Wednesday, 6 November 2019



Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 06.11.2019, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 06 November-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۶؍ نومبر  ۲۰۱۹؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا ہے کہ ریاست میںوزیرِ اعلیٰ کے عہدے سمیت اقتدار میں مساوی شراکت سے متعلق شوسینا کی جانب سے ہنوز کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی اور اگر اس طرح کی تجویز موصول ہوتی ہے تو اُس پر غور کیا جائیگا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی سرکاری رہائش گا ہ پر کل بی جے پی قائدین کے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر چندر کانت پاٹل نے بتایا کہ دیویندر پھڑنویس‘ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کے قائد منتخب ہوچکے ہیں اور پارٹی کی مرکزی قیادت نے بھی وزارتِ اعلیٰ کے عہدے کیلئے پھڑنویس کے نام کی توثیق کردی ہے۔ اس لیے اب ان کی زیرِ قیادت ریاست میں شیوسینا۔ بی جے پی اتحاد کی حکومت عنقریب قائم ہوگی۔
دریں اثناء شیوسینا رہنما سنجے رائوت نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی پہلے ہی یہ مؤقف اختیار کرتی تو ریاست میں اب تک حکومت قائم ہوچکی ہوتی۔ تاہم انھوںنے پارٹی کے اس مطالبے کا اعادہ کیا کہ اقتدار میں مساوی شراکت داری کیلئے بی جے پی تحریری تیقن دے۔
***** ***** *****  
ریاست میں حکومت سازی میں درپیش تعطل کو ختم کرنے کے پس منظر میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سے کل ناگپور میں ملاقات کی۔ پی ٹی آئی کی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ یہ ملاقات تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔
دریں اثناء نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے کہا ہے کہ اگر شیوسینا اور بی جے پی حکومت سازی میں ناکام ہوجاتی ہے تو این سی پی کو ہی حکومت بنانے کیلئے متبادل تلاش کرنا پڑے گا۔ انھوںنے کہا کہ ریاست میں صدر راج کا نفاذ ضروری نہیں ہے کیونکہ عوام اس فیصلے کو برداشت نہیں کرینگے۔
***** ***** *****  
ریاست میں سرِدست حکومت قائم کرنے سے متعلق شیوسینا اور بی جے پی کے مابین جاری تعطل کو ختم کرنے کی ذمہ داری مرکزی وزیر نتن گڈکری کو دی جائے۔ یہ تجویز حال ہی میں شیوسینا میں شمولیت اختیار کرنے والے ودربھ کے کسان رہنما کشور تیواری نے پیش کی ہے۔ اس خصوص میں انھوں نے ایک مکتوب آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو ارسال کیا ، جس میں درخواست کی گئی ہے کہ حکومت سازی کے مسئلے کو حل کرنے کی یہ ذمہ داری نتن گڈکری کو دی جائے۔
***** ***** *****  
شیوسینا صدراُدّھو ٹھاکرے نے کل ناندیڑ‘ لاتور‘ پربھنی اور بیڑ اضلاع میں تباہ شدہ فصلوں کا معائنہ کیا۔ شیوسینا کی جانب سے ہر تعلقے میں کسان امدادی مرکز شروع کرنے کی ہدایت انھوںنے پارٹی ضلع صدور کو دی۔ اُدّھو ٹھاکرے نے مختلف دیہاتوں میں متاثرہ کسانوں سے گفت و شنید بھی کی۔ زیادہ بارش کے باعث خراب ہونے والی فصلوں کا جائزہ لینے کے بعد انھوںنے کہا کہ کسانوں کو فی ہیکٹر 25/ ہزار روپئے امداد دئیے جانے کا مطالبہ وہ حکومت سے کریں گے۔ بعد ازاں اُدّھو ٹھاکرے نے پرلی میں سابق مرکزی وزیر آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کی سمادھی پر جاکر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****  
ریاستی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ فصلوں کے بیمے سے متعلق مقدمات کو فوری نمٹانے کیلئے بیمہ کمپنیوں کا اجلاس منعقدکیا جائے۔ کل کانگریس اور این سی پی کے رہنمائوں نے گورنر سے ملاقات کی۔ ان پارٹیوں کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کی امداد کیلئے معلنہ 10/ ہزار کروڑ روپئے ناکافی ہیں‘ اس لیے اس فنڈ میں مزید اضافہ کیا جائے۔
***** ***** *****  
ریاست میں ربیع کی پیداوار میں اس بار 22/ فیصد اضافہ متوقع ہے۔ کل ممبئی میں موسمِ ربیع کی منصوبہ بندی سے متعلق ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بتایا کہ اس بار مجموعی طور پر 69/ اعشاریہ سات دو لاکھ ہیکٹر رقبے پر ربیع کی تخم ریزی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ جس کیلئے 2/ لاکھ 3/ ہزار 772/ کوئنٹل تخم رعایتی داموں پر تقسیم کیے جائیں گے۔ اس لیے تخم و کھادکی کمی کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ناسک‘ ناگپور‘ اورنگ آباد اور لاتور ڈویژنوں میں ربیع کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔
***** ***** *****  
ریاست میں غیر موسمی بارش کے باعث فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تخمینہ سازی فوری مکمل کی جائے اور کسانوں کو ان کے معاوضوں کی ادائیگی کیلئے انتظامیہ کو تندہی سے کام کرنے کا حکم بھی وزیرِ اعلیٰ نے دیا۔
***** ***** *****  
کانگریس کے بزرگ رہنما اور سابق وزیر بابا صاحب دھابیکر کل ممبئی میں چل بسے۔ وہ 92/ برس کے تھے۔ بارشی۔ ٹاکلی تعلقے کے دھابہ گرام پنچایت سے انھوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ ان کی فوتگی پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****  
اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) نے ہنگامی کرایے میں اضافہ کا فیصلہ منسوخ کردیا ہے۔ اضافی ہجوم کے اوقات میں آمدنی بڑھانے کیلئے کرایوں میں یہ اضافہ آج سے لاگو ہونے والا تھا۔ تاہم اب اسے منسوخ کردیا گیا۔
***** ***** *****  

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 01.05.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 01 June 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...