Saturday, 15 July 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 15.07.2017, Time : 8.40 to 8.45 AM
 
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 15  July  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  : ۱۵؍ جولائی  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 مواصلات کے مملکتی وزیر منوج سنہا نے کہا ہے کہ دسمبر 2018ء تک ملک کی دو لاکھ گرام پنچایتوں کو براڈ بینڈ خدمات فراہم کرنا حکومت کا ہدف ہے۔ بھارت سنچار نگم لمیٹیڈ کے جدید ترین Next Genration Optical Transport Network  یعنی NGOTN تکنالوجی کا کل ممبئی میں افتتاح کرتے ہوئے سنہا نے یہ بات کہی۔ انھوں نے بتایا کہ 330/ کروڑ روپئوں کی لاگت والا یہ پروجیکٹ مزید 100/ شہروں میں شروع کیاجائے گا۔ سنہا نے نیٹ ورک کی جدید کاری کرتے ہوئے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ خدمات فراہم کرنے پر BSNL کی تعریف کی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 ریاست کے مقروض کسانوں کو خریف کی فصلوں کے لیے فوری طورپر 10/ ہزار روپئے قرض فراہم کرنے کے منصوبے میں مہاراشٹر حکومت نے 31/ اگست تک توسیع کردی ہے۔ یہ مدت آج ختم ہورہی تھی جس میں اب توسیع کی گئی ہے۔ اس بارے میں سرکاری حکمنامہ کل جاری کیا گیا۔
 دریں اثناء شیوسینا نے کہا کہ دس ہزار روپئوں کا یہ قرض کسانوں کو نہیں مل رہا ہے۔ ریاست کے ٹرانسپورٹ کے وزیر دِواکر رائوتے نے ایک خط کے ذریعے وزیرِ اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ سبھی امدادِ باہمی اور نیشنلائز بینکوں کو قرض فراہمی کے بارے میں فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی جائے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ کسانوں کو 24/ گھنٹوں میں قرض مہیا کروایا جائے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 اس بیچ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی رہنما اور سابق نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے انتباہ دیا ہیکہ ان کی پارٹی تب تک مانسون اجلاس کا کام کاج نہیں ہونے دیگی جب تک حکومت کسانوں کو دی گئی قرض معافی سے متعلقہ اعداد و شمار ظاہر نہیں کرتی۔ اجیت پوار کل نندوربار میں پارٹی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ انکی پارٹی اجلاس کے پہلے دن سے اپنا مطالبہ پیش کریگی۔ پوار نے شیوسینا کی جانب سے بینکوں کے باہر کیے گئے ڈھول بجائو آندولن پر بھی تنقید کی۔ اس دوران دھولیہ میں بھی پارٹی کارکنوں کے اجلاس میں پوار نے شیوسینا پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسانوں کی فکر ہے تو فوری اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 انکم ٹیکس محکمے نے ایسے پانچ لاکھ 56/ ہزار افراد کی نشاندہی کی ہے جنھوں نے نوٹ بندی کے بعد جو رقومات جمع کروائی تھیں وہ انکے ٹیکس گوشواروں سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ وزارتِ خزانہ نے کہا کہ دیگر ایک لاکھ ایسے افراد کا بھی پتہ لگایا گیا ہے جنھوں نے آپریشن ’’کلین مَنی‘‘ کے پہلے مرحلے میں ای۔ ویریفکیشن کے دوران اپنے سبھی بینک کھاتوں کا انکشاف نہیں کیا۔ پہلے مرحلے میں جمع کرائی گئی بڑی رقومات کی ای ویریفکیشن کیلئے تقریباً 18/ لاکھ افراد کی نشاندہی کی گئی تھی جن میں سے 9/ لاکھ 72/ ہزار افراد نے آن لائن جواب پیش کردیا تھا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 مہاراشٹر کے بیشتر حصوں میں کل دن بھر بارش کا سلسلہ جای رہا۔ ممبئی‘ پونے اور کوکن سمیت کئی علاقوں میں بارش کی آمد ہوئی۔ ناسک ضلعے میں پرسوں رات سے شروع ہوئی بارش کل دوپہر تھم گئی۔ کل صبح تک ناسک ضلع میں 757/ ملی میٹر بارش درج کی گئی، جہاں اِگت پوری تعلقے میں سب سے زیادہ بارش ہوئی۔ ترمبکیشور اور سُرگانا میں ہوئی موسلا دھار بارش سے گوداوری ندی میں طغیانی آگئی۔ ضلعے کا گنگاپور ڈیم 50% اور دارنا ڈیم 71% لبریز ہوچکا ہے۔دارنا ڈیم سے فی الوقت پندرہ ہزار گھن فٹ فی سیکنڈ کے حساب سے پانی چھوڑا جارہا ہے اس لیے گوداوری ندی کے کنارے آباد لوگوں کو چوکسی کا اشارہ دیدیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے اورنگ آباد‘ جالنہ اور ہنگولی ضلعوں میں بھی کل بارش کی آمد ہوئی۔ اگلے دو دنوں میں ریاست میں کوکن‘ وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ میں بارش ہونے کے امکان کا اظہار پونے دفترِ موسمیات نے کیا ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 بیڑ ضلع کے مانجل گائوں تعلقے کے دِدروڑ گائوں کے ایک کسان نے محکمۂ موسمیات کے خلاف پولس میں شکایت درج کروائی ہے۔ اپنی طرز کے منفرد معاملے میں کسان نے الزام لگایا ہے کہ محکمۂ موسمیات کی جانب سے کی گئی غلط پیشن گوئی سے وہ گمراہ ہوا ہے۔ کسان کا کہنا ہے کہ محکمۂ موسمیات نے اس سال وقت پر اور بھر پور بارش ہونے کی پیشن گوئی کی تھی جسکے مدِنظر اس نے تخم ریزی کرلی۔ تاہم اب بارش نہ ہونے سے اس کا نقصان ہورہا ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 مستقبل میں لاتور شہر کو ریلوے کے ذریعے پانی فراہمی کی نوبت پیش نہ آئے اس ضمن میں لائحۂ عمل تیار کرنے کی ہدایت وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تیار کردہ لائحۂ عمل کو فوری منظوری دی جائیگی۔ وزیرِ اعلیٰ‘ لاتور ضلع جائزہ اجلاس میں بول رہے تھے۔
 اجلاس میں لاتور کے رابطہ وزیر سنبھاجی پاٹل نلنگیکر اور لاتور ضلع پریشد کے صدر ملند لاتورے بھی موجود تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ لاتور شہر کے کچرے کے نپٹارے کے پروجیکٹ اور میونسپل کارپوریشن کے کام کاج کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے ضروری فنڈفراہم کیے جائیں گے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 جموں و کشمیر میں اَمرناتھ یاترا پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے خلاف کل لاتور میں شیوسینا کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ شہر کے گاندھی چوک میں  اس ضمن میں احتجاج کیا گیا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 26.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 26 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...