Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 04.12.2019, Time : 8.40 - 8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 December-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۴؍ دسمبر ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے وضاحت کی ہے کہ ریاست میں جاری ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں کو ملتوی نہیں کیا جائیگا۔ کل ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ نے میٹرو خدمات‘ ممبئی ٹرانس ہاربر لنک‘ نئی ممبئی بین الاقوامی طیران گاہ اور سمردّھی ایکسپریس وے کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوںنے کہا کہ دستیاب فنڈز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ان کامو ںکی ترجیح طئے کی جائیگی تاکہ عوام ان خدمات سے بروقت مستفید ہوسکیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کو عملی جامہ پہناتے وقت مقامی باشندوںکو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ تاہم کاموں کیلئے دستیاب فنڈ اور کام کی رفتار کے مابین تال میل بھی ضروری ہے۔ اس موقع پر ان کے کابینی رفقاء ایکناتھ شندے‘ سبھاش دیسائی‘ چھگن بھجبل ‘ جینت پاٹل اور ریاست کے چیف سیکریٹری بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
نانار ریفائنری اور آرے احاطے میں درختوں کی کٹائی کے خلاف تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف درج کردہ مقدمات کی جانچ کیلئے حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ا س سلسلے میں جاری کردہ اطلاعات کے مطابق وزارتِ داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری کی زیرِ قیادت تشکیل دی جانے والی اس کمیٹی میں ڈائریکٹر جنرل آف پولس‘ ممبئی پولس کمشنر اور محکمۂ داخلہ اور قانون انصاف محکمے کے سیکریٹری شامل ہونگے۔
اس سلسلے میںجاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ایجی ٹیشن کے دوران داخل کردہ کونسے مقدمات واپس لیے جائیں گے اس معاملے میں کمیٹی جلد اپنی رپورٹ حکومت کو ارسال کرے گی۔ دونوں معاملات میں ایجی ٹیشن کرنے والے افراد کیخلاف مقدمات واپس لینے کا حکم وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے دیا تھا۔
***** ***** *****
سابق وزیر پنکجا منڈے نے وضاحت کی ہے کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی نہیں چھوڑیں گی۔ کل ایک خانگی ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ پارٹی کی ایک وفادار کارکن ہیں اور پارٹی کیلئے بہت کام کرچکی ہیں‘ نیز پارٹی چھوڑنے کی افواہوں سے کافی افسردہ ہیں۔ پنکجا منڈے نے کہا کہ آئندہ 12/ دسمبرکو گوپی ناتھ گڑھ میں اپنا مؤقف واضح کریں گی۔
***** ***** *****
پیاز کی قیمت قابو میں رکھنے کیلئے مرکزی حکومت نے چھوٹے تاجروں اور ٹھوک بیوپاریوں کے پیاز کے ذخیرے کی حد میں تخفیف کردی ہے۔ اب رٹیلرز پانچ ٹن تک اور ہول سیل ڈیلرز 25/ ٹن تک ہی پیاز ذخیرہ کرسکیں گے۔ اس سلسلے میں وزارت برائے اُمورِ صارفین نے کل احکامات جاری کیے۔ پی ٹی آئی کی خبرو ںمیں بتایا گیا ہے کہ ذخیرے کی یہ حد درآمد شدہ پیاز پر لاگو نہیں ہوگی۔
دریں اثناء ناسک ضلع میں پیاز کی قیمت روز نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔ کل کڑون بازار کمیٹی میںپیاز کے نرخ 14/ ہزار روپئے فی کوئنٹل عبور کرگئے۔ پمپل گائوں بسونت منڈی میں پیاز فی کوئنٹل 13/ ہزار روپئے فروخت ہوئی جو اس سال کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔
***** ***** *****
حکومت نے قومی اغذیہ سلامتی آرڈیننس کے تحت راشن کارڈ رکھنے والوں کو ملک کے کسی بھی راشن دُکان سے اناج خریدنے کی سہولت مہیا کردی ہے۔ اغذیہ‘ صارفین اور تقسیم ِ عامّہ کے وزیر رام ولاس پاسوان نے کل لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں یہ اطلاع دی۔ ایک ملک۔ ایک راشن کارڈ اسکیم کے تحت اب راشن کارڈ رکھنے والے افراد ملک کی کسی بھی راشن کی دُکان سے اناج خرید سکیں گے۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ ایک مقام سے دوسرے مقام ہجرت کرنے والے افراد اس اسکیم کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی جانب سے مہاراشٹر کو دئیے جانے والے 40/ ہزار کروڑ روپئے مرکز کو واپس کرنے کیلئے دیویندر پھڑنویس کو مختصر وقت کیلئے وزیرِ اعلیٰ بنایا گیا تھا۔ بی جے پی رکنِ پارلیمنٹ اننت کمار ہیگڑے کے اس بیان کی گونج کل لوک سبھا میں سنائی دی اور شیوسینا اراکین نے یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مرکزی وزیرِ مالیات اس الزام کی وضاحت کریں۔ شیوسینا رکن ونایک راوت نے صفر وقفے کے دوران یہ معاملہ اٹھایا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر کے سڈکو این۔ ون علاقے میں کل ایک چیتے کی موجودگی کے باعث شہریو ںمیں دِن بھر خوف و ہراس پایا گیا۔ دس گھنٹے طویل کوششوں کے بعد محکمۂ جنگلات کے اہلکار اس چیتے کو زیر کرنے میں کامیاب ہوئے۔ کل صبح چہل قدمی کرنے والے افراد کو یہ چیتا نظر آیا تھا۔ فی الحال اس چیتے کو شہرکے سدھارتھ گارڈن زُو میں رکھا گیا ہے‘ علاج کے بعد اسے جنگلو ںمیں چھوڑ دیا جائیگا۔
***** ***** *****
معذوروں کے عالمی دِن کے موقع پر کل مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں معذور ملازمین اور طلبہ کا رجسٹراراکٹر سادھنا پانڈے نے استقبال کیا۔ لاتور ضلع پریشد کے شعبۂ فلاح و بہبود کی جانب سے بھی اس سلسلے میں ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں ضلع کلکٹر جی شریکانت نے شرکت کی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment