Friday, 3 April 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 03 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بدلتی ہوئی توقعات کے پیشِ نظر نہ صرف مؤثر بلکہ شہریان پر مرکوز انتظامیہ کی ضرورت ہے: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ مغربی ایشیاء بحران کے تناظر میں پیٹرو کیمیکل مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی عارضی طور پر معطل۔
٭ ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے مختلف اداروں اور کمپنیوں کو دی گئی ترغیب۔
اور۔۔۔٭ بامبے ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت کو تین ہفتوں کے دوران مسلم ریزرویشن پر حلف نامہ داخل کرنے کی دی ہدایت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ ملک کی تیزی سے بدلتی ہوئی توقعات کے پیشِ نظر نہ صرف مؤثر بلکہ شہریان پر مرکوز انتظامیہ کی ضرورت ہے۔ وہ کل کرم یوگی سادھنا ہفتے 2026 کے پروگرام سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ Capacity Building Commission اور مشن کرم یوگی ایک جدید اور ذمہ دار انسانی وسائل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کررہے ہیں‘ جو ہر بھارتی کی اُمنگوں کے مطابق ہے۔ مودی نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو شرمندہئ تعبیر کرنے کیلئے ”دیو بھو“ کے نعرے کو اپناتے ہوئے عوامی خدمات کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
پارلیمنٹ نے کل ’عوامی اعتماد بل‘ منظور کرلیا۔ راجیہ سبھا نے کل اس بل کو اپنی منظوری دی۔ لوک سبھا نے اس بل کو گذشتہ بدھ کے روز منظوری دی تھی۔ اس بل میں معیارِ زندگی اور کاروبار کرنے میں آسانی کے حوالے سے اعتماد پر مبنی طرزِ حکمرانی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے چند قوانین میں ترمیم کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ ’آندھرا پردیش تنظیمِ نو ترمیمی بل 2026‘ کل راجیہ سبھا میں صوتی رائے دہی کے ذریعے منظور کرلیا گیا۔ یہ بل لوک سبھا میں پہلے ہی منظور ہوچکا ہے۔ یہ بل امراوتی کو آندھرا پردیش کی راجدھانی کے طورپر قانونی حیثیت فراہم کرتا ہے۔
مرکزی مسلح پولس فروس بل کو کل لوک سبھا نے منظوری دے دی۔ راجیہ سبھا پہلے ہی اس بل کو منظور کرچکی ہے۔
دریں اثناء‘ لوک سبھا کا ایک خصوصی اجلاس رواں مہینے کی 16 تاریخ کو منعقد کیا جائے گا، جس میں چند اہم قوانین پر بحث کی جائیگی۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کل ایوان میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
بجلی کے وزیر منوہر لال کھٹر نے کل لوک سبھا میں وقفہئ سوالات کے دوران بتایا کہ صارفین کیلئے پری پیڈ بجلی کے میٹر لگانا لازمی نہیں ہے۔ وزیرِ موصوف نے لازمی پری پیڈ میٹرز کی خبروں کو غلط بتایا‘ تاہم انھوں نے واضح کیا کہ جو لوگ بار بار بجلی کے بلوں کو باقی رکھتے ہیں انھیں پری پیڈ میٹر سسٹم کو قبول کرنا چاہیے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے نیوز چینلز کی TRP ریٹنگ کو چار ہفتوں کیلئے معطل کردیا ہے۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیرِ مملکت ڈاکٹر ایل مروگن نے لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ اطلاع دی۔ جنگ یا بحران کے وقت غیر ضروری‘ سنسنی خیز اور غیر معقول رپورٹنگ عوام میں خوف کی فضاء پیدا کرتی ہے۔ مروگن نے کہا کہ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت نے یہ فیصلہ احتیاطی قدم کے طور پر لیا ہے۔
***** ***** *****
مغربی ایشیاء کے بحران کے پیشِ نظر مرکزی حکومت نے پیٹروکیمیکل مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی عارضی طور پر معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رعایت آئندہ 30 جون تک جاری رہے گی۔ اس میں مختلف مصنوعات جیسے پلاسٹک‘ کوٹنگز‘ ادویات‘ کیمیائی اشیاء‘ کپڑے‘ گاڑیوں کے فاضل پُرزے‘ کھاد اور صنعتی مصنوعات میں استعمال ہونے والے دیگر کیمیکلس شامل ہیں۔ مرکزی وزارتِ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یہ رعایت فی الحال اس بات کو یقینی بنانے کیلئے دی گئی ہے کہ عالمی سپلائی چین پر مغربی ایشیاء میں جاری جنگ کا اثر عام صارفین پر نہ پڑے۔
***** ***** *****
پروٹوکول کے ریاستی وزیر جئے کمار راول نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ مغربی ایشیاء میں جاری جنگ کے سبب ریاستی حکومت کسی بھی صنعت کو کوئی پریشانی کا سامنا نہیں کرنے دے گی۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی کے سہیادری گیسٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت گھریلو صنعتوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کی صنعتوں اور شہریوں کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کاوشیں کررہی ہیں۔
***** ***** *****
باربرداری کے ریاستی وزیر پرتاپ سرنائیک نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو وسیع کرنے کی خاطر مختلف اداروں کیلئے ترغیبی فنڈز کی تقسیم کو منظوری دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ممبئی‘ نئی ممبئی‘ تھانے‘ کلیان‘ ڈومبیولی، ناگپور اور پونے میونسپل کارپوریشنز میں عوامی ٹرانسپورٹ کیلئے کم و بیش ساڑھے چار کروڑ روپئے منظور کیے گئے ہیں‘ ساتھ ہی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کیلئے تقریباً سات کروڑ روپئے منظور کیے گئے ہیں۔ سرنائیک نے یہ بھی بتایا کہ مالی سال 2026-27 میں ای-وہیکلس کو فروغ دینے کی خاطر 246 کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے اشیاء و خدمات ٹیکس GST محکمے کی ٹیکس وصولی میں تقریباً ساڑھے بارہ فیصد اضافہ درج کیا گیاہے۔ گذشتہ مالی سال کے دوران ریاست نے ڈھائی کروڑ سے زائد آمدنی جمع کرتے ہوئے ملک میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
عیسائیوں کا مقدس تہوار گڈ فرائیڈے آج ملک اور دنیا بھر میں مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ عیسائی مذہب کے مطابق عیسیٰ علیہ السلام کی قربانی کو آج یاد کیا جاتا ہے۔ روحانی نجات کی خاطر روزہ رکھا جاتا ہے اور گناہوں سے معافی مانگی جاتی ہے۔ تمام گرجا گھروں میں آج دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ Easter Sundayسے پہلے اس دن کو اہم مانا جاتا ہے۔
***** ***** *****
بامبے ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ مسلم سماج کیلئے تعلیم اور ملازمتوں میں پانچ فیصد ریزرویشن کو منسوخ کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست کا جواب دے۔ ریاست کے سماجی انصاف اور خصوصی امداد کے محکمے نے اس سلسلے میں 17 فروری کو ایک سرکاری حکمنامہ جاری کیا تھا۔ یہ درخواست ایک وکیل نے داخل کی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت کا یہ فیصلہ قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے اور مسلم سماج کے مفادات کے خلاف ہے۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو آئندہ تین ہفتوں کے دوران اس معاملے میں حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس معاملے کی سماعت آئندہ 4 مئی کو ہوگی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ‘ شمالی مہاراشٹر اور ودربھ میں غیر موسمی بارش کی وجہ سے فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ محصول کے ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کُڑے نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے نقصانات کا فوری جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس خصوص میں رپورٹ ملنے کے بعد کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ وہ کل ناگپور میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے کل خدماتِ عامہ کے ملازمین کے تبادلے کیے۔ اس کے تحت ونئے گوڑا جی سی کو دلیپ سوامی کی جگہ چھترپتی سمبھاجی نگر کا ضلع کلکٹر بنایا گیا ہے۔ اسی طرح میونسپل کمشنر جی شریکانت کے مقام پر امول ییڑگے کو چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کا کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح منو پی ایم نے انکت کی جگہ ضلع پریشد کے سی ای او کے عہدے پر تقرری حاصل کی ہے۔ وہیں ڈاکٹر بھارت باستیواڑ کو ورشا ٹھاکر گھوگے کے مقام پر لاتور کا ضلع کلکٹر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ انجلی شرما کو جالنہ میونسپل کمشنر اور کرشن کانت کنواریا کو جالنہ ضلع پریشد کے سی ای او کے طور پر تقرری دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی سطح کی ویجیلینس ٹیم نے کل راشن کی تقسیم کے کنٹرولر چندر کانت ڈانگے کی رہنمائی میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے گنگاپور تعلقے کے کھوجے واڑی میں ”سائی یش“ نامی ہوٹل کے قریب ویجاپور روڈ پر چھاپہ مارا۔ مذکورہ مقام پر دو افراد ایچ پی کمپنی کے ایل پی جی ٹینکرز کی سیل توڑ کر گیس چوری کرتے ہوئے پائے گئے۔ اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 35 ہزار 220 کلو گرام ایل پی جی گیس‘ دو ٹینکرز اور 26 سلنڈرز جن کی مالیت تقریباً ایک کروڑ 26 لاکھ روپئے ہے ضبط کرلیے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اگر ان دو کیپسول ٹینکرز میں موجود ایل پی جی گیس کا گھریلو استعمال کیا جاتا تو دو ہزار 480 خاندانوں کی ضرورت پوری ہوجاتی۔ ملزمین کے خلاف ایم آئی ڈی سی والوج پولس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ بدلتی ہوئی توقعات کے پیشِ نظر نہ صرف مؤثر بلکہ شہریان پر مرکوز انتظامیہ کی ضرورت ہے: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ مغربی ایشیاء بحران کے تناظر میں پیٹرو کیمیکل مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی عارضی طور پر معطل۔
٭ ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے مختلف اداروں اور کمپنیوں کو دی گئی ترغیب۔
اور۔۔۔٭ بامبے ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت کو تین ہفتوں کے دوران مسلم ریزرویشن پر حلف نامہ داخل کرنے کی دی ہدایت۔
***** ***** *****

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 03 April-2026 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں...