Saturday, 3 November 2018

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 03.11.2018 ,Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 November 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳؍ نومبر  ۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
چھوٹے‘ بہت چھوٹے اور درمیانی درجے کے صنعتکاروں کو اب 59/ منٹ میں ایک کروڑ روپئوں تک کا قرض دیا جائیگا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یہ اعلان کیا۔ مودی کل نئی دلّی میں صنعتکاروں کو امداد فراہم کرنے سے متعلق تقریب میں بول رہے تھے۔ مودی نے مزید کہا کہ اشیاء اور خدمات ٹیکس‘ GST میں اندراج شدہ چھوٹے صنعتکاروں کو ایک کروڑ روپئوں تک کے قرض کے سود میں دو فیصد رعایت بھی دی جائیگی۔
 وزیرِاعظم نے کہا کہ چھوٹے کاروباریوں کی بدولت کروڑوں لوگوں کو روزگار میسر آتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسے کاروباریوں کو آسان اور سستا قرض فراہم کیا جائیگا‘ مصنوعات کیلئے بازار دستیاب کروائے جائینگے اور ساتھ ہی کاروبار آسان بنایا جائیگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ مالیات ارون جیٹلی نے کہا کہ چھوٹے صنعتکاروں کی معیشت ملک کی معیشت کیلئے کافی اہمیت رکھتی ہے۔
***** ***** *****
 ممبئی ہائیکورٹ نے بحرِ عرب میں تعمیر کیے جارہے شیواجی مہاراج کے میموریل کی تعمیر پر روک لگانے سے انکار کردیا ہے۔ عدالت اُن تین مفادِ عامّہ کی عرضیوں کی سماعت کررہی تھی جن میں ریاست میں قحط اور معاشی دشواریوں کو جوازبتاکر میموریل کی تعمیر کیلئے خطیر رقم خرچ کرنے پر اعتراض اُٹھایا گیا تھا۔ ممبئی ہائیکورٹ میں اس معاملے پر جسٹس نریش پاٹل اور جسٹس جی ایس کلکرنی پر مشتمل بینچ کے سامنے سنوائی ہوئی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے داخل کردہ حلف نامے میں کہا گیاکہ اس تعمیر کیلئے تین ہزار چھ سو کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔ عدالت نے یہ کہتے ہوئے مداخلت کرنے سے انکار کردیا کہ یہ معاملہ پالیسی سازی سے جڑا ہوا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے تقررات کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ مہاراشٹر حکومت 4/ ہزار 738/ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے تقررات کی کالجوں کو اجازت دیگی۔ وزیرِ تعلیم ونود تائوڑے نے یہ بات کہی۔ تائوڑے کل ممبئی میں بول رہے تھے۔
 انھوں نے کہا کہ کالجوں میں Clock Hour Basis یعنی CHB پر کام کررہے اساتذہ کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
 مہاراشٹر کے تعلیمی اداروں کے سربراہوں کی جانب سے کل منائے گئے ریاست گیر تعلیمی بند کا ملا جلا اثر دیکھا گیا۔ خانگی تعلیمی اداروں نے جہاں اپنے اسکول بند رکھے وہیں ضلع پریشد اور نیم سرکاری اداروں کے اسکول اور کالج حسب ِ معمول جاری رہے۔ مراٹھواڑہ کے اورنگ آباد‘ جالنہ‘ پربھنی‘ ہنگولی‘ ناندیڑ‘ لاتور‘ عثمان آباد اور بیڑ ضلعوں میں بند کا خاصا اثر رہا۔ تعلیمی اداروں کے سربراہوں کی تنظیم کے صدر رام داس پوار نے یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ’’پوِتر‘‘ پورٹل کے ذریعے تعلیمی اداروں کے حقوق سلب کررہی ہے۔ پوار نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی سوسائٹیوں کو ماضی میں دی جانے والی امداد دوبارہ بحال کی جائے۔
***** ***** *****
 پربھنی شہر میں ڈینگو کے مرض کے بڑھتے معاملات کے پس ِ منظر میں عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل میئر مینا وَڑپُڑکر نے کی ہے۔ کل منعقدہ اخباری کانفرنس میں بولتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پربھنی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ڈینگو کے مرض پر قابو پانے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ محکمۂ صحت کے عملے نے گذشتہ مہینے پربھنی میں گھر گھر جاکر معائنہ کیا۔ میئر نے بتایا کہ اس دوران 301/ افراد کے خون کے نمونوں کی جانچ کی گئی جن میں سے 31/ افراد کو ڈینگو سے متاثرہ پایا گیا۔
***** ***** *****
 ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے پر ممبئی کے راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف تکنالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر اُدّھو بھوسلے کو نامزد کیا گیا ہے۔ گورنر سی ودّیا ساگر رائو نے ایک حکمنامے کے ذریعے ڈاکٹر بھوسلے کے تقرر کا اعلان کیا۔ واضح ہو کہ ڈاکٹر پنڈت ودّیا ساگر رائو کی بطورِ وائس چانسلر‘ گذشتہ 31/ اگست کو مدت ختم ہوگئی تھی‘ جس کے بعد اب ڈاکٹر بھوسلے کا تقرر عمل میں آیا۔
***** ***** *****
 مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس قحط کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آج جالنہ ضلع کے دورہ پرہیں۔ اس تناظر میں شہر کے ٹریفک نظام میں صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک کیلئے تبدیلی کی گئی ہے۔ پولس انتظامیہ نے بتایا کہ عنبڑ چوراہے تا سٹی زن ٹی پوائنٹ راستے کے ٹریفک کو بھوکردن چوراہے اور منٹھا چوراہے کے راستے پر موڑ دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے اسپتالوں اور صحت مراکز کے OPD دیوالی کے دوران چھ اور آٹھ نومبر کو حسب ِ معمول کھلے رہیں گے۔ کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہیکہ 24/ گھنٹے خدمات فراہم کرنے والے کارپوریشن کے اسپتال بھی اس دوران کھلے رہیں گے۔
***** ***** *****
 شیوسینا صدر اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہیکہ اُنکی پارٹی قحط سے متاثرہ افراد کی ہر طرح سے مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔ ممبئی میں کل شیوسینا کے اراکینِ اسمبلی‘ رہنمائوں اور ضلع عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا‘ جس کے بعد اخباری کانفرنس میں بولتے ہوئے ٹھاکرے نے یہ بات کہی۔
 اس موقعے پر اُدّھو ٹھاکرے نے رام مندر کی تعمیر کے معاملے پر حکومت اور راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ پر بھی تنقید کی۔
***** ***** *****
 خواتین کے آل انڈیا بین الیونیورسٹی کشتی مقابلوں کا کل اورنگ آباد میں آغاز ہوا۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے کارگذار وائس چانسلر اشوک تیجنکر نے یونیورسٹی احاطے میں موجود اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا مرکز میں مقابلوں کا افتتاح کیا۔ ان مقابلوں میں ملک بھر کی 87/ یونیورسٹیوں کے 750/ کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
***** ***** ***** 

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 05.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 05 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...