Thursday, 14 February 2019

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 14.02.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 14 february - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۴؍فروری  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس کل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ لوک سبھا میں وزیرِ اعظم نریندر مودی سمیت متعدد سیاسی جماعتوں کے اراکین نے اپنی اختتامی تقریر میں پارلیمنٹ کی کاروائی گذشتہ پانچ برسوں میں خوش اسلوبی سے چلانے پر اسپیکر سمترا مہاجن کا شکریہ ادا کیا۔ وہیں مہاجن نے بھی ایوان کی کاروائی میں تعاون کے لیے اراکین سے احسان مندی کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے سولہویں لوک سبھا میں اشیاء و خدمات ٹیکس GST‘ کھلے زمرے میں معاشی طور پر پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن‘ درجِ فہرست ذاتوں اور قبائل پر ظلم مخالف قانون سمیت دیگر کئی فیصلوں کا جائزہ لیا اور چودہ سو فرسودہ قوانین کو منسوخ کرنے پر اراکین کی تعریف کی۔
دریں اثناء کل آخری دن راجیہ سبھا میں عبوری بجٹ‘ شخصی قانون ترمیمی بل اور اقتصادی بل کو بغیر بحث کے منظوری دی گئی۔ چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے بتایا کہ رواں سیشن میں صرف 4.9/ فیصد ہی کام کاج ہوا، جس میں تین بلوں کو منظور کیا گیا، جبکہ صرف چھ بل پیش کیے جاسکے۔ لوک سبھا میں کل غیر منظم ڈپازٹ اسکیم تحفظ بل 2018ء منظور کیا گیا۔ مرکزی وزیرِ خزانہ پیوش گوئل نے کہا کہ غیر منظم شعبے میں کام اور مختلف اسکیموں میں چھوٹے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے والوں کو اس قانون سے تحفظ فراہم ہوگا۔ وزیرِ موصوف نے مزید کہا کہ غیر قانونی طریقوں سے پیسے جمع کرنے والی اسکیموں پر پابندی عائد کرنے کی گنجائش اس بل میں ہے۔ وہیں لوک سبھا میں کل جلیان والا باغ قومی یادگار ترمیمی بل 2018ء کو بھی منظوری دی گئی، جسے شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے لایا گیا۔ تاہم کانگریس اراکین نے بل کی مخالفت کی اور ایوان سے واک آئوٹ کیا۔
***** ***** *****
 بھارتی فضائیہ کی کارکردگی سے متعلق Comptroler & Auditor Genral (CAG)  کی رپورٹ بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کی گئی۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ قومی جمہوری محاذ حکومت کی جانب سے کیے گئے رافیل طیارہ سودے کی قیمت گذشتہ حکومت کے دور میں کیے گئے سودے کے مقابلے میں 2.86/ فیصد کم ہے۔
***** ***** *****
 وزیرِ اعظم کسان سمان اسکیم کے تحت ضرورتمند کسانوں کو دی جانے والی امداد کی تینوں قسطیں عام انتخابات سے قبل ان کے کھاتوں میں منتقل کرنے کا منصوبہ حکومت کے زیرِ غور ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے مرکزی وزارتِ زراعت کے حوالے سے یہ خبر دی ہے۔
***** ***** *****
بھیما کورے گائوں تشدد معاملے میں سپریم کورٹ نے کل ممبئی ہائیکورٹ کے ذریعے پولس کی جانب سے چارج شیٹ داخل کرنے کی مدت میں توسیع کے مطالبے کو مسترد کیے جانے کو منسوخ کردیا۔ تاہم عدالت نے وضاحت کی کہ اس معاملے میں ملزمین‘ حقوقِ انسانی کے 5 کارکنان باقاعدہ ضمانت کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
***** ***** *****
توہم پرستی مخالف کمیٹی کے صدر ڈاکٹر نریندر دابھولکر قتل معاملے میں مرکزی جانچ ایجنسی CBI نے کل مشتبہ حملہ آور سچن اُندرے اور شرد کڑسکر کیخلاف خصوصی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔ CBI نے کہا ہے کہ اس قتل میں استعمال شدہ پستول اور موٹر سائیکل کی تلاش ہنوز جاری ہے۔
***** ***** *****
 امدادِ باہمی اور مارکیٹنگ کے ریاستی وزیر سبھاش دیشمکھ نے کہا کہ اٹل مہا پڑن ترقی مہم کے تحت شہری علاقوں میں واقع تعمیراتی امدادِ اہمی سوسائٹیز میں Copshop اسکیم شروع کی گئی ہے۔ وزیرِ موصوف نے کسانوں کی امدادِ باہمی تنظیموں‘ کسانوں کی پیداواری کمپنیوں اور خواتین بچت گروپوں سے اس اسکیم میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ دیشمکھ کل منترالیہ میں اس سلسلے کے جائزاتی اجلاس سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں کسانوں کے لیے بازار کی دستیابی اور گاہکوں کے لیے راست قیمت میں تازہ زرعی پیداوار اناج‘ پھل اور سبزیاں وغیرہ کی فراہمی کے لیے Copshop اسکیم شروع کی گئی ہے۔
***** ***** *****
 ریاستی حکومت کی جانب سے دئیے جانے والے شیوچھترپتی ریاستی کھیل ایوارڈس کا کل اعلان کیا گیا۔ ریاستی وزیرِ کھیل ونود تائوڑے نے کل ممبئی میں صحافیوں کو بتایا کہ آئندہ 17/ تاریخ کو گورنر سی ودّیا ساگررائو کے ہاتھوں ممبئی میں یہ انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ کھیل کی ایک قسم ملکھانب میں بہترین کارکردگی کے لیے اُدئے دیشپانڈے کو 2017-18 لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دئیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے‘ جبکہ Stunt کھیل انعام کے لیے پرینکا موہیتے کا نام ظاہر کیا گیا ہے۔ بہترین کوچ ایوارڈ کے لیے 15/ افراد کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف کھیل انعامات کیلئے 6/ معذورین سمیت 37/ کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
 راشٹروادی یوتھ کانگریس نے کل ریاست کے مختلف مقامات پر حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ لاتور میں پارٹی ضلع صدر چندن پاٹل ناگراڑکر کے زیرِ قیادت احتجاج کیا گیا اوراس خصوص میں ضلع کلکٹر کو محضر پیش کیا گیا۔ پربھنی میں بھی اس سلسلے میں کلکٹر دفتر پر جلوس نکالا گیا اور محضر پیش کیا گیا۔ عثمان آباد میں ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو بھجیئے تل کر حکومت کی مذمت کی گئی۔ وہیں دھولیہ راشٹروادی یوتھ کانگریس کی جانب سے سابق رکنِ اسمبلی راج وردھن کدم بانڈے کی زیرِ قیادت ضلع کلکٹر دفتر پر جلوس نکالا گیا۔
***** ***** *****
لاتور۔ ناندیڑ شاہراہ پر گھونی گائوں کے قریب فرائض کی انجام دہی کے دوران پولس نائیک ناگیش چودھری کو کل ایک ٹرک نے ٹکر دی۔ جس سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ ٹیمپو ڈرائیور کو قصداً واردات انجام دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی۔
***** ***** ***** 

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 04.07.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 04 July 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत्...