Wednesday, 17 October 2018

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 17.10.2018 ,Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 17 October-2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۷؍اکتوبر  ۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مہاراشٹر کابینہ نے وزیرِ اعلیٰ شمسی زرعی پمپ منصوبے کے تحت اگلے تین سالوں میں ریاست میں ایک لاکھ زرعی پمپ نصب کرنے کے فیصلے کو منظوری دی ہے۔ کل ہوئے کابینی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اُمید کی جارہی ہے کہ شمسی توانائی سے چلنے والے زرعی پمپ نصب کرنے سے بجلی فراہم کرنے والی کمپنی مہاوترن کا بوجھ کم ہوگا۔ اس فیصلے کے مطابق عام زمرے سے تعلق رکھنے والے افراد کو پمپ کی قیمت کا دس فیصد جبکہ درجِ فہرست ذاتوں اور جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو پانچ فیصد رقم ادا کرنی ہوگی۔ باقی رقم ریاستی حکومت ادا کریگی۔ اس منصوبے کے تحت پانچ ایکڑ رقبے تک زرعی زمین کے حامل کسانوں کو تین ہارس پاور کے اور پانچ ایکڑ رقبے سے زیادہ زرعی زمین رکھنے والے کسانوں کو پانچ ہارس پاور کے پمپ فراہم کیے جائیں گے۔ منصوبے پر عمل آوری مہاوترن کے ذریعے ہوگی اور ضلع کلکٹر کی صدارت والی کمیٹی مستحقین کا انتخاب کریگی۔
***** ***** *****  
 مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہیکہ ریاستی حکومت کے محکمۂ توانائی نے عوامی بہبود کے تین نئے منصوبوں کی شروعات کی ہے جن سے کسانوں اور عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ ممبئی میں کل پھڑنویس کے ہاتھوں شمسی توانائی پروجیکٹ‘ وہیکل چارجنگ اسٹیشن اور کسانوں کو زرعی پمپ کیلئے نئے ہائی ٹینشن نظامِ تقسیم منصوبوں کا افتتاح عمل میں آیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیرِ توانائی چندر شیکھر باون کُڑے نے تیقن دیا کہ وزیرِ اعلیٰ شمسی زرعی لائن ہر اس کسانوں کو فراہم کی جائیگی جو اس کا مطالبہ کریگا۔
***** ***** *****  
مہاراشٹر حکومت نے ریاستی حکومت کے ملازمین کے مہنگائی بھتے میں تین فیصد کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد مہنگائی بھتہ 139% سے بڑھ کر 142% ہوجائیگا۔ اس اضافے کو ایک جنوری 2018 سے نافذالعمل سمجھا جائیگا۔ اس بارے میں جاری سرکاری حکمنامے میں کہا گیا ہیکہ ایک جنوری سے 30/ ستمبر ان 9/ مہینوں کی واجب الادا رقم الگ سے دی جائیگی جبکہ ایک اکتوبر سے یہ اضافی رقم نقد کی شکل میں دی جائیگی۔
***** ***** *****  
دوسری جانب مرکزی حکومت نے بھی جنرل پرویڈنٹ فنڈ یعنی GPF پر ملنے والی شرحِ سود میں 0.4% کا اضافہ کیا ہے۔ یہ شرح اب 7.6% سے بڑھ کر 8% کردی گئی ہے۔ مرکزی حکومت کے ملازمین‘ ریلوے ملازمین اور محکمۂ دفاع میں برسرِ ملازمت افراد کو اس کا فائدہ پہنچے گا۔
***** ***** *****  
لاتور شہر کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے اُجنی ڈیم سے 25/ ٹی ایم سی پانی فراہم کرنے کی تجویز تیار کرنے کی ہدایت مہاراشٹر کے گورنر سی ودّیا ساگر رائو نے دی ہے۔ مراٹھواڑہ ترقیاتی کارپوریشن کے صدر ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کل لاتور میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کے دوران یہ اطلاع دی۔ مراٹھواڑہ ترقیاتی کارپوریشن کی میٹنگ میں کل پہلی مرتبہ گورنر کی موجودگی میں لاتور میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں جالنہ‘ پربھنی اور عثمان آباد ضلعوں میں سرکاری میڈیکل کالج شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ڈاکٹر کراڑ نے بتایا کہ میٹنگ میں مراٹھواڑہ کے ہر شہر میں شمسی توانائی کے استعمال کیلئے ’’سولار پارک‘‘ قائم کرنے پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
***** ***** *****  
مہاراشٹر کے گورنر سی ودّیا ساگر رائو نے کہا ہیکہ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں ہنر مندی پر مرکوز تعلیم دی جانی چاہیے۔ گورنر کل لاتور کے راجرشی شاہو کالج میں ’’اعلیٰ تعلیم کے نئے پہلو‘‘ عنوان سے منعقدہ قومی سطح کے سمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ نظامِ تعلیم بھارتی تہذیب اور ثقافت سے مربوط ہونا چاہیے۔ اس بیچ گورنر نے کل لاتور کے ویویکانند کینسر اسپتال کا بھی دورہ کیا اور اسپتال میں موجود جدید آلات اور تکنالوجی کا معائنہ کیا۔
***** ***** *****  
 گنگا اور جمنا کے سنگم پر واقع بھارت کے دوسرے قدیم ترین شہر الٰہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج کردیا گیا ہے۔ تاریخ کے مطابق الٰہ آباد کا نام پہلے پریاگ راج تھا جسے مغل بادشاہ اکبر نے سن 1583ء میں الٰہ آباد کردیا تھا۔ اُتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی سربراہی میں منعقدہ کابینی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ ریلوے اور دیگر اداروں کو بھی اس تبدیلی سے واقف کروایا جارہا ہے۔
***** ***** *****  
 عثمان آباد ضلعے کے پانچ تعلقوں عثمان آباد‘ تلجا پور‘ کلمب‘ پرانڈا اور واشی کو قحط زدہ تعلقوں کی نئی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے صرف ایک تعلقہ لوہارا اس فہرست میں شامل تھا۔ واضح ہو کہ بارش نہ ہونے سے ان تعلقوں میں قلّت زدہ صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور اب اس فہرست میں ان تعلقوں کی شمولیت کے بعد ریاستی حکومت ترجیحی بنیادوں پر یہاں کام کریگی۔ اس بارے میں جاری مکتوب میں کہا گیا ہیکہ عثمان آباد ضلعے کے دیگر تعلقوں عمرگہ اور بھوم میں بھی ریاستی حکومت ضروری اقدامات کریگی۔
***** ***** *****  
 مہاراشٹر حکومت کے مہاتما پھلے زندگی بخش صحت منصوبے کے CEO ڈاکٹر سدھاکر شندے کے عملے نے کولہا پور اور اچل کرنجی شہروں کے پرائیویٹ اسپتالوں کے خلاف کاروائی کی ۔ کولہا پور ضلعے میں اس منصوبے میں جاری بے ضابطگیوں کی بڑے پیمانے پر شکایتیں موصول ہونے کے بعد گذشتہ چار دنوں سے کاروائی جاری ہے۔ اس کے تحت کولہاپور شہر کے چار اسپتال کا جیون دائی رجسٹریشن منسوخ کردیا گیا ہے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ گیارہ دیگر اسپتالوںپر بھی معطلی کی فوری کاروائی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال گھاٹی کے رہائشی ڈاکٹروں نے گذشتہ دو دنوں سے جاری اپنی کام بند ہڑتال کل رات ختم کردی۔ رہائشی ڈاکٹروں کی تنظیم ’’مارڈ‘‘ اور انتظامیہ کے درمیان ہوئی بات چیت کے بعد ڈاکٹروں کی حفاظت کا تیقن دیا گیا جس کے بعد ہڑتال ختم ہوئی۔
***** ***** *****     
اورنگ آباد کے قریب واقع پڑے گائوں علاقے میں کل ایک کار اور ٹووہیلر کے درمیان پیش آئے حادثے میں ٹووہیلر پر سوار دو نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ یہ حادثہ کل شام پیش آیا۔
***** ***** *****   

No comments: