Monday, 15 October 2018

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 15.10.2018 ,Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 15 October-2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۵؍اکتوبر  ۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مہاراشٹر کے آبی وسائل کے وزیر گریش مہاجن نے کہا ہیکہ ناسک ضلعے کے ڈیمس سے اورنگ آباد کے جائیکواڑی ڈیم میں پانی چھوڑنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ مہاجن کل ناسک میں اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ آج 15/ اکتوبر کے بعد باقی بچے آبی ذخیرے کا جائزہ لیا جائیگا اور اس کے بعد قوانین کے مطابق جائیکواڑی میں پانی چھوڑا جاسکتا ہے۔ گریش مہاجن نے مزید کہا کہ مراٹھواڑہ کے بیشتر ضلعوں میں اطمینان بخش بارش بھی نہیں ہوئی ہے جس کے بعد اس علاقے کی صورتحال کے مطابق ضروری فیصلہ لیا جائیگا۔
***** ***** *****  
 مراٹھا ریزرویشن کے معاملے پر بنائی گئی کمیٹی کی جانب سے 15/ نومبر تک رپورٹ موصول ہونے کے بعد ریزرویشن دینے کے بارے میں ریاستی اسمبلی میں قانون سازی کی جائیگی۔ محکمۂ تعمیراتِ عامہ کے وزیر چندرکانت پاٹل نے یہ بات کہی۔ پاٹل کے ہاتھوں کل ناسک میں ڈاکٹر پنجاب رائو دیشمکھ ہاسٹل کا افتتاح عمل میں آیا۔ یہ ہاسٹل مراٹھا سماج کے طلبہ کیلئے بنایا گیا ہے۔
 پاٹل نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت اس بات کا خاص خیال رکھے گی کہ مراٹھا سماج کو ریزرویشن فراہم کرنے کے معاملے میں کس طرح کی قانونی رکاوٹیں نہ کھڑی ہوں۔ پاٹل نے مزید کہا کہ مراٹھا سماج سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کیلئے ریاستی حکومت‘ انّا صاحب پاٹل کارپوریشن کے توسط سے دس لاکھ روپئوں تک کا قرض دے رہی ہے۔
***** ***** *****  
ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کے صدر اور سماجی انصاف کے مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے نے اعلان کیا ہیکہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخاب جنوب وسطی ممبئی حلقے سے لڑیں گے۔ کل پونے میں نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران آٹھولے نے مطالبہ کیا کہ جنوب وسطی ممبئی اور ساتارہ کی سیٹیں RPI کو دی جائیں۔
***** ***** *****  
بھارت کے سابق صدرِ جمہوریہ اور میزائیل تکنالوجی کے معروف سائنسداں بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی آج جینتی ہے۔ آج کے دِن کو مطالعہ کرنے کے دِن کے طور پر منایا جارہا ہے۔ اس ضمن میں آج سبھی تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر مطالعہ کیا جائیگا اور طلبہ کو مطالعے کی اہمیت سے واقف کروایا جائیگا۔
***** ***** *****  
چھترپتی شیواجی مہاراج شیتکری سنمان قرض معافی یوجنا ہر اَہل کسان کو قرض معافی ملنے تک جاری رہیگی اور حکومت اس بات کو یقینی بنائیگی کہ کوئی بھی اہل کسان اس یوجنا کے فائدوں سے محروم نہ رہے۔ مہاراشٹر کے اِمدادِ باہمی کے وزیر سبھاش دیشمکھ نے یہ بات کہی۔ عثمان آباد ضلع کے تلجاپور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیشمکھ نے کہا کہ بازار کمیٹیوں کو چاہیے کہ وہ کسانوں کو زرعی اشیاء کیلئے حکومت کی جانب سے طئے کردہ بنیادی قیمتوں کے مطابق ہی ادائیگی کریں۔ دیشمکھ نے کل پرانڈا تعلقے میں قحط کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ انھوں نے کھاس گائوں میں فصلوں کا معائنہ کرنے کے بعد کسانوں سے بات چیت بھی کی۔
***** ***** *****  
اورنگ آباد ہسٹری سوسائٹی کی جانب سے کل شہر کی تاریخی شاہ نور میاں درگاہ پر ہیرٹیج والک کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ماہرینِ تاریخ نے شاہ نور میاں درگاہ اور اُسکی تاریخی اہمیت سے لوگوں کو واقف کروایا۔ ہیرٹیج والک میں طلبہ‘ شہریان اور تاریخ میں دلچسپی رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****  
آیشمان بھارت اور مہاتما پھلے جن آروگیہ صحت منصوبے کے تحت علاج و معالجہ مفت ہونے کے باوجود کولہاپور میں کچھ دواخانوں کی جانب سے مریضوں سے رقم وصول کیے جانے کی بات منظرِ عام پر آئی ہے۔ اس کے فوری بعد سرکار نے حرکت میں آتے ہوئے اِن دواخانوں کو مذکورہ منصوبوں سے الگ کردیاہے۔ کولہاپور ضلعے کے 34/ دواخانوں پر دلّی اور ممبئی کے افسروں کی جانب سے چھاپے ماری کی گئی تھی، جس کے بعد یہ معاملہ منظرِ عام پر آیا تھا۔ کولہاپور کے بیشتر دواخانوں کی جانب سے مختلف وجوہات بتاکر مریضوں سے رقم لینے کی شکایتیں موصول ہونے کے بعد یہ کاروائی کی گئی ۔
***** ***** *****  
 بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان حیدرآباد میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ مقابلہ بھارت نے دس وکٹوں سے جیت لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارت نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی 2-0 سے اپنے نام کرلی ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے پہلی اننگز میں 367/ رن بناتے ہوئے 56/ رنوں کی سبقت حاصل کرلی تھی۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں محض 127/ رن ہی بناسکی۔ بھارت نے دوسری اننگز میں میچ جیتنے کیلئے درکار 72/ رنوں کا نشانہ سترہویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ اُمیش یادو نے چار‘ روی چندر اشون نے دو اور رویندر جڈیجہ نے تین وکٹ حاصل کیے‘ جبکہ کلدیپ یادو نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
 ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں کُل دس وکٹ لینے والے اُمیش یادو کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ وہیں اپنے پہلے مقابلے میں سنچری بنانے والے پُرتھوی شاء کو مین آف دی سیریز انعام دیا گیا۔
***** ***** *****  
نیدر لینڈ میں منعقدہ ڈَچ اوپن بیڈمنٹن چمپئن شپ بھارت کے سوربھ وَرما نے جیت لی ہے۔ فائنل مقابلے میں سوربھ نے ملیشیاء کے ’’جُون وئیے چِم‘‘ کو 21-19 اور 21-13 کے دو سیدھے سیٹوں میں شکست دی۔ سوربھ کا یہ چھٹا بین الاقوامی اور رواں سیزن کا دوسرا خطاب ہے۔ سوربھ نے اسی سال رَشین اوپن بیڈ منٹن چمپئن شپ بھی جیتی ہے۔
***** ***** *****   

No comments:

Text-आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 23.08.2025 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 23 August 2025 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्...