Thursday, 6 February 2020




Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 06.02.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 06 February-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۶؍ فروری  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
ایودھیا میں رام مندرکی تعمیر کیلئے ایک خود مختار ٹرسٹ قائم کرنے کا فیصلہ مرکزی حکومت نے کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل لوک سبھا میں یہ اعلان کیا۔ اس ٹرسٹ کا نام شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ہوگا۔ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے علاوہ دیگر متعلقہ معاملات میں فیصلہ کرنے کیلئے یہ ٹرسٹ خود مختار ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے لوک سبھاکو بتایا کہ متنازعہ اراضی کے آس پاس حکومت کی جانب سے ایکوائر کی گئی 67/ ایکڑ اراضی بھی اس ٹرسٹ کے حوالے کرنے کا فیصلہ مرکزی حکومت نے کیا ہے۔ بابری مسجد۔ رام جنم بھومی تنازعے پر سپریم کورٹ کی جانب سے دئیے گئے فیصلے پر پورے ملک میں جس صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا گیا اُس پر وزیرِ اعظم نے خوشی کا اظہار کیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق سنّی وقف بورڈ کو متنازعہ اراضی سے ہٹ کر بابری مسجد کی تعمیرکیلئے 5/ ایکڑ اراضی دینے کا فیصلہ بھی مرکزی حکومت نے کیا ہے۔ اس فیصلے کو اُتر پردیش کی بی جے پی حکومت نے بھی منظوری دیدی ۔
***** ***** *****
بینکنگ کنٹرول قانون میں ترمیم کا فیصلہ مرکزی کابینہ نے کل کیا۔ اس ترمیم کے بعد امدادِ باہمی شعبے کی بینکوں پر بھی ریزرو بینک آف انڈیا کے ضوابط کا اطلاق ہوگا۔ تاہم انتظامی اُمور بدستور امدادِ باہمی شعبے کے پاس ہی رہیںگے۔ مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات پرکاش جائوڑیکر نے کل کابینی اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انھوںنے کہا کہ اس ترمیم کے باعث امدادِ باہمی بینکوں کے کام کاج میں مزید شفافیت آئے گی۔ اسی طرح کوآپریٹیو بینکوں کو بھی کمرشیل بینکوںکی طرح ہی قانونی ضوابط کی تکمیل کرنا ہوگا۔ مہاراشٹر میں ڈہانو سے قریب واڑ ون میں بڑی بندرگاہ تعمیر کرنے کو بھی مرکزی کابینہ نے منظوری دی۔
***** ***** *****
کپاس کی خرید کیلئے 18/ سو کروڑ روپئے کی سرکاری ضمانت کو ریاستی کابینہ کے کل منعقدہ اجلاس میں منظوری دے دی گئی۔ اس موسم کی کپاس خریدنے کیلئے مہاراشٹر امدادِ باہمی کپاس مارکیٹنگ فیڈریشن نے بینک آف انڈیا سے لیے گئے قرض کو سرکاری ضمانت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
کل لوک سبھا میں اورنگ آباد کے مجلس اتحادالمسلمین کے رکنِ پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے اورنگ آباد ضلع کے سلوڑ اور وردھا ضلع کے ہنگن گھاٹ میں خواتین کو زندہ جلائے جانے کی وارداتوں کی طرف وقفۂ صفر کے دوران ایوان کی توجہ مبذول کروائی۔ ایوان کے دیگر ارکان بالخصوص خواتین نے اس موضوع کی حمایت کرتے ہوئے ملک بھر میں خواتین پر ہونے والے حملوں کے خلاف آواز اٹھائی۔ اراکینِ پارلیمنٹ نے یہ مقدمہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلائے جانے کا مطالبہ کیا۔ جس کے جواب میں وزیرِ قانون نے کہا کہ اس خصوص میں فیصلہ ریاستی حکومت کریگی۔
***** ***** *****
ریاست میں خواتین پر مظالم کی وارداتوں کا وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے نوٹس لیتے ہوئے وزارتِ داخلہ کواس ضمن میں فوری سخت کاروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ انھوںنے وضاحت کی کہ خواتین اور بچوں کا تحفظ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور اس میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کے جرائم کی ایف آئی آر فوری درج کرنے اور جلد از جلد جانچ شروع کیے جانے کیلئے حکومت خواتین کے ساتھ کھڑی ہے اور اس سلسلے میں انہیں قانونی تحفظ اور تعاون کرنے کی پابند ہے۔
***** ***** *****
تعلیم اور روزگار میں مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کے ریاستی حکومت کے قانون کو درست قرار دینے والے ممبئی عدالت ِ عالیہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے سے عدالت ِ عظمیٰ نے انکار کردیا ہے۔ کل ہوئی سماعت کے دوران عدالت ِ عظمیٰ نے مشاہدہ کیا کہ اس معاملے کی مختصر سماعت ہوئی ہے اور اس پر تفصیلی سماعت کی ضرورت ہے۔ مراٹھا ریزرویشن کی حمایت اور مخالفت میں کئی درخواستیں مشترکہ طورپر زیرِ سماعت ہیں۔ اس سلسلے میں آئندہ سماعت 17/ مارچ کو ہوگی۔
***** ***** *****
چھترپتی شیواجی مہاراج میموریل پروجیکٹ عمل درآمد‘ نگرانی اور رابطہ کمیٹی کی صدارت سے رکنِ اسمبلی ونائیک میٹے نے استعفیٰ دے دیا ۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو ارسال کردہ اپنے استعفے میں میٹے نے کہا کہ ریاست میں مہاوکاس آگھاڑی کی حکومت قائم ہونے کے بعد اب اس میموریل کی تعمیر کا کام مہا وکاس آگھاڑی کے نظریات کے مطابق ہونا چاہیے۔
***** ***** *****
ریاستی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے کہا ہے کہ طلباء کی ترقی اور انہیں مقوی غذا فراہم کرنے کیلئے حکومت مختلف اسکیموں پر کام کررہی ہے۔ جالنہ میں قائم کردہ مرکزی مطبخ عوام کیلئے وقف کرنے کی کل منعقدہ تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اس مطبخ سے پہلے مرحلے میں 50/ ہزار طلبہ کو کھانا فراہم کیا جائیگا۔
***** ***** *****
نیوزی لینڈ میں کھیلی جارہی تین ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دیدی۔ ہیملٹن میں کھیلے گئے اس میچ میں پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت نے نیوزی لینڈ کو 348/ رنوں کا ہدف دیا جو میزبان ٹیم نے 48/ اوور اور ایک گیند میں حاصل کرلیا۔ راس ٹیلر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 27.04.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 27 April 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...