Wednesday, 5 July 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 05.07.2017, Time : 8.40 to 8.45 AM
 
 
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 05  July  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  : ۵؍ جولائی  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 سپریم کورٹ نے کل ایک اپنے اہم فیصلے میں مرکز کو ہدایت دی ہیکہ نوٹ بندی کے بعد چلن سے باہر کیے گئے پرانے کرنسی نوٹوں کو اگر کسی وجوہات کی بناء پر بدلا نہیں جاسکا ہے تو ایسے پرانے نوٹوں کو تبدیل کروانے کے لیے خصوصی انتظام کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے یہ ہدایت اُن عرضیوں پر سماعت کے دوران جاری کی جن میں پرانے نوٹ تبدیل کروانے کے لیے مزید مہلت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عدالت نے اس بارے میں مرکزی حکومت اور بھارتی ریزرو بینک سے دو ہفتوں میں جواب مانگا ہے۔ اس دوران مرکزی حکومت کے سالیسٹر جنرل رنجیت کمار نے عدالت میں اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ جو افراد واقعی کسی وجوہات کی بناء پر پرانے نوٹ جمع نہیں کرپائے ہیں اُنکے بارے میں غور کیا جائیگا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 اسرائیل نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کا تل ابیب پہنچنے پر زبردست خیرمقدم کیا ہے۔ مودی اسرائیل کا دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیرِ اعظم ہیں۔ اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو نے ہوائی اڈے پر ان کا زبردست خیرمقدم کیا۔ نیتن یاہو نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ملکوں کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور اسرائیل اس دورے کا تقریباً 70/ سال سے انتظار کررہا تھا۔ نیتن یاہو نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی کوئی حد نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل‘ بھارت کے میک اِن انڈیا پروگرام کے تئیں عہد بند ہے اور وہ بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے عوام کے درمیان طویل تاریخی رشتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انہیں یہ فخر حاصل ہے کہ وہ اسرائیل کا دورہ کرنیوالے پہلے بھارتی وزیرِ اعظم ہیں۔ مودی نے کہا کہ یہ دورہ دونوں معاشروں کے درمیان صدیوں سے جاری رشتے کا جشن ہے۔
 وزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ چیلنجوں کو موقعوں میں بدلنے کے تئیں عہد بستہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت ایک قدیم تہذیب ہے لیکن وہ 35/ سال سے کم عمر کے 80/ کروڑ نوجوانوں پر مشتمل ایک نوجوان ملک بھی ہے۔ بھارت میں باصلاحیت اور ہنر مند نوجوان اس کی طاقت ہیں جو بھارت کی کایا پلٹ کے میرے نظریے کے حصول میں مدد کررہے ہیں۔
 اس کے بعد وزیرِ اعظم مودی Yad Vesham گئے جو یہودیوں کے قتلِ عام کی اسرائیل کی سرکاری یادگار ہے۔ مودی آج تل ابیب میں بھارتی برادری سے خطاب کرینگے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 بھارتی انتخابی کمیشن نے نائب صدرِ جمہوریہ کے عہدے کے لیے انتخابات سے متعلق نوٹیفکیشن کل جاری کیا۔ نائب صدر کے عہدے کے لیے گذشتہ کل سے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے جو اٹھارہ جولائی تک جاری رہے گا۔ پانچ اگست کو نائب صدر کے عہدے کے لیے رائے دہی ہوگی اور اسی دن ووٹوں کی گنتی کا عمل بھی مکمل کیا جائیگا۔ موجودہ نائب صدر محمد حامد انصاری کی میعاد دس اگست کو مکمل ہورہی ہے۔
 اس بیچ اچل کمار جیوتی بھارت کے نئے چیف الیکشن کمشنر ہونگے۔ اچل کمار جیوتی چھ جولائی کو اپنی ذِمّہ داریاں سنبھالیں گے۔ جیوتی‘ موجودہ الیکشن کمشنر نسیم زیدی کی جگہ لیں گے جو آج سبکدوش ہورہے ہیں۔ جیوتی 1975بیچ کے IAS افسر ہیں جو جنوری 2013 میں گجرات کے چیف سیکریٹری کے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 لاء کمیشن نے شادیوںکے رجسٹریشن کو لازمی قرار دینے کا حکومت کو مشورہ دیا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ شادیوں کے رجسٹریشن کو لازمی قرار دینے سے شادیوں میں ہونے والی جعلسازی اور دھوکہ دہی پر لگام لگائی جاسکے گی۔ کمیشن نے مزید کہا کہ شادیوں سے انکار کرنے کے واقعات پر بھی رجسٹریشن کو لازمی قرار دینے سے روک لگائی جاسکتی ہے۔ کمیشن نے کہا کہ شادیوں کے رجسٹرڈ نہ ہونے سے خواتین کے ساتھ آسانی سے دھوکہ دہی کی جارہی ہے اور اس طرح کے معاملات غیر مقیم ہندوستانیوں میں بڑے پیمانے پر منظرِ عام پر آرہے ہیں۔ کمیشن کا کہنا ہیکہ شادیوں کے لازمی اندراج سے شادیوں کیلئے بنائے گئے قوانین پر عمل آوری ہوگی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 حیدرآباد میں واقع سینٹرل فارنسک تجربہ گاہ نے کل ممبئی ہائیکو رٹ کو بتایا کہ 2014ء میں ہوئے ودھان سبھا انتخابات کے دوران پونے ضلع کے دو رائے دہی مراکز پر استعمال ہوئی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں کسی طرح کی کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں پائی گئی۔ پرَوَتی حلقۂ انتخاب سے کانگریس امیدوار ابھئے چھاجیڑ نے اس ضمن میں عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ ان کا الزام تھا کہ EVM سے چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ اس معاملے کی سماعت کے دوران عدالت نے الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کی فارنسک تجربہ گاہ کے ذریعے جانچ کروانے کی ہدایت دی تھی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 ریاست کے وزیرِ تعلیم ونود تائوڑے نے کہا کہ حکومت زیادہ سے زیادہ طلبہ کو ہنرمندی سے متعلق کورسیز سکھا کر انہیں مختلف شعبوں میں خود کفیل بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ کل ممبئی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تائوڑے نے کہا کہ جس طرح پونے میونسپل کارپوریشن کے دس اسکولوں میں ہنرمندی کورسیز شروع کیے گئے ہیں، اسی طرح کے کورسیز ریاست بھر کے مختلف شہروں کے 200/ اسکولوں میں شروع کرنے کی کوشش جاری ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 مہاراشٹر میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے قائم کی گئی اپنی طرز کی پہلی ECO بٹالین کی شروعات ریاست کے جنگلات کے وزیر سدھیر منگنٹیوار کے ہاتھوں کل اورنگ آباد ضلع کے ابدی منڈی میں کی گئی۔ بھارتی فوج اور محکمہ جنگلات کی یہ مشترکہ بٹالین مراٹھواڑہ میں درختوں کی تعداد بڑھانے کے مقصد سے تشکیل دی گئی ہے۔ اس موقعے پر اپنے خطاب میں منگنیٹوار نے کہا کہ چار کروڑ درخت لگانے کی مہم اب عوامی تحریک بن چکی ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 11.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 11 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...