Friday, 7 July 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 07.07.2017, Time : 8.40 to 8.45 AM
 
 
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 07  July  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  : ۷؍ جولائی  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 تعلیم اور ملازمت کے حصول کے لیے جعلی کاسٹ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں کو پکڑے جانے پر ان کی نوکری اور ڈگری دونوں جاسکتی ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے کل اپنے ایک اہم فیصلے میں کہا کہ اس طرح کی جعل سازی کرنے والے شخص کو سزا بھی سنائی جاسکتی ہے۔ کل ایک مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ جعلی صداقت نامے پر نوکری حاصل کرنے والا شخص کتنے عرصے سے ملازمت کررہا ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ گذشتہ ماہ مرکزی وزیر جتندر سنگھ نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں اس سلسلے میں اعداد و شمار بھی پیش کیے تھے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 عدالت ِ عظمیٰ نے کہا ہے کہ کسانوں کی خودکشی کے مسئلے کا حل ایک ہی رات میں ممکن نہیں ۔ اس خصوص میں ایک درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس جے ایس کھیہر کی زیرِ صدارت بینچ نے کہا کہ فصل بیمہ اسکیم پر مؤثر عمل درآمد کیلئے حکومت کی جانب سے مانگی گئی ایک برس کی مدت سے وہ متفق ہیں اور اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال کی جانب سے کسانوں کیلئے مختلف فلاحی اسکیموں پر عمل درآمد کیلئے مانگی گئی مہلت کے مطالبے کو عدالت نے تسلیم کرلیا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات ایم وینکیّا نائیڈو نے دوردرشن کے علاقائی نیوز اکائی کو خبروں کے معیار پر توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ کل نئی دہلی میں منعقدہ علاقائی نیوز اکائیوں کے سربراہان کے ایک اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ علاقائی خبر رساں شعبے علاقائی زبانوں میں مقامی خبریں ملک کے کونے کونے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف کے ہاتھوں دوردرشن سماچار کی ویب سائٹ ڈی ڈی نیوز ڈاٹ جی او وی ڈاٹ اِن کا بھی افتتاح عمل میں آیا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 مراٹھواڑہ کے کسانوں نے کل ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کرکے کسانوں کو دی گئی قرض معافی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ 40/لاکھ کسانوں کے سات بارہ پر سے قرض کا بوجھ ختم کرنے‘ زرعی پیداوار میں اضافے اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کسانوں کو ضمانتی نرخ دینے اور ان کے مال کو مناسب منڈیاں مہیا کرنے کے لیے بھی کوشاںہیں۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 وزیرِ توانائی چندر شیکھر باون کوڑے نے محکمۂ بقائے آب کو حکم دیا ہے کہ لفٹ اریگیشن اسکیم کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے پروجیکٹ رپورٹ تیار کرکے بجلی ساز کمپنی کو روانہ کرے۔ وہ کل ناگپور ضلع میں آبپاشی کے مسائل سے متعلق منترالیہ میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ لفٹ اریگیشن اسکیم کو 24/ گھنٹے بجلی کی فراہمی کے مطالبے پر حکومت غور کررہی ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 ایک ہی قسم کی مہر بند اشیاء پر اب دوہری MRP نہیں چھاپی جاسکے گی۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومتوں کے مطالبے پر مرکزی حکومت کے محکمۂ تحفظِ صارفین نے اوزان و پیمائش کے قانون میں ترمیم کی ہے۔ جس کے بعد اب یکم جنوری 2018ء سے کسی بھی مہر بند شئے پر دو قیمتیں نہیں لکھی جاسکیں گی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 جعلی کاغذات کی بنیاد پر کسانوں کے نام سے 328/ کروڑ روپئے قرض حاصل کرنے کے معاملے میں گنگا کھیڑ شوگر انڈسٹریز کے سربراہ رتناکر گٹے سمیت بورڈ آف ڈائریکٹرز اور ملازمین کے خلاف پربھنی ضلع کے گنگا کھیڑ پولس تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان جعلی دستاویزات پر قرض دینے والی آندھرا بینک۔ یوکو بینک۔ بینک آف انڈیا۔ سنڈیکیٹ بینک اور رتناکر بینک کے افسران کے خلاف بھی شکایت درج کرلی گئی ہے۔ گنگا کھیڑ پولس کی ایک ٹیم نے اورنگ آباد میں واقع رتناکر گُٹّے کی رہائش گاہ پر انہیں نوٹس دیا اور آج پربھنی میں حاضر ہونے کا حکم دیا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 زرعی زمین کے تنازعے پر ایک شخص کو زندہ جلانے کے جرم میں اورنگ آباد ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ نے 4/ افراد کو عمر قید اور فی کس دس ہزار روپئے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ تقریباً 5/ برس قبل پیٹھن تعلقے کے لوہ گائوں میں ان مجرموں نے ڈاکٹر وٹھل لگھانے پر ڈیزل چھڑک کر آگ لگادی تھی۔ جس کے بعد وہ جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 لاتور اور اس کے اطراف و اکناف میں 15/ دن کے وقفے کے بعد کل شام تقریباً پون گھنٹہ زوردار بارش ہوئی۔ گذشتہ دو ہفتوں سے بارش نہ ہونے کے سبب کسان دوبارہ تخم ریزی کے خدشے سے پریشان تھے۔ لیکن کل کی بارش کے باعث انہیں کچھ راحت ملی ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری سیریز کا پانچواں اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ 8/ وکٹوں سے جیت کر بھارت نے سیریز میں 3-1 سے فتح حاصل کرلی ۔ کل جمائیکا میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت کو 206/ رنوں کا ہدف دیا۔ جو بھارت کی ٹیم نے 37/ ویں اوور میں صرف دو وکٹ کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 16.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 16 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...