Friday, 15 February 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 15.02.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 15 february - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۵؍فروری  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلعے کے اَونتی پورہ میں دہشت گردوں کی جانب سے CRPF کے قافلے پر کیے گئے حملے میں CRPF کے 43/ جوان شہید ہوگئے ہیں۔ یہ حملہ کل سہ پہر اُس وقت ہوا جب CRPF کے ڈیڑھ ہزار سے زیادہ جوان 78/ گاڑیوں کے ذریعے جموں سے سرینگر جارہے تھے۔ اُسی وقت عادل احمد نامی دہشت گرد نے دھماکہ خیز مادّوں سے بھری کار‘ CRPF قافلے میں گھسا دی جس کے بعد زبردست دھماکہ ہوا۔ حملے میں کئی CRPF اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں فوج کے اسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے۔ پاکستان کی زیرِ سرپرستی چلنے والی دہشت گرد تنظیم جیش ِ محمد نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
 صدرِ جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند‘ نائب صدرِ جمہوریہ وینکیا نائیڈو اور وزیرِ اعظم نریندر مودی سمیت اہم شخصیات نے اس حملے کی بھرپور مذمت کی۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال نے کل حملے کے بعد ہنگامی میٹنگ کی اور صورتحال کاجائزہ لیا۔ وہیں مرکزی وزیرِ داخلہ راجناتھ سنگھ آج پلوامہ جارہے ہیں۔ اس بیچ کشمیر میں کل CRPF اہلکاروں پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی عالمی سطح پر بھی مذمت کی گئی۔ امریکہ، روس اور فرانس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہیکہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کی لڑائی میں بھارت کے ساتھ ہیں۔ وہیں نیپال‘ بنگلہ دیش‘ بھوٹان‘ سری لنکا اور مالدیپ جیسے پڑوسی ممالک نے بھی دہشت گردی سے مل کر لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے شکر کی کم از کم بنیادی قیمت میں دو روپئے فی کلو کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شکر کارخانوں سے ملک بھر کے گنا اُگانے والے کسانوں کی واجب الادا رقم دلوانا ہے۔ اس فیصلے کے بعد شکر کی فروخت 31/ روپئے فی کلو ہوگی۔ اناج کی مرکزی وزارت نے کہا ہیکہ شکر کارخانے اب کھلے بازار میں شکر کو 31/ روپئے فی کلو سے کم نرخ پر فروخت نہ کریں۔ PTI کی خبر میں کہا گیا ہیکہ جنوری مہینے کے آخر تک شکر کارخانوں کی جانب سے گنا اُگانے والے کسانوں کو دی جانے والی واجب الادا رقم بیس ہزار کروڑ روپئوں تک جا پہنچی ہے۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کی اس درخواست کو نامنظور کردیا ہے جس میں اینران دابھول پروجیکٹ سے متعلق مقدمے کو بند کرنے کی گذارش کی گئی تھی۔ اس کمپنی کے ساتھ اُس وقت کے ریاستی بجلی کارپوریشن کے ذریعے کیے گئے سودے میں ہوئی بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے سینٹر فار انڈین ٹریڈ یونین (سیٹو) نے 1997ء میں ممبئی ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ کل اس معاملے پر ہوئی سماعت کے دوران ریاستی حکومت نے الزامات پر ہوئی کاروائی اور اینرون دابھول کے بجائے رتناگیری گیس اینڈ پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کی تبدیلی کا حوالہ دیتے ہوئے مقدمہ بند کرنے کی درخواست کی۔ تاہم سپریم کورٹ نے اسے ماننے سے انکار کردیا۔ معاملے کی اگلی سنوائی 13/ مارچ کو ہوگی۔
***** ***** *****
 سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسیس CBDT کے صدر سشیل چندرا کو انتخابی کمشنر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمیشن مکمل ہوگیا ہے جہاں سنیل اروڑا چیف الیکشن کمشنر ہیں اور اب اشوک لواسا اور سشیل چندرا دونوں الیکشن کمشنر ہونگے۔
***** ***** *****
انتخابات کے دوران خبروں کی نشریات کے وقت ملک کی سیاسی‘ ثقافتی اور لسانی کثرت سے واقف رہنے کی اپیل پرسار بھارتی کے صدر اے سوریہ پرکاش نے کی ہے۔ آنے والے لوک سبھا انتخابات کے تناظر میں کل نئی دلّی میں آکاشوانی اور دُوردرشن کے خبروں کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے دو روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی۔ سوریہ پرکاش نے ’’پیڈ نیوز‘‘ کے خطرے سے محتاط رہنے کی اپیل بھی کی۔ اس اجلاس میں آکاشوانی اور دُوردرشن کی ملک بھر کی علاقائی نیوز اکائیوں کے افسران اور صحافی حصہ لے رہے ہیں۔
***** ***** *****
 سماجی خدمتگار انا ہزارے کی طبیعت ناساز ہونے کے بعد انہیں کل احمد نگر شہر کے خانگی اسپتال میں بھرتی کیا گیا۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ انا ہزارے کو کم از کم دو دنوں تک اسپتال میں رہنا ہوگا۔ خبر میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں انا ہزارے کی جانب سے کی گئی بھوک ہڑتال کی وجہ سے اُن کے وزن میں کمی ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
 مرکزی تعلیمی بورڈ‘ CBSE کے بارہویں جماعت کے امتحانات آج سے شروع ہورہے ہیں۔ یہ امتحانات 3/ اپریل تک چلیں گے۔ CBSE کے دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز 21/ فروری سے ہوگا جو 29 / مارچ کو ختم ہونگے۔
***** ***** *****
بلڈانہ ضلعے کی دیول گائوں راجہ نگر پریشد کی نئی عمارت کاافتتاح کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت دیول گائوں راجہ کی ہمہ جہت ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ اس عمارت کی تعمیر پر تین کروڑ بیس لاکھ روپئے خرچ ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
 اورنگ آباد ضلعے کی ثقافتی وراثت اور تاریخی عمارتوں پر مبنی اور پسِ منظر میں قومی ترانہ پر فلمائی گئی ویڈیو کو کل اورنگ آبادمیں ریلیز کیا گیا۔ اس موقع پر بھارتی محکمہ آثارِ قدیمہ کے سبکدوش ڈائریکٹر پدم شری کے کے محمد موجود تھے۔ کے کے محمد نے چنبل گھاٹی کے بٹیشور میں قدیم مندروں کی دوبارہ تعمیر کے واقعات سے حاضرین کو واقف کروایا۔ تقریب میں اورنگ آباد محکمہ آثارِ قدیمہ کے افسر ڈاکٹر شیوکانت واجپائی کے ذریعے بچوں کیلئے بی بی کے مقبرے پر بنائی گئی کامکس کا اجراء بھی عمل میں آیا۔
***** ***** ****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 03.07.2025 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 03 July 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...