Tuesday, 4 July 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 04.07.2017, Time : 8.40 to 8.45 AM
 
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 04  July  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  : ۴؍ جولائی  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 گرام پنچایت کے سرپنچ کو سیدھے عوام سے منتخب کرنے کے فیصلے کو ریاستی کابینہ نے کل منظوری دیدی۔ آنیوالے گرام پنچایت انتخابات سے اس فیصلے کا اطلاق ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد سرپنچ کے خلاف بار بار پیش کی جانیوالی عدم اعتماد کی تحریکوں کی تعداد کم کرنا اور مؤثر طریقے سے گرام پنچایت کے کام کاج کو جاری رکھنا ہے۔
  اس کے علاوہ ایک جنوری 1995 کے بعد پیدا ہوئے اُمیدواروں کے لیے سرپنچ کے عہدے کے لیے ساتویں جماعت کامیاب ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی سرپنچ کے عہدے کو مزید با اختیار بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس کے تحت گرام پنچایت کا بجٹ تیار کرکے اسے گرام سبھا سے منظور کروانے کے اختیارات بھی سرپنچ کو دئیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دیہی ترقیاتی کمیٹی بھی سرپنچ کے زیرِ انتظام تشکیل دی جائیگی۔ ان فیصلوں سے موجودہ وارڈ نظام اور سرپنچ کے عہدے کے ریزرویشن پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔
 کابینی اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے دیہی ترقیات کی وزیر پنکجا منڈے نے کہا کہ ریاستی حکومت عنقریب ہی اس بارے میں آرڈیننس جاری کرے گی اور اُسے جلد ہی قانون میں تبدیل کریگی۔
 اس کے علاوہ کابینی اجلاس میں موٹر وہیکل ٹیکس میں دو فیصد اضافہ کرنے کو بھی منظوری دی گئی۔ ایک جولائی سے مقامی ٹیکس ردّ ہوجانے کے بعد سے محصول میں ہونے والی ممکنہ کمی سے بچنے کے لیے یہ یکمشت ٹیکس نافذ کیا جائے گا جو گاڑیوں کے رجسٹریشن کے دوران ادا کرنا ہوگا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 وزیرِ اعظم نریندر مودی دو ملکوں کے اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں آج صبح اسرائیل کے لیے روانہ ہوں گے۔ یہ تاریخی دورہ ہے کیونکہ مودی اسرائیل کا دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیرِ اعظم ہیں۔ اس دوران دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے پچیس سال پورے ہونے کی تقریب بھی منارہے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران مودی اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ باہمی دلچسپی کے سبھی معاملوں پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ ایک فیس بُک پوسٹ میں مودی نے کہا کہ دونوں رہنماء دہشت گردی جیسے مشترکہ بڑے چیلنجوں پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔ مودی نے کہا کہ دورے کے دوران وہ اسرائیلی معاشرے کے مختلف طبقوں سے ملاقات کریں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا وہ اسرائیل میں مقیم بھارت نژاد افرادکے ساتھ بات چیت کرنے کے منتظر ہیں۔
 اسرائیل میں بھارت کے سفیر پون کپور نے کہا کہ مودی کے دورے سے بھارت اور اسرائیل کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔کپور نے کہا کہ دونوں وزرائے اعظم کے درمیان تبادلۂ خیال کے دوران باہمی دلچسپی کے سبھی معاملوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں مودی گروپ20- کی بارہویں چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے جرمنی کے شہر ہمبرگ جائیں گے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 آشاڑھی اکادشی آج عقیدت اور احترام سے منائی جارہی ہے۔ سنت گیانیشور‘ سنت تکارام اور سنت ایکناتھ کی پالکیوں سمیت ریاست بھر سے کثیر تعداد میں دِنڈیاں کل پنڈھر پور میں داخل ہوئیں۔ اس دوران درشن کے لیے مہاراشٹر اور پڑوسی ریاستوں سے عقیدت مندوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ آج علی الصبح وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور ان کی اہلیہ نے وٹھل اور رُکمنی کی مہا پوجا کی۔ بلڈھانہ ضلع کے سندھ کھیڑ راجہ کے عقیدت مند پَرَس رام میرَت اور اُنکی اہلیہ اَنُسیا میرَت نے سرکاری پوجا میں شرکت کی۔ پوجا کے بعد وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اُنھوں نے ریاست میں اچھی بارش ہونے اور کسانوں کی فلاح و بہبود کی دُعا کی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 معروف اداکار مدھوکر تورَڑمَل کی آخری رسومات کل ممبئی میں ادا کردی گئیں۔ تورَڑمَل لمبی بیماری کے بعد پرسوں ممبئی میں چل بسے تھے۔ ریاست کے ثقافتی اُمور کے وزیر وِنود تائوڑے نے کل حکومت کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 سپریم کورٹ نے مہاراشٹر سرکار کو ہدایت دی ہے کہ دو ہفتے کے اندر اندر جنوبی ممبئی میں تاریخی حاجی علی درگاہ جانیوالے راستے اور 908 مربع میٹر کے علاقے سے غیر قانونی تعمیرات کو ہٹائے۔ چیف جسٹس جے ایس کھیہر اور جسٹس ڈی وائے چندرچوڑ نے کہا کہ متعلقہ حکام کو ناجائز تعمیرات ہٹانے کے لیے یہ آخری موقع دیا جارہا ہے بصورتِ دیگر اسکے سنگین نتائج بھگتنے ہونگے۔ عدالت نے ڈپٹی کلکٹر سے کہا کہ وہ اس حکم پر پوری طرح عمل آوری کو یقینی بنائیں۔
 حاجی علی درگاہ ٹرسٹ کی جانب سے اس کام کو انجام دینے سے معذرت کا اظہار کیے جانے کے بعد یہ ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس سے پہلے ٹرسٹ نے ناجائز قبضہ ہٹانے کی ذمہ داری لی تھی۔ حاجی علی درگاہ 1431 میں ایک دولت مند مسلم تاجر سیّد پیر حاجی علی شاہ بخاری کی یاد میں تعمیر کی گئی تھی جنھوں نے مکّہ مکرمہ کا سفر کرنے سے پہلے اپنے ساری دولت ترک کردی تھی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 اورنگ آباد ضلع کے 48/ ہزار طلبہ کی اسکالر شپ کے واجب الادا 68/ کروڑ روپئے ادا کرنے کے مطالبے کی یکسوئی کے لیے آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی جانب سے کل اورنگ آباد میں سماجی بہبود کے دفتر پر مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ درجِ فہرست ذاتوں‘ جماعتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کے طلباء کو گذشتہ سال سے اسکالر شپ نہیں ملی ہے جس سے انہیں کئی تعلیمی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 واجب الادا تنخواہوں اور دیگر مطالبات کی یکسوئی کے لیے ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے ٹھیکہ کے صفائی ملازمین نے کل دفتر کے باہر مظاہرے کیے۔ ملازمین تنظیموں کا کہنا ہے کہ گذشتہ چار مہینوں سے تنخواہیںادا نہیں کی جارہی ہیں جو فوراً ادا کی جائیں بصورتِ دیگر دس جولائی سے وہ ہڑتال پر چلے جائیں گے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>> 

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 10.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 10 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...