Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 01 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم‘اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آج سے نیا انکم ٹیکس قانون نافذ؛ بینکوں کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے اُصولوں میں تبدیلی۔
٭ نئے مالی سال میں ریڈی ریکنر ریٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا: وزیرِ محصول کا بیان۔
٭ ریاستی حکومت کی ”میرا گاؤں‘ صحت مند گاؤں“ مہم آج سے شروع۔
٭ مردم شماری کا پہلا مرحلہ آج سے ہوگا شروع؛ شہریان سیلف رجسٹریشن پورٹل کے ذریعے کرسکیں گے معلومات فراہم۔
اور۔۔۔٭ محکمہ موسمیات کی مراٹھواڑہ میں دوبارہ غیر موسمی بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
نیا مالی سال آج سے شروع ہوگیا ہے اور کئی اصلاحات نافذ ہورہی ہیں۔ ان میں کچھ مالیاتی قواعد میں تبدیلیاں بھی شامل ہیں۔ چھ دہائیوں سے زیادہ قدیم ٹیکس قانون کی جگہ انکم ٹیکس قانون 2025 لے گا۔ یہ قانون فرسودہ شقوں کو منسوخ کرکے ٹیکس کے نظام کو آسان بنانے‘ پیچیدہ قوانین کو آسان بنانے اور ٹیکس دہندگان کیلئے قواعد کی پابندی کو آسان بنانے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ اس قانون کا اعلان مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے بجٹ 2026-27 میں کیا تھا۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق آج سے ملک میں تمام ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لین دین کیلئے دو مرحلوں کو توثیق کے معیار کو پورا کرنا لازمی ہوگا۔ مالی سال 2026-27 کیلئے فاسٹ ٹیگ سالانہ پاس کیلئے نظرِ ثانی شدہ فیس بھی آج سے نافذ ہوگی اور PAN کارڈ میں معلومات کیلئے درخواست دینے یا اُسے اپڈیٹ کرنے کے نظرِ ثانی شدہ اُصول بھی نافذ العمل ہوں گے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے نئے مالی سال میں ریاست میں ریڈی ریکنر کی شرحوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لہٰذا آج سے لاگو ہونے والی شرحیں پہلے کی طرح ہی رہیں گی۔ یہ اطلاع وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے دی ہے۔ اگرچہ شرحیں وہی رہیں گی‘ سالانہ ویلیو ایڈیڈ ٹیکس ٹیبلز میں مستقل مزاجی لانے کیلئے کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان میں منظور شدہ علاقائی اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد‘ نئے سروے نمبروں کی ریکارڈنگ اور دیہاتوں کے ناموں میں تصحیح شامل ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کی ”میرا گاؤں‘ صحت مند گاؤں“ مہم آج سے شروع ہورہی ہے۔ دیہی عوام کو صحت کی معیاری سہولیات ان کے گھر پر فراہم کرنے کے مقصد سے یہ مہم چلائی جائے گی۔ گاؤں کی سطح پر صحت کا جائزہ لینے کیلئے مخصوص معیارات مقرر کیے گئے ہیں اور ان معیارات کی بنیاد پر 70 فیصد سے زیادہ اسکور کرنے والے گاؤں کو صحت مند گاؤں کے طور پر نوازا جائے گا۔ ریاستی حکومت نے پوری مہم کیلئے 80 کروڑ 75 لاکھ روپئے فنڈ منظور کیا ہے۔
***** ***** *****
مردم شماری کا عمل آج سے شروع ہورہا ہے۔ شہری سیلف رجسٹریشن پورٹل کے ذریعے بھی دونوں مراحل میں معلومات فراہم کرسکیں گے۔ پہلے مرحلے میں ہر گھر کی معلومات جمع کی جائیں گی۔ اس میں گھر کا نمبر‘ منزلہ نمبر، مکان کی حالت اور گھر میں رہنے والے لوگوں کی تعداد جیسی معلومات شامل ہوں گی۔ اس عمل میں گھر کے سربراہ کا نام‘ جنس‘ ذات‘ مالکانہ حق اس طرح گھر کے شادی شدہ جوڑوں کی تعددا د اور گاڑیوں کی تعداد کا اندراج بھی کیا جائے گا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے پندرہویں مالیاتی کمیشن کی سفارشات کے مطابق پنچایتی راج اداروں اور مقامی خود مختار اداروں کیلئے فنڈز تقسیم کیے ہیں۔ اسکیم کے تحت مہاراشٹر کو مالی سال 2025-26 کیلئے پہلے اور دوسرے مرحلے میں 109 کروڑ روپئے سے زیادہ کی رقم تقسیم کی گئی ہے۔ اس فنڈ سے گاؤں کی سطح پر انتظامیہ مزید مؤثر ہوجائے گا اور ضرورت کے مطابق ترقیاتی کاموں کو عمل میں لایا جاسکے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت نہ صرف تبدیلی کا مشاہدہ کررہا ہے بلکہ ٹکنالوجی اور توانائی کے تحفظ کیلئے ایک مضبوط بنیاد رکھنے والا ملک بھی بن رہا ہے۔ وہ کل گجرات کے سانند میں کینس سیمی کنڈکٹر منصوبے کے افتتاح کے بعد مخاطب تھے۔ وزیرِ اعظم نے اس سال کے بجٹ میں سیمی کنڈکٹر ویژن دو کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت ایک مکمل سیمی کنڈکٹر ایکو سسٹم بنانے کی کوشش کررہی ہے اور بھارت اُتنی ہی چپس تیار کرے گا جتنی ملک کو مقامی طورپر ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
30 لاکھ روپئے انعام والے نو نکسلیوں نے کل گڑچرولی پولس کے روبرو خود سپردگی کی۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولس نیلوتپل نے انھیں بھارتی آئین دیکر مبارکباد دی۔ ہتھیار ڈالنے والے تمام نکسلی چھتیس گڑھ کے اندراوتی سیکٹرل کمیٹی میں کام کررہے تھے۔ فی الحال گڑچرولی ضلع میں چھ مسلح نکسلی رہ گئے ہیں جبکہ نیلوتپل نے خبردار کیا ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں ورنہ انھیں مسلح کارروائی کا سامنا کرنے پڑے گا۔
***** ***** *****
جین تیرتھنکر بھگوان مہاویر کا یومِ پیدائش کل ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر جلوس اور مذہبی و سماجی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں نکالے گئے جلوس میں ”میرا شہر میری ذمہ داری“ کے نعرے پر مبنی نمائش پیش کی گئی۔ اس موقع پر مختلف اوقات میں ماحولیات تحفظ‘ صفائی اور اتحاد کا پیغام بھی دیا گیا۔ جالنہ شہر میں نکالے گئے جلوس میں تقریباً آٹھ ہزار سفید پوش سماجی افراد نے شرکت کی۔ بیڑ میں پوری جین برادری نے مختلف مذہبی پروگراموں کا اہتمام کیا۔ جن میں عطیہئ خون کیمپ‘ دانت کیمپ اور فزیو تھیراپی کیمپ شامل ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ پیداواریئ روزگار پروگرام کے تحت دھاراشیو ضلعے نے مسلسل چوتھے سال 100 فیصد سے زیادہ کارکردگی حاصل کرنے والا واحد ضلع ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ رواں مالی سال میں ضلع کو دئیے گئے ہدف کے مقابلے میں ایک ہزار سات منصوبوں کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع نے ہدف کا 129 فیصد حاصل کرلیا ہے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے اگلے چار دنوں تک مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے کئی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ مراٹھواڑہ اور وسطی مہاراشٹرا میں بالخصوص آئندہ دو دنوں تک ژالہ باری متوقع ہے۔
***** ***** *****
لاتور میں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے دھنگر برادری کے نمائندوں اور مسابقتی امتحانات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو کل قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام شندے نے مبارکباد دی۔ اس موقع پر راجیہ سبھا کے نومنتخب رکنِ پارلیمان رام راؤ وڑکوتے بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی ناندیڑ کے پوسٹ گریجویٹ اور پروفیشنل کورسیز کے اس سال کے موسمِ گرما کے امتحانات کیلئے درخواستیں جمع کرنے کی آخری تاریخ 4 اپریل تک بڑھا دی گئی ہے۔ RTGS کے ذریعے فیس ادائیگی کی آخری تاریخ 6 اپریل مقرر کی گئی ہے۔ آن لائن درخواست فارم بھرنے کیلئے لنک آج دستیاب کروائی جائیگی۔
***** ***** *****
لاتور کی ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر-گھوگے کی تصنیف”فائلینچیا پلی کڑے“ کا کل بزرگ مصنف ڈاکٹر اندراجیت بھالے راؤ کے ہاتھوں اجراء عمل میں آیا۔ اس موقعے پر موجود معززین نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی خدمات کی انجام دہی کے دوران حاصل ہونے والے تجربات، لوگوں سے ملاقاتیں اور ان کی زندگی کی یادوں کا احساس کرانے والی یہ کتاب قارئین کو ایک جذباتی اور متاثر کن سفر پر لے جائے گی۔
***** ***** *****
مراٹھا سیوا سنگھ کی معرفت سماجی بیداری کا کام کرنے والے ہری بھکت پراین مدھوکر مہاراج بارولکر کا کل ایک حادثہ میں انتقال ہوگیا۔ وہ دو پہیہ گاڑی پر ناندیڑ سے بارول جا رہے تھے‘ اسی اثناء‘ ایک ہائیوا ٹرک نے انھیں زوردار ٹکر مارنے کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن میں کوآپٹ ممبران کی 10نشستوں کیلئے 80 پرچہئ نامزدگی داخل کیے گئے ہیں۔ اس میں بی جے پی کے 13‘ ایم آئی ایم کے تین امیدوار‘ شیوسینا کے 15 اور شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے کے 15 امیدوار شامل ہیں۔ ان پرچوں کی جانچ آج کی جائیگی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر علاقے کی ندیوں اور نالوں کے کناروں پر قائم تجاوزات کو آج سے ہٹانے کا حکم میونسپل کمشنر شری کانت نے دیا ہے۔ وہ نالوں کی صفائی کے کاموں سے متعلق جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ چونکہ ناریگاؤں علاقہ میں ندی کے کناروں پر بڑے پیمانے پر تجاوزات ہیں اس لیے اُسے ترجیحی بنیادوں پر ہٹایا جانا چاہیے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آج سے نیا انکم ٹیکس قانون نافذ؛ بینکوں کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے اُصولوں میں تبدیلی۔
٭ نئے مالی سال میں ریڈی ریکنر میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا: وزیرِ محصول کا بیان۔
٭ ریاستی حکومت کی ”میرا گاؤں‘ صحت مند گاؤں“ مہم آج سے شروع۔
٭ مردم شماری کا پہلا مرحلہ آج سے ہوگا شروع؛ شہریان سیلف رجسٹریشن پورٹل کے ذریعے کرسکیں گے معلومات فراہم۔
اور۔۔۔٭ محکمہ موسمیات کی مراٹھواڑہ میں دوبارہ غیر موسمی بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment