر بیت الخلاء کی سہولیات اب مفت کر دی گئی ہیں۔ مسافروں کے ساتھ بس اسٹینڈ پر آنے والے شہریوں کو اس سہولت کیلئے کوئی فیس ادا نہیں کرنی ہوگی۔ اس فیصلے پر مسافروں کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
لاڈلی بہن اسکیم سے 80 لاکھ سے زیادہ استفادہ کنندگان کے نام مختلف وجوہات کی بناء پر خارج کردیئے گئے ہیں۔ بہبودیِ خواتین و اطفال محکمے کی وزیر آدیتی تٹکرے نے بتایا کہ ان ناموں کو ڈھائی لاکھ روپے سے زیادہ کی آمدنی، ای-کے وائی سی کی عدم تکمیل، خاندان کے کسی فرد کے نام پر گاڑی اور دیگر سرکاری اسکیمات کے فوائد کا حصول جیسی وجوہات کی بناء پر خارج کیا گیا ہے۔ انھوں نے اپیل کی کہ اگر اہل افراد کے فوائد کو روکاگیا ہے، یا دیگر اسکیمات کے فوائد کو بھی بند کر دیا گیا ہے، تو متعلقہ افراد فوری طور پر بہبودیِ خواتین محکمے سے رابطہ کریں۔ تٹکرے نے یقین دہانی کرائی کہ موصولہ تمام معاملات کی محکمے کی طرف سے دوبارہ تصدیق کی جائے گی۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کی 17 نشستوں کے دو سالہ انتخابات کیلئے امیدواری عریضے داخل کرنے کی مہلت کل ختم ہوگئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے اورنگ آباد-جالنہ حلقہ انتخاب کیلئے مہایوتی کی جانب سے سہاس شرساٹ اور مہاوکاس آگھاڑی سے دیویانی پاٹل ڈونگاؤنکر نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے۔ جبکہ سلوڑ نگر پریشد کے صدر بلدیہ سمیر عبدالستار نے بغاوت کرتے ہوئے آزاد امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
ناندیڑ قانون ساز کونسل نشست کیلئے کل آٹھ امیدواروں کی 17 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ان میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امرناتھ راجورکر نے مہایوتی سے اور رام داس پاٹل سُمٹھانکر نے کانگریس سے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
دھاراشیو-لاتور-بیڑ قانون ساز کونسل حلقے سے مہایوتی کے بسوراج پاٹل اور مہاوِکاس آگھاڑی کے مہیش دیشمکھ نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے۔ جبکہ دیگر چھ آزاد امیدواروں نے بھی اپنے امیدواری عریضے داخل کیے ہیں۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مہایوتی کے 17 میں سے 17 امیدوار منتخب ہونے کا یقین ظاہر کیاہے۔ جب ان سے مہایوتی میں بغاوت سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ مہایوتی کی حلیف جماعتیں اکٹھی ہوں گی اور باغی امیدواروں کی درخواستیں واپس لے لی جائیں گی۔ وزیرِ محصول اور بی جے پی رہنماء چندر شیکھر باونکولے نے بھی یقین ظاہر کیا ہے کہ مہایوتی میں کوئی انتشار نہیں ہے اور یوتی تمام 17 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ اس الیکشن کیلئے رائے دہی22 جون کو ہوگی اور اسی دن ووٹوں کی گنتی کی جائیگی۔
***** ***** *****
کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ تاہم‘ گھریلو استعمال کے گیس کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ممبئی میں 19 کلو کا کمرشیل سلنڈر ساڑھے 43 روپے مہنگا ہو گیا ہے اور اس کی قیمت تین ہزار 67 روپئے پچاس پیسے ہوچکی ہے۔ جبکہ پانچ کلو کے چھوٹے گیس سلنڈر کی قیمت میں 11 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
دریں اثناء، مرکزی حکومت نے پیٹرول، ڈیزل اور اے ٹی ایف یعنی ہوائی جہازوں کے ایندھن پر برآمداتی ٹیکس میں تخفیف کی ہے۔ پیٹرول کی برآمدات کے ونڈ فال گین پر عائد ٹیکس کو نصف کر کے ڈیڑھ روپئے فی لیٹر کیا گیا ہے، جبکہ ڈیزل پر ساڑھے تیرہ روپئے فی لیٹر اور اے ٹی ایف کا برآمداتی ٹیکس ساڑھے نو روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
معروف گلوکارہ سمن کلیان پور کے جسد ِ خاکی پر کل ممبئی میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ سمن کلیان پور کا گزشتہ روز انتقال ہوگیا تھا، وہ 89 برس کی تھیں۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے کل‘ NEET-UG-2026 کے دوبارہ امتحان کو موجودہ ”قلم اور کاغذ“ طریقے کے بجائے ”کمپیوٹر پر مبنی“ آن لائن طریقہئ کار سے کرانے کا مطالبہ کرنے والی ایک عرضی کو خارج کر دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی پہلے ہی متعدد مسائل کا سامنا کررہی ہے، اس لیے کمپیوٹر پر مبنی فارمیٹ میں دوبارہ امتحان کرانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اس معاملے کی اگلی سنوائی 27 جولائی کو ہوگی۔
***** ***** *****
لڑکوں نے IIT میں داخلے کیلئے منعقدہ JEE ایڈوانسڈ امتحان میں سبقت حاصل کی ہے۔ گزشتہ روز معلّنہ اس امتحان کے نتائج کے مطابق اس سال 56 ہزار 880 طلبہ داخلے کیلئے اہل قرار پائے ہیں‘ جن میں 46 ہزار 773 لڑکے اور 10 ہزار 107 طالبات شامل ہیں۔ دہلی ڈویژن کے شبھم کمار نے 360 میں سے 330 نشانات حاصل کرکے ملک میں سرِ فہرست مقام حاصل کیا‘ جبکہ دہلی ڈویژن کی ہی آروشی دیشپانڈے طالبات میں پہلے مقام پر رہیں اور اس نے 280 نشانات حاصل کرکے عام فہرست میں 77 واں مقام حاصل کیا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کے تحت 2026 کے تصنیفی ایوارڈز کا کل اعلان کیا گیا۔ پریشد کے صدر کوتک راؤ ٹھالے پاٹل اور ڈاکٹر دادا گورے نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں یہ اعلان کیا۔ ناندیڑ کے مصنف ڈاکٹر انوراگ شری کانت لہویکر کی تصنیف”پستکے: ساد آنی داد“ کو نرہر کرندکر ادبی ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ پرنسپل ایم. چٹنِس ادبی ایوارڈ کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈاکٹر شیو کدم کی کتاب ”چترپٹاچے شاستر- سنہتا تے سمکشا“کا انتخاب کیا گیا ہے۔ تھانے کے شکتیج دیسائی کی کہانیوں کے مجموعے ”شِیت پیٹی تُون جیوہا جاگ ییتے“ کو بی رگھوناتھ ناول ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا، جبکہ پربھنی کے ڈاکٹر صاحیب کھندارے کی کتاب ”مراٹھواڑہ امورت سنسکرتی سنچِت“ کو نریندر موہریر ادبی ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ مراٹھی کتب کے شعبے میں نمایاں کاموں کیلئے دیا جانے والا را. جَ. دیشمکھ یادگاری ایوارڈ کیلئے ممبئی کی اوما نابر کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ نقد رقم پر مشتمل یہ پانچ انعامات آئندہ 21 جون کو تفویض کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی نے مہنگائی کے خلاف کل ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہرے کیے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور مارکسسٹ کمیونسٹ پارٹی نے پیٹھن گیٹ علاقے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران ایران اور روس سے سستے داموں پر ایندھن خریدنے، کسانوں کی زرعی پیداوار کو ضمانتی قیمت دینے جیسے مطالبات کیے گئے۔
***** ***** *****
مختلف امبیڈکری سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی طرف سے کل ہنگولی میں ضلع کلکٹر دفتر سے ایک احتجاجی مورچہ نکالا گیا۔ تنظیموں کی طرف سے درجِ فہرست ذات کے زمرے میں ریزرویشن کی ذیلی زمرہ بندی کی مخالفت اور اس عمل کو فوری طور پر روکنے کے مطالبات پر مبنی محضر ضلع کلکٹر کو پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
لاتور شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں کل زوردار بارش ہوئی۔ گزشتہ دو دنوں سے ہونے والی قبل از مانسون اس بے موسمی بارش سے شہر اور دیہی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اسی دوران چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے خلد آباد سمیت دیگر کچھ علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت کل اکولہ میں 42 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس درج ہوا۔ مراٹھواڑہ کے پربھنی میں 40 اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیس، بیڑ میں 41 اعشاریہ دو ڈگری‘ چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھاراشیو میں اوسطاً درجہ حرارت 39 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ آئندہ دو دنوں میں ریاست کے مختلف مقامات پر زوردار ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ ایس ٹی بس چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کے کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی وزیراعلیٰ کی ہدایت۔
٭ قانون ساز کونسل کی 17 نشستوں کیلئے امیدواری عریضے داخل کرنے کی مہلت ختم، تقریباً تمام سیاسی جماعتوں میں بغاوت۔
٭ IIT میں داخلوں کیلئے منعقدہ JEE ایڈوانسڈ امتحان میں لڑکوں نے حاصل کی برتری۔
٭ مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کے 2026 کے تصنیفاتی ایوارڈز کا اعلان۔
اور۔۔۔ ٭ آئندہ دو دنوں میں مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں قبل از مانسون بارش کا امکان۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment