Date: 05 February-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی ‘ اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۵؍ فروری ۲۰۲۰
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے ہدایت دی ہیکہ قومی اور ریاستی شاہراہوں کو آپس میں جوڑنے والے دیہی راستوںکے سدھارکیلئے لائحہ عمل تیارکیا جائے۔ اس کا مقصد ریاست کے دیہی علاقوں میں راستوں کے جال کو بہتر بنانا ہے۔ ممبئی میں کل دیہی ترقیات کے محکمے کی میٹنگ میں وزیرِ اعلیٰ نے یہ ہدایت دی۔ وزیرِ اعلیٰ ٹھاکرے نے کہا کہ راستوں کے خاکے کی تیاری کے دوران اہم راستوں کو ترجیحی بنیادوں پر چنا جائے اور گتہ داروں کی جواب دہی طئے کی جائے۔ ساتھ ہی وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ دیہی معیشت کو بڑھاوا دینے والے کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ریاستی خواتین کمیشن کی صدر وجیہ راہٹکر نے کل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انھوںنے اپنا استعفیٰ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو پیش کیا۔ راہٹکر نے کہا کہ خواتین کمیشن کی صدارت کے بارے میں اُن کے ذریعے اٹھائے گئے معاملے کو عدالت کی جانب سے سماعت کیلئے قبول کرنے کے بعد وہ استعفیٰ دے رہی ہیں۔ وجیہ راہٹکر نے دعویٰ کیا کہ خواتین کمیشن کی صدر کی حیثیت سے انھوںنے گذشتہ ساڑھے تین سالوں میں کافی کام کیا ہے اور خواتین کو انصاف دلانے کی ہرممکن کوشش کی ہے۔ راہٹکر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
***** ***** *****
ماحولیات کے ریاستی وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے مہاراشٹر دِن یعنی ایک مئی تک مہاراشٹر کی سبھی میونسپل کارپوریشنوں اور نگر پالیکائوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوںکو ایک مرتبہ استعمال کیے جانے والے پلاسٹک سے آزاد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ریاست کے سبھی ڈویژنل کمشنروں‘ میونسپل کمشنروں اورضلع کلکٹروں کے ساتھ کل آدتیہ ٹھاکرے نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت کی۔ انھوںنے ہدایت دی کہ پلاسٹک کے مضر اثرات کے بارے میں عوامی بیداری پھیلانے کے مقصد سے ہر علاقائی خود مختار ادارہ لائحہ عمل تیار کرے اور 20/ جنوری تک اس کا خاکہ پیش کرے۔
***** ***** *****
وَردھا ضلعے کے ہنگن گھاٹ میںپٹرول چھڑک کر جلائی گئی خاتون ٹیچرکی حالت نازک ہوگئی ہے۔ اسپتال کے ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ اس بیچ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے ہدایت دی کہ اس خاتون ٹیچر کے علاج کا مکمل خرچ‘ وزیرِ اعلیٰ میڈیکل ریلیف فنڈ سے کیا جائے۔ اس دوران ریاستی وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے اعلان کیا کہ یہ مقدمہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلایا جائیگا۔ ریاستی خواتین کمیشن پہلے ہی اس معاملے میں وردھا پولس سپرنٹنڈنٹ کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دے چکا ہے۔
اس درمیان متاثرہ خاتون کو انصاف دلانے کے مطالبے پر کل ہنگن گھاٹ میں بند منایا گیا۔ دوسری جانب ضلع بار اسوسی ایشن نے اپیل کی کہ کوئی بھی وکیل عدالت میں ملزموں کی پیروی نہ کرے۔
***** ***** *****
خواتین کی حفاظت کیلئے بنائے گئے قوانین کو مزید سخت بنانے کی ضرورت ہے۔ امراوتی کی رکنِ پارلیمنٹ نونیت رانا نے کل لوک سبھا میں یہ بات کہی۔ وردھا ضلعے کے ہنگن گھاٹ میں خاتون ٹیچر کو جلائے جانے کے واقعے پر نونیت رانا نے ایوان کی توجہ مبذول کروائی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے گورنر جناب بھگت سنگھ کوشیاری آج جالنہ ضلعے کے دورے پر تشریف لارہے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران گورنر جالنہ کے داوَل واڑی میں مہاراشٹر ہائبریڈ سیڈس کمپنی اور اَنّ اَمرت فائونڈیشن کے ذریعے شروع کی جارہی مڈ ڈے میل اسکیم کا افتتاح کریںگے۔
***** ***** *****
ناندیڑ اور اورنگ آباد کے درمیان چل رہی خصوصی ٹرین کی مدت کو 31/ مارچ تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اس خصوصی ٹرین میںآج سے تین ڈبے مستقل طور پر جوڑے جائیں گے۔ جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ ڈویژنل دفتر کے مینیجر اُپیندر سنگھ نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
آکاشوانی‘ اورنگ آباد کے سابق اُردو پروگرام انائونسر اورمعروف ادیب نورالحسنین کے اعزاز میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کا شعبۂ اردو ایک روزہ قومی سیمینار کا انعقاد کرنے جارہا ہے۔ ’’نورالحسنین: شخصیت اور فن‘‘ عنوان کے تحت دس فروری پیر کے روز یہ سیمینار منعقد ہوگا۔ یونیورسٹی کے شعبۂ اُردو کے صدر ڈاکٹر شیخ محی الدین نے بتایا کہ سرسیّد کالج کے بانی پروفیسر تلاوت علی سیمینار کا افتتاح کریں گے، جبکہ ڈاکٹر رفیق زکریا کالج فار وومن‘ نوکھنڈہ کی پروفیسر ڈاکٹر شرف النہار کلیدی خطبہ پیش کریں گی۔
***** ***** *****
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی تین ایک روزہ کرکٹ مقابلوں کی سیریز کی آج سے شروعات ہورہی ہے۔ پہلا مقابلہ آج ہیملٹن میں کھیلا جارہا ہے۔ بھارت اس سے قبل کھیلی گئی پانچ T-20 مقابلوںکی سیریز پانچ۔ صفر سے جیت چکا ہے اور اسکے حوصلے کافی بلند ہیں۔ وہیں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی خراب کارکردگی سے باہر نکلنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔
***** ***** *****
جنوبی افریقہ میں جاری اَنڈر19-/ کرکٹ عالمی کپ میں بھارتی ٹیم نے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ کل کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو دَس وکٹ سے ہرادیا۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم‘ 43/ اووروں میں 172/ رَن ہی بناسکی۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے 36/ ویں اوور میں ہی یہ نشانہ حاصل کرلیا۔ فائنل مقابلہ اتوار کے روز کھیلا جائیگا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment