Wednesday, 15 March 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 15  March  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  :  ۱۵ مارچ  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 گوا کے نئے وَزیرِ اَعلیٰ کے طور پر منوہر پرّیکر نے کل حلف اُٹھایا۔ گورنر مُردُلا سنہا نے اُنہیں عہدے اَور رازداری کا حلف دِلایا۔ تقریب میں بھارتیہ جنتا پارٹی‘ مہاراشٹروادی گومانتک پارٹی اَور گوا فارورڈ پارٹی سے تعلق رَکھنے والے 9/ اَراکینِ اَسمبلی نے وزراء کے طور پر حلف لیا۔
 چوتھی بار گوا کے وَزیرِ اَعلیٰ بنے پرّیکر نے حلف برداری کی تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق وہ جمعرات کو اَپنی اَکثریت ثابت کریں گے۔
 واضح ہو کہ سپریم کورٹ نے کل پرّیکر کی حلف برداری پر روک لگانے کا مطالبہ کرنے والی کانگریس کی عرضداشت کو خارِج کردِیا تھا۔ ساتھ ہی عدالت نے پرّیکر کو جمعرات کو اَسمبلی میں اَکثریت ثابت کرنے کو بھی کہا تھا۔
 اِس بیچ منی پور میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے بیرین سنگھ آج وَزیرِ اَعلیٰ کے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔ بیرین سنگھ نے 32/ اَراکینِ اَسمبلی کی حمایت کا دَعویٰ کرتے ہوئے گورنر نجمہ ہیپت اللہ سے رُجوع کیا تھا۔
---------------------------------
 ہنگولی کے رُکنِ پارلیمنٹ راجیو ساتو نے کل لوک سبھا میں مراٹھواڑہ کے رَیلوے مسائل سے متعلق ایوان کی توجہ مبذول کروائی۔ ساتو ‘رَیلوے کی وزارت کی جانب سے پیش کردہ مطالبات ِ زَرپر ہوئی بحث میں حصہ لے رَہے تھے۔ اِس موقع پر ساتو نے پورنا۔ کھنڈوا ریل راستے اَور کنوٹ۔ ماہور ریل راستے سمیت مراٹھواڑہ میں مجموعی طور پر رَیلوے کی ترقی کی جانب توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔
---------------------------------
 اُتّر پردیش اَور اُترا کھنڈ کے رِیاستی اَسمبلی کے اِنتخابات میں زَبردست نقصان اُٹھانے کے بعد کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے اِعتراف کیا ہیکہ پارٹی میں ڈھانچہ جاتی اَور تنظیمی اِعتبار سے بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔
 کل نئی دِلّی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے گاندھی نے کہا کہ اِنتخابی جنگ میں کبھی ہار کبھی جیت ہوتی ہے اَور اُنکی پارٹی اِن رِیاستوں میں اَپنی ناقص کارکردگی کو تسلیم کرتی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ منی پور اَور گوا میں حمایت حاصل کرنے کے لیے بی جے پی نے جو کچھ کیا ہے‘ کانگریس اُس کے خلاف ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ بی جے پی نے اُتر پردیش میں اِنتخابات کئی وجوہات کی بناء پر جیتا ہے۔
---------------------------------

 قانون ساز اَسمبلی میں حزبِ اِختلاف کے رَہنما رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے کہا ہے کہ کسانوں کیلئے قرض معافی کا اِعلان کرنے کے لیے بجٹ اِجلاس ہی مناسب وَقت ہے۔ وِکھے پاٹل کے دَفتر کی جانب سے کل جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہیکہ کسانوں کو قرض معافی دِلوانے کے لیے اَپوزیشن جماعتوں کا رَویہ اَب مزید جارحانہ ہوگا۔
 اِس دَوران قانون ساز کونسل میں حزبِ اِختلاف رَہنما دھننجے منڈے نے اِس معاملے پر شیوسینا کے مؤقف پر تنقید کی۔ منڈے نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات مضحکہ خیز ہے کہ کسانوں کے لیے قرض معافی کا مطالبہ کرنے والی شیوسینا‘ رِیاست میں اِقتدار میں شریک ہے۔
---------------------------------
 عثمان آباد کے سبکدوش پرنسپل وید کمار وید النکار کو تین سنگیت ناٹکوں کے ہندی ترجمے کیلئے ہندی ساہتیہ اکادمی اِنعام کا اِعلان کیا گیا ہے۔ وید النکار نے کئی کتابوں اَور شعری مجموں کا ہندی ترجمہ کیا ہے۔ سنسکرت زبان پر عبور رَکھنے والے وید النکار نے یجوروید اَور سام وید کا مراٹھی ترجمہ بھی کیا ۔
---------------------------------
 ماں کے پیٹ میں پل رَہی لڑکیوں کا قتل اَور غیر قانونی اسقاطِ حمل کے بڑھتے واقعات کے پسِ منظر میں آج سے ایک مہینے تک غیر قانونی اسقاطِ حمل جانچ مہم چلائی جائیگی۔ اَورنگ آباد کی ضلع کلکٹر ڈاکٹر ندھی پانڈے نے کل ایک اَخباری کانفرنس میں یہ اِطلاع دی۔ پندرہ اپریل تک چلنے والی یہ جانچ مہم شہری اَور دیہی دونوں سطح پر چلائی جائیگی۔
 دَریں اَثناء جالنہ ضلع کلکٹر شیواجی جوندھڑے نے بھی اِس مہم کے تحت باریک بینی سے جانچ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ جالنہ میں کل اِس ضمن میں منعقدہ اَخباری کانفرنس سے جوندھڑے مخاطب تھے۔
---------------------------------
 مراٹھواڑہ میں کل پنچایت سمیتیوں کے سبھا پتی اَور نائب سبھا پتی کے اِنتخابات عمل میں آئے۔ اَورنگ آباد ضلع میں اَورنگ آباد پنچایت سمیتی سبھا پتی کے طور پر کانگریس کی تارا بائی اُکِرڈے‘ پھلمبری میں BJPکے سرجے رائو میٹے‘ سلّوڑ میں BJP کے گیانیشور تائڑے‘ پیٹھن میں شیوسینا کی گبھا بائی چوہان اَور گنگا پور میں BJP کی جیوتی گائیکواڑ سبھا پتی چنے گئے ہیں۔ اِس کے علاوہ سوئیگائوں سے کانگریس کے دھرم سنگھ چوہان‘ وَیجا پور سے  BJP کی اِندو بائی سونونے اَور خلدآباد سے BJP کی اَرچنا اَمبھورے سبھا پتی منتخب ہوئی ہیں۔
---------------------------------
 وَقت کے ساتھ ساتھ محصول کا راستہ بدل گیا ہے اَور جہاں سے محصول حاصل ہونے لگا وَہیں پانی کا رُخ موڑ دِیا گیا۔ سماجی خدمتگار پوپٹ رائو پوار نے اِس خیال کا اِظہار کیا۔ پوار کل اَورنگ آباد میں پردیپ پُرندرے کی لکھی کتاب ’’پانیا شپتھ‘‘ کا رَسمی اِجراء کررَہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ زَمین کی سطح پر اَور زیرِ زَمین پانی کی صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔
---------------------------------

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 26.04.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 26 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...