Date: 04 February-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۴؍ فروری ۲۰۲۰
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے اس حقیقت کی جانچ کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے کہ جس میں ریاست کی سابقہ بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت پر سیاست دانوں کے ٹیلی فون ریکارڈ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے کل ممبئی میں یہ اعلان کیا۔ اس کمیٹی میں ایڈیشنل چیف ہوم سیکریٹری شریکانت سنگھ اور خفیہ محکمے کے ڈپٹی کمشنر امیتیش کمار شامل ہیں۔ وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ کمیٹی چھ ہفتوں میں جانچ مکمل کرے گی۔ دیشمکھ نے مزید بتایا کہ گذشتہ حکومت کے دورمیں سیاست دانوںکی ٹیلی فون گفتگو ریکارڈ کرنے اور اس کا غلط استعمال کرنے کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔ تاہم سابق وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ان تمام الزامات کو مسترد کردیا۔
***** ***** *****
ریاست کے وزیرِ زراعت دادا جی بھوسے نے بیمہ کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ بے موسم بارش سے متاثرہ کسانوں کی نقصان بھرپائی کی رقم طئے کرنے اور بیمہ دعوئوں کو نپٹانے کا کام ہفتے بھر میں مکمل کریں۔ وزیرِ موصوف کل بیمہ کمپنیوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ گذشتہ خریف سیزن میں بے موسم بارش سے متاثرہ کسانو ںکیلئے معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے یہ اجلاس طلب کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
ریاست کے اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے کالجیس اور یونیورسٹیز کو ہدایت دی ہے کہ معاون لیکچرارس کے عہدوں پر سینئر اور جونیئر گریڈ کے تحت ترقی دینے میں تاخیر کو ٹالنے کیلئے کالجیس اور یونیورسٹیز ایک دوسرے کے ساتھ تال میل قائم کریں۔ اورنگ آباد ڈویژن کے لیکچرارس کے مختلف مسائل کا جائزہ لینے کیلئے کل ممبئی کے ودھان بھون میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ موصوف نے یہ ہدایت جاری کی۔ انھوںنے تیقن دیا کہ گھنٹوں کی بنیاد پر عہدوں کیلئے قابل امیدوار نہ ملنے کی صورت میں پوسٹ گریجویٹ امیدواروںکو موقع دئیے جانے کیلئے حکومت فیصلہ کرے گی۔
***** ***** *****
سماجی انصاف اور خصوصی امداد کے ریاستی وزیر دھننجے منڈے نے اعلان کیا ہے کہ قبائلی علاقوں میں واقع سرکاری اقامت گاہوں کی طرح محکمۂ سماجی انصاف کے تحت قائم سرکاری ہاسٹیلس کیلئے مدھیہ ورتی بھوجن گرہ اسکیم کے تحت طعام کا نظم کیا جائیگا۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ اس طعام اسکیم کے ذریعے تمام طلبہ کو ایک جیسا اور اچھا کھانا فراہم کرنے کی کوشش کی جائیگی۔
***** ***** *****
کُل ہند مراٹھی ڈرامہ پریشد اس بار اپنا 100/ واں ڈرامہ کانفرنس منعقدکرنے جارہا ہے اور اس کانفرنس کے استقبالیہ صدر کی ذمہ داری NCP کے قومی صدر شرد پوار نے قبول کی ہے۔ شرد پوار نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ ڈرامہ پریشد کے صدر پرساد کامبلی کی گذارش پر انھوں نے استقبالیہ صدارت کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس تاریخی کانفرنس کا آغاز آئندہ 27/ مارچ کو سانگلی میں ہوگا، جبکہ اختتام 14/ جون کو ممبئی میں ہوگا۔
***** ***** *****
مہاوِکاس آگھاڑی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات متحدہ طور پر لڑے گی۔ اس خصوص میں غور و فکر کرنے کیلئے مہا وکاس آگھاڑی کا پہلا اجلاس منعقد کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں کانگریس‘ NCP اور شیوسینا کے سرکردہ قائدین حصہ لیں گے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں 116/ بچے شدید طور پر غذائی قلّت سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ان بچوں کو اس بیماری سے باہر نکالنے کیلئے دیہی بہبودِ اطفال مراکز پر ان کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابی حلقوں کیلئے ریزرویشن کل قرعہ اندازی کے ذریعے طئے کیا گیا۔ کُل 115/ انتخابی حلقوں میں سے 30-30 حلقے کھلے زمرے کے مردوں اور خواتین کیلئے محفوظ کیے گئے‘ جبکہ درجِ فہرست ذاتوں کی خواتین کیلئے 11/ حلقے اور اسی زمرے کے مردوں کیلئے 11/ حلقے مختص کیے گئے۔ اسی طرح درجِ فہرست قبائل کے خواتین اور مردوں کیلئے بالترتیب ایک۔ ایک حلقہ، جبکہ دیگر پسماندہ طبقات اوبی سی زمرے کے مردوں اور خواتین کیلئے بالترتیب 16/ اور 15/ وارڈس ریزرو کیے گئے۔ اس قرعہ اندازی میں متعدد سرکردہ کارپوریٹرس کے انتخابی حلقے محفوظ ہوجانے کی وجہ سے ان کی اپنے حلقوں میں دوبارہ انتخابی میدان میں اُترنے کی امید ختم ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کی 4/ موضوعاتی کمیٹیوں کے سبھا پتی عہدوںکیلئے کل انتخابات عمل میں آئے۔ ان انتخابات میں خواتین و اطفال بہبود کمیٹی کے سبھا پتی عہدے پر کانگریس کی سشیلا پاٹل بیٹ موگریکر منتخب کی گئیں، ساتھ ہی بالا صاحب پاٹل راون گائونکر‘ سنجے اپا بیڑگے‘ رام رائو نائیک بھی مختلف موضوعاتی کمیٹیوں کے سبھا پتی عہدوںپر اتفاقِ رائے سے منتخب کرلیے گئے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment