Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 03.02.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.Date: 03 February-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۳؍ فروری ۲۰۲۰
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مختلف مذاہب اور مذہبی مقامات پر خواتین کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک سے متعلق درخواستوں پر آج عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت کی جائیگی۔ 9/ ججوں پر مشتمل آئینی بینچ ان درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ جن میں کیرالا کے شبری مالا مندر خواتین کے داخلے پر پابندی‘ مساجد میں خواتین کے آنے اور خواتین کی ختنہ جیسے معاملات شامل ہیں۔
***** ***** *****
دہلی کی نربھیا عصمت دری اور قتل کے مقدمے میں مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے درج کردہ پٹیشن پر دہلی عدالت ِ عالیہ نے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں کل ہوئی سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے حکومت کا مؤقف پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ مجرم قانونی سقم کا غلط استعمال کرتے ہیںاور جن مجرموں کے تمام قانونی متبادل ختم ہوجائیں انہیں پھانسی دے دی جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ تمام مجرمین پھانسی کی سزا کو ملتوی کروا رہے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دادا جی بھوسے نے ہدایت کی ہے کہ زراعت میں نئے نئے تجربے کرکے پیداوار میں اضافہ کرنے والے کاشتکاروں کا رِسورس بینک تیار کیا جائے اور ریاست کے اس طرح کے کاشتکاروں کو تربیت دینے کیلئے تعلقہ سطح پر مہم چلائی جائے۔ کل پونا میں زرعی کمشنریٹ کے تمام شعبوں کے اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کے دوران جو دشواریاں آئیں گی ا س کا حل تلاش کیا جائیگا، تاہم اس طرح کے معاملات میں کئی دفعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سلسلے میں ممکنہ اقدامات پر اس اجلاس میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔
***** ***** *****
بی جے پی قائد اور رکنِ اسمبلی ہری بھائو باگڑے نے کہا ہے کہ مراٹھواڑہ واٹر گریڈ منصوبہ کرشنا۔ بھیما منصوبے اور جل یُکت شیوار اسکیم پر عمل آوری کیلئے تمام عوامی نمائندگان کوشش کریں۔ اورنگ آباد میں کل رُکنِ اسمبلی پرشانت بمب نے مراٹھواڑہ کے پانی کے مسائل پر عوامی نمائندوں کا کُل جماعتی اجلاس طلب کیا تھا۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہری بھائو باگڑے نے بی جے پی کے سوا دیگر جماعتوں کے عوامی نمائندگان کی عدم شرکت پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ خطاب میں پرشانت بمب نے کہا کہ وہ آئندہ 11/ تا 13/ تاریخ کے درمیان وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کرکے مراٹھواڑہ کے پانی کا مسئلہ اٹھائیں گے۔
اس موقع پر راشٹروادی یووک کانگریس اور سمیک ودیارتھی آگھاڑی کے کارکنوں نے اعلان کیا کہ جو عوامی نمائندگان اس اجلاس میں شریک نہیں ہوئے انہیں چوڑیوں کا تحفہ ارسال کیا جائیگا۔
***** ***** *****
مرکزی بورڈ برائے راست ٹیکسیس نے کہا ہے کہ جن بھارتی باشندوں کے ذمہ بیرون ِ ملک ٹیکس کی ادائیگی باقی نہ ہو انہیں ہندوستانی مقیم باشندہ تصور کیاجائیگا۔ بورڈ نے وضاحت کی کہ بجٹ میں موجود اس شق کا مقصد بیرونِ ملک کام کررہے ہندوستانی باشندوں کو قومی ٹیکس کے دائرے میں شامل کرنا نہیں ہے‘ بلکہ ٹیکس قوانین کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے یہ شق شامل کی گئی ہے۔ چند بھارتی شہری ملک میں ٹیکس بچانے کیلئے جن ممالک میں کم ٹیکس ہے یا ٹیکس نہیں ہے ان ممالک میں اپنی رہائش دکھاتے ہیں۔ یہ بات سامنے آنے کے بعدبجٹ تجاویز میں یہ شق شامل کی گئی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے پربھنی‘ ہنگولی‘ ناندیڑ اور بیڑ اضلاع میں کل غیر موسمی بارش ہوئی۔ پربھنی میں کل رات ہوئی بارش کی کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا‘ جس کے باعث سیّد شاہ تراب الحق عرس کی تقاریب میں شرکت کیلئے آئے زائرین اور عقیدت مندوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ناندیڑ میں بھی شب آٹھ بجے کے قریب ہلکی بارش ہوئی۔ ناندیڑ۔ اردھاپور۔ مدکھیڑ اور بھوکر سمیت کئی مقامات پر اور بیڑ ضلع کے سرساڑا علاقے میں بارش کی خبریں ہیں۔ ہنگولی ضلع میں اڑگائوں رنجے‘ اکھاڑا باڑا پور‘ وارنگا اور ڈونگر کڑا میں بارش کی اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں خواتین کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کیلئے کام کرنے والی گیٹ گوئنگ تنظیم کی جانب سے میراتھان کا کل انعقاد عمل میں آیا۔ دس کلو میٹر طویل اس میراتھان میں وجئے ڈھوبڑے‘ تڑی کوٹے اور مادھوری چاچڑ نے انعامات حاصل کیے۔ لاتور میں بھی انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کی جانب سے میراتھان کا انعقاد عمل میں آیا۔
***** ***** *****
نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ T-20 میچوں کی سیریز بھارت نے 5-0 سے جیت لی۔ کل ہوئے آخری میچ میں بھارت نے 7/ وکٹ سے فتح حاصل کی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت کی ٹیم نے روہت شرما کے 60/ اور کے ایل راہل کے 45/ رنوں کی بدولت 20/ اووروں میں 163/ رَن بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 156/ رَن ہی بناسکی۔ بھارت نے پہلی بار پانچ میچوں کی سیریز کے تمام میچ جیتے ہیں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment