Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 02.12.2019, Time : 8.40 - 8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 December-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍ دسمبر ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے قحط اور غیر موسمی بارش سے نقصان اٹھارہے ریاست کے کسانوں کو فوری مدد فراہم کرنے کا تیقن دیا ہے۔ ریاستی قانون ساز بورڈ کے خصوصی اجلاس میں کل گورنر نے مراٹھی میں خطاب کیا۔ اس دوران انھوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے مستقبل میں کیے جانے والے کاموںکا ذکر کیا۔ گورنر نے کہا کہ ریاستی حکومت بیروزگاری کم کرنے کے ساتھ ساتھ زراعت‘ کاروبار‘ صحت اور تعلیم جیسے شعبوں کی ہمہ جہت ترقی کی پابند رہے گی۔ گورنر نے کہا کہ ریاستی حکومت مہاراشٹر کے سرحدی علاقوں میں رہنے والوں کے ساتھ انصاف کرنے کی بھی کوشش کریگی۔ زراعت اورکسانوں سے جڑے مسئلوں کا ذکر کرتے ہوئے گورنر کوشیاری نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کو قرض اور فکر دونوںسے نجات دلائے گی‘ ساتھ ہی زرعی اشیاء کو مناسب قیمتیں دلوانے کیلئے اقدامات بھی کرے گی۔ گورنر نے مزید کہا کہ بڑھتی بے روزگاری پر قابو پانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور اصل باشندوں کو ملازمتیں دینے کیلئے ریاستی حکومت قانون بنائے گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکرکے عہدے کیلئے کانگریس کے رکنِ اسمبلی نانا پٹولے بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب حزبِ اختلاف کے رہنما کے طور پر سابق وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو چنا گیا ہے۔ اسپیکر کے انتخاب کے دوران بی جے پی کے امیدوار کسن کتھورے نے کل اپنی امیدواری واپس لے لی، جس کے بعد پٹولے بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہوئے۔ اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پٹولے نے کہا کہ کسانو ںکے مفادات کا تحفظ اور ہر کسی کا تعاون حاصل کرنا ان کی اوّلین ترجیح ہوگا۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے بھی نانا پٹولے کو مبارکباد دی اور کہا کہ اسپیکر کے طور پر ان سے سب کے ساتھ منصفانہ رویہ اختیار کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔
دوسری جانب اسپیکر پٹولے کو مبارکباد دیتے ہوئے دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ اسپیکر کو بلا مقابلہ چننے کی ایوان کی روایت رہی ہے، اس لیے بی جے پی امیدوار کسن کتھورے نے اپنی امیدواری واپس لی ہے۔
***** ***** *****
اس بیچ دیویندر پھڑنویس کے حزبِ اختلاف رہنما کے طور پر چنے جانے کے بعد سبھی اراکینِ اسمبلی نے پھڑنویس کو مبارکباد پیش کی۔ اسپیکر پٹولے کی جانب سے پھڑنویس کے نام کا اعلان کیے جانے کے بعد وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے پھڑنویس کو مبارکباد دینے کی قرارداد پیش کی۔ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا کہ وہ پھڑنویس کو صرف حزبِ اختلاف کے رہنماء کے طور پر ہی نہیں بلکہ ایوان کے ایک ذمہ دار رہنماء کے طور پر بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ مستقبل میں ’’مخالفت‘‘ نامی لفظ ترک کرکے سبھی اراکین ریاست کے عوام کے مفاد کی خاطر مل جل کر کام کرینگے۔
مبارکباد کی تحریک کا جواب دیتے ہوئے پھڑنویس نے حزبِ اختلاف کا رہنماء چنے جانے پر سبھی کا شکریہ ادا کیا۔ پھڑنویس نے یقین دلایا کہ عوامی بہبود کے منصوبوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں وہ بحیثیت اپوزیشن حکومت کا تعاون کریں گے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد سینٹرل سے شیوسینا کے رکنِ اسمبلی پردیپ جیسوال نے میونسپل کارپوریشن کیلئے فُل ٹائم میونسپل کمشنر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس بارے میں پردیپ جیسوال نے کل وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو مطالباتی محضر پیش کیا۔ محضر میں کہا گیا کہ تقریباً پندرہ لوگوں کی ڈینگو سے موت ہوچکی ہے اور میونسپل کمشنر کے گذشتہ ڈیڑھ مہینے سے رُخصت پر ہونے کی وجہہ سے صحت سے جڑے سارے کام رُکے ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے شہریان کو شہر کی تاریخ سے واقف کروانے کے مقصدسے اورنگ آباد ہسٹری سوسائٹی کی جانب سے کل ہیرٹیج واک کا انعقاد کیا گیا تھا۔ واک کے دوران ساتویں نظام عثمان علی خان کی جانب سے تعمیر کیے گئے سٹی کلب اور بادشاہ اورنگ زیب کے بنائے گئے کمل تالاب سے لوگوں کو واقف کروایا گیا۔ ہیرٹیج واک میں شریک افراد نے عام خاص میدان اور جامع مسجد کا بھی دورہ کیا اوراس کی تاریخی اہمیت سے آگاہی حاصل کی۔ ہیرٹیج واک کے منتظمین اور ماہرینِ تاریخ رفعت قریشی اورڈاکٹر دُلاری قریشی نے لوگوں کو شہر کے چاروں طرف تعمیر کی گئی حفاظتی فصیل کا کچھ حصہ بھی دکھایا، جسے بادشاہ اورنگ زیب کے حکم پر بیرونی حملوں سے بچائو کیلئے تعمیر کیا گیا تھا۔ واک میں تاریخ میں دلچسپی رکھنے والے افراد اور نوجوان بڑی تعداد میں شریک تھے۔
***** ***** *****
ایڈز کے عالمی دِن کے موقع پر کل ہنگولی شہر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ضلع اسپتال کی جانب سے ایڈز کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے پیدل جلوس نکالا گیا تھا، جس میں ضلع سیول سرجن کشور پرساد شری نواس سمیت افسران‘ ملازمین‘ طلبہ اور عام شہریان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سبھی کو ایڈز سے لڑنے کا عہد دلایا گیا۔ پربھنی میں بھی ایڈز کے عالمی دِن کی مناسبت سے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment