Thursday, 2 April 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 02 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیر اعظم کی زیر صدارت سلامتی سے متعلق کابینی کمیٹی کا اجلاس۔پیٹرولیم اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے پر کابینی کمیٹی کا زور۔
٭ مردم شماری کے پہلے مرحلے کا آغاز۔ پہلی بار ڈیجیٹل طرز پر مردم شماری۔
٭ ریاست میں دریاؤں کی بحالی کے لیے ریاستی سطح کی اتھاریٹی کے قیام کا کابینہ کا فیصلہ۔
٭ جالنہ ضلع میں سمردھی ایکسپریس وے پر پیش آئے حادثے میں 8/افراد ہلاک۔
اور۔۔۔٭ آئندہ چار دنوں میں ریاست کے بیشتر اضلاع میں غیر موسمی بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مغربی ایشیاء میں جاری موجودہ تنازعہ کے پیش نظر کیئے جا رہے اقدامات پر مباحثے کی غرض سے وزیر اعظم کی زیر صدارت کل سلامتی امور سے متعلق کابینی کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں پیٹرولیم اشیاء بالخصوص ایل پی جی اور ایل این جی کی فراہمی اور توانائی کی مناسب دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے کئے گئے اقدامات پر کابینی سیکریٹری نے مفصل معلومات دیں۔ وزیر اعظم نے عوام کی ضروریات پورا کرنے کے نکتہ نظر سے موجود وسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ملک میں کھادوں کی دستیابی اورخریف و ربیع ہنگام کے لیے کھادوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کئے جارہے اقدامات پر تبادلہئ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جنگ کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے ہرممکنہ اقدامات کیئے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
ملک میں کل سے مردم شماری کا کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوا۔ اس بار پہلی مرتبہ ڈیجیٹل مردم شماری پر زور دیا جارہا ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھاکرشنن اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ذاتی کوائف کا پورٹل پر اندراج کرکے اس مہم میں اپنا حصہ ڈالا۔ شہریوں کو اب 16/زبانوں میں آن لائن اندراج کی سہولت ہوگی۔ وزیر اعظم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایس ای۔ڈاٹ۔سیسیس۔ڈاٹ۔جی او وی۔ڈاٹ۔ان اس ویب سائٹ پر اپنے خاندان کی مکمل معلومات درج کرکے اس مہم کا حصہ بنیں۔
***** ***** *****
جن وشواس یعنی عوامی اعتمادترمیمی بل کل لوک سبھا میں منطور کر لیا گیا۔ جرائم کی منطقی درجہ بندی کرنے کے لیے موجودہ قوانین میں ترامیم کی اس بل میں گنجائش رکھی گئی ہے۔ بل پر کی گئی بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر صنعت و تجارت پیو ش گوئل نے کہا کہ نہایت ہی معمولی وجوہات پر بھی مقدمات در ج کئے جاتے ہیں تاہم اس بل میں سزا کی بجائے انصاف دینے کے لیے شقیں شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پر حکومت کرنے کے لیے برطانوی سامراج کے لاگو کردہ پرانے قوانین اس بل کے ذریعے منسوخ کئے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں دریاؤں کی بحالی کے لیے ریاستی ندی احیاء اتھاریٹی کے قیام کا فیصلہ کابینہ نے کیا ہے۔ جس کے تحت ریاست کے 54/آلودہ دریائی علاقوں میں بحالی پروجیکٹس چلائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی زیر صدارت کل ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ ندی احیاء اتھاریٹی کے لیئے ضروری دو ہزار کروڑ روپیئے کا فنڈ پولیوشن کنٹرول بورڈ کے ذریعے جمع کیئے جانے اور اس میں حکومت کی جانب سے 100/کروڑ روپیئے حصہ دیئے جانے کو بھی کابینہ نے منظوری دی۔
***** ***** *****
لینڈ ریکارڈ محکمے کے گروپ سی شعبے میں سرویئر کا عہدہ ختم کرکے کنزرویشن سرویئر کا عہدہ وضع کرنے کا فیصلہ بھی ریاستی کابینہ نے کیا۔ یہ عہدہ 40فیصد معمول کے عہدوں میں ترقی اور محکمہئ جاتی امتحانات کے ذریعے اور 20فیصد راست بھرتی کے ذریعے پر کئے جانے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اہلیہ نگر ضلع کے چکھلی تعلقے میں لفٹ آبپاشی اسکیم کے لیے 234کروڑ 13/لاکھ روپیئے مختص کرنے اور ریاست میں معذور طلباء کی اسکالرشپ میں اضافہ کرنے کو بھی کابینہ نے منظوری دیدی۔
***** ***** *****
اسٹریٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے شروع کئے گئے سکشم اسمارٹ کارڈ اسکیم کا کل وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر نائب وزراء اعلیٰ ایکناتھ شندے اور سنیترا پوار بھی موجود تھے۔ اس اسکیم کے تحت مسافروں کو آدھار کارڈ سے منسلک اسمارٹ کارڈ دیئے جائیں گے جس سے ایس ٹی بسو ں میں ملنے والی رعایتوں کا فائدہ بہ آسانی حاصل ہو سکیگا۔
***** ***** *****
وزیر زراعت دتاترے بھرنے نے حکم دیا ہے کہ خریف ہنگام کے لیے اپریل اور مئی مہینوں میں کھادوں کا مناسب ذخیرہ کرنے کے لیے محکمہئ زراعت سخت منصوبہ بندی کرے۔ خریقف ہنگام 2026کے پیش نظر ریاست میں کھادوں کی دستیابی اورمنصوبہ بندی کا جائزہ لینے کے لیے طلب کئے گئے اجلاس سے وزیر موصوف نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگ کی صورت حال سے کھادوں کی فراہمی متاثر نہ ہو اس کے لیے محکمہ ئ زراعت ہر ممکنہ احتیاط برت رہا ہے۔ انہوں نے کیمیائی کھادوں پر انحصار کم کرکے حیاتیاتی کھادوں کے زیادہ استعمال کی ضرورت پر زور دیاہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بی جے پی کے رکن اسمبلی آنجہانی شیواجی کرڈیلے کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی راہوری اسمبلی حلقے کی نشست پر بی جے پی نے ان کے صاحب زادے اکشئے کرڈیلے کی امیدواری کا اعلان کیا ہے۔ اس اسمبلی حلقے میں آئندہ 23/اپریل کو رائے دہی ہونے جارہی ہے۔
***** ***** *****
سمردھی ایکسپریس وے پر جالنہ کے کڑونچی سے قریب ایک پک اپ وین کو عقب سے آنے والے تیز رفتار کنٹینر کی ٹکر سے ہوئے حادثے میں 8/خواتین ہلاک ہو گئیں جبکہ ڈرائیور سمت ایک شخص زخمی ہوگیا۔ یہ حادثہ کل شام پانچ بجے پیش آیا۔ پک اپ میں سوار تمام مہلکین کا تعلق بدناپور تعلقے کے کھاد گاؤں اورکیڑی گوہان سے تھا جو سمردھی ایکسپریس وے پر کام کرنے والے مزدور تھے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس حادثے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اور مہلکین کے ورثاء کو پانچ پانچ لاکھ روپیئے کی عبوری امداد کا بھی اعلان کیا۔
***** ***** *****
ہنومان جینتی آج پورے ملک میں منائی جارہی ہے۔ مختلف ہنومان مندروں میں صبح چھ بجے ہنومان جنم اتسو جو ش و خروش سے منایا گیا۔ چھتر پتی سمبھاجی نگر کے خلدآباد کے بھدرا ماروتی مندر میں بھی یہ اتسو منایاجارہاہے۔ اس خصوص میں خلدآباد روڈ پر بڑی گاڑیوں کی آمد ورفت پر پابندی لگائی گئی ہے۔ اور انہیں دوسرے متبادل راستوں پر موڑ دیا گیاہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے متعدد علاقوں میں کل بھی غیر موسمی بارش ہوئی۔ چھتر پتی سمبھاجی نگر شہر، مضافات اورپیٹھن تعلقے میں کل شام بجلی کی چمک اور بادلوں کی گرج کے ساتھ زور دار بارش ہوئی۔ لاتور ضلع کے رینا پور تعلقے میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری اور موسلادھار بارش ہوئی جس سے کسانوں کو شدید نقصان کا خدشہ ہے۔ جالنہ شہر سمیت ضلع میں بھی بیشتر مقامات پر بارش ہوئی۔
***** ***** *****
دریں اثناء ریاست میں آئندہ تین دنوں تک گرج چمک کے ساتھ غیر موسمی بارش کی پیش گوئی محکمہئ موسمیات نے کی ہے۔ وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے کئی اضلاع میں ژالہ باری کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیاہے۔ چھتر پتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور بیڑ اضلاع میں آج بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا گیاہے۔
محکمہئ زراعت نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں موسم کے مطابق منصوبہ بندی کریں اور کٹی ہوئی فصلوں کو محفوظ جگہوں پر یا ڈھانک کر رکھیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں جل جیون مشن کے تحت جاری کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہداہت ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے متعلقہ افسران کو دی ہے۔ وہ کل اس خصوص میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ضلع میں مجموعی طور پر ایک ہزار 244گاؤں کے لیے 164اسکیمات منظور کی گئی ہے جن میں سے 720کے کام مکمل ہو گئے ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو کے ثانوی تعلیمی شعبے کے تنخواہ اور پی ایف دفتر میں 8/ہزار روپیئے رشوت لیتے ہوئے عمران خان احمد پاشاہ پٹھان کو گرفتار کرلیاگیاہے۔ تنخواہ میں موجود فرق کو دور کرنے کے لیے اس نے یہ رشوت طلب کی تھی۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع کلکٹر دفتر میں کل بین الاقوامی نشانہ بازی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے چیتن سپکاڑ کا کل ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجارنے استقبال کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ سپکاڑ نے بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی پیش کرکے ضلع کا نام بلند کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیر اعظم کی زیر صدارت سلامتی سے متعلق کابینی کمیٹی کا اجلاس۔پیٹرولیم اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے پر کابینی کمیٹی کا زور۔
٭ مردم شماری کے پہلے مرحلے کا آغاز۔ پہلی بار ڈیجیٹل طرز پر مردم شماری۔
٭ ریاست میں دریاؤں کی بحالی کے لیے ریاستی سطح کی اتھاریٹی کے قیام کا کابینہ کا فیصلہ۔
٭ جالنہ ضلع میں سمردھی ایکسپریس وے پر پیش آئے حادثے میں 8/افراد ہلاک۔
اور۔۔۔٭ آئندہ چار دنوں میں ریاست کے بیشتر اضلاع میں غیر موسمی بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 02.04.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 02 April 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...