Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 24 July 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۴ ؍جولائی ۲۰۱۹ئ
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
Date: 24 July 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۴ ؍جولائی ۲۰۱۹ئ
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
ریاستی کا بینہ نے کل مراٹھواڑہ واٹر گریڈ کے تحت اورنگ آباد اور جالنہ اضلاع کے لیے پائپ لائن ‘ پانی صاف کرنے کے نظام اور مختلف مقا مات پر بوسٹر پمپ نصب کرنے کی 4؍ہزار293؍ کروڑ روپیوں کی تجویز کو منظوری دی ہے۔ مراٹھوارہ میں خشک سالی پر قا بو پا نے کے لیے جا ری واٹر گریڈ منصوبے کے لیے اسرائیل کی میکروٹ ڈیولپمنٹ اینڈ اِنٹرپرائزیس نا می کمپنی ریاستی حکو مت کو فروری2020 تک 6؍ مراحل میں مختلف رپورٹس پیش کرے گی جس میں اورنگ آباد ضلع کے لیے 737؍ کلو میٹر اور جالنہ کے لیے 458؍ کلو میٹر پائپ لائن کی تجویز ہے۔ اِس کے لیے ہائبریڈ نیویگیشن کی بنیاد پر ٹینڈر جا ری کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاستی کا بینہ نے کل ’’چو لھے سے پاک ‘دھوئیں سے پاک‘‘ مہم کے تحت اُن خاندانوں کو گیس کنکشن فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جومرکزی حکو مت کی اُجولا اسکیم سے محروم ہیں۔رواں مالی سال میں اِس اسکیم کے لیے100؍ کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ کسا نوں کی خود کشی سے متاثرہ 14؍ اضلاع میں اِس اسکیم پر خصو صی طور پر عمل در آمد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاستی کا بینہ نے کل میونسپل کارپوریشن ‘ نگر پریشدوں اور نگر پنچا یتوں کے ملازمین کے لیے ساتویں اُجرتی کمیشن کی سفارشات کے نفاد کا فیصلہ کی ۔ اِس فیصلے سے ممبئی میونسپل کار پوریشن کے علاوہ ریاست کی دیگر میونسپل کار پوریشنس‘ نگر پریشدوں اور نگر پنچا یتوں کے افسران و ملازمین کے ساتھ ساتھ وظیفہ یاب ملازمین کو بھی فائدہ ہو گا۔ یکم ستمبر سے اِس فیصلے پر عمل در آمد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
کرنا ٹک میں کل کمار سوامی حکو مت اعتماد کا ووٹ حاصل کر نے میں نا کا م رہی۔ اسمبلی میں 2؍ دنوں سے جاری بحث کے بعد کل وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے اکثر یت ثابت کرنے کے لیے رائے دہی کی تجویز پیش کی جس میں حکو مت کے حق میں 99؍ جبکہ مخالفت میں 105؍ ووٹ ڈالے گئے۔ اکثر یت ثابت کر نے میں نا کام رہنے پر وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے گور نر وجو بھائی والا کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔ اِسی دوران بی جے پی کے ریاستی قائد ایس یدی یو رپّا نے بھی گور نر سے ملا قات کی اور نئی حکو مت کے قیام کے لیے اپنا دعویٰ پیش کیا۔
***** ***** *****
امریکی صدر ڈو نالڈ ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر پر دیئے گئے بیان پر کل پارلیمنٹ کے دو نوں ایوانوں میں زبر دست ہنگا مہ آرائی ہوئی۔ کانگریس سمیت حزب اختلاف کے اراکین نے کل وزیر اعظم نریندر مودی سے اِس معاملے میں ذاتی طور پر بیان دینے کا مطالبہ کیا اور دو نوں ایوانوں سے واک آئوٹ کیا۔
دریں اثناء وزیر خار جہ ایس جئے شنکر نے پارلیمنٹ کے دو نوں ایوانوں میں ٹرمپ کے بیان کے پس منظر میں بتا یا کہ وزیر اعظم نے کشمیر مسئلے کے حل کے لیے امریکہ سے کبھی بھی ثالثی کی در خواست نہیں کی تھی ۔اُنھوں نے پارلیمنٹ کو مزید بتا یا کہ بھارت اِس مسئلے پر پا کستان سے راست بات چیت کرے گا ۔ تا ہم اِس کے لیے پاکستان کی جانب سے دہشت گردی بند کی جا نی چا ہیے۔
***** ***** *****
ریاست کے قبائلی تر قی کے وزیر پروفیسر ڈاکٹر اشوک اُئیکے نے محکمہ قبائلی تر قی کے تحت چلائے جانے والے آشرم اسکولوں کے تدریسی اور غیر تدریسی ملازمین کے دیرینہ مطالبات کو فوقیت دے کر حل کر نے کا تیقن دیا ہے۔ اِس خصوص میں کل منترا لیہ میں جائزہ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقعے پر اپنے خطاب میں وزیر موصوف نے کہا کہ امداد یا فتہ آشرم اسکو لوں کے ملازمین کے لیے ساتویں اُجرتی کمیشن کے مطابق تنخواہوں میں تر میم کی تجویز وزارت ِ خزا نہ کو اِرسال کی گئی ہے جس پر جلد ہی فیصلہ متوقع ہے۔
***** ***** *****
مجاہد آزادی لوک ما نیہ بال گنگا دھر تلک کی 163؍ ویں سالگرہ کے موقعے پر کل ریاست بھر میں اُنھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ وِدھان بھون میں اسمبلی اسپیکر ہری بھائو باگڑے اور منترا لیہ میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑ نویس نے لوک ما نیہ تلک کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کیئے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر میں مختلف سماجی مسائل پر عوامی بیداری کے لیے آئندہ27؍ جولائی ساڑھے سات بجے شب‘ ’’رن فار اورنگ آباد ‘‘پرو گرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ شہر پولس کمشنر چِرنجیوی پر ساد نے صحیفہ نگاروں کو کل یہ اطلاع دی۔ اِس پروگرام میں حصہ لینے کے لیے
www.runforaurangabad.comاِس ویب سائٹ پر نام درج کر نے کی اُنھوں نے عوام سے اپیل کی۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے سماجی فلاح و بہبود افسر شیو انند مِنگرے اور اُدگیر میں واقع اہلیا دیوی فروغِ تعلیم بورڈ کے اُما کانت تپشالے کو کل پولس نے سات لاکھ روپئے رشوت قبول کر تے ہوئے گرفتار کر لیا۔ کھلاری میں واقع معذوروں کے اسکول ملازمین کی بقا یہ تنخواہ ادا کرنے کے لیے یہ رشوت طلب کی گئی تھی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment