Saturday, 8 February 2020



Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 08.02.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 08 February-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۸؍ فروری  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے مہاتما جیوتی باپھلے قرض مکتی اسکیم کے تحت قرض معافی کے معاملات کو یکم اپریل سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کل وزیرِ اعلیٰ نے ممبئی میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے تمام ڈویژنل کمشنرس‘ ضلع کلکٹروں اور بینک عہدیداروں سے ایک میٹنگ کی اور قرض معافی اسکیم کا جائزہ لیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت 21/ فروری سے تمام دیہاتوں کیلئے فہرست جاری کی جائیگی، جس کے بعد اس منصوبے پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے سرکاری افسران و ملازمین سے کسانوںکے ساتھ شائستہ برتائو کرنے کی اپیل کی اورہدایت دی کہ کسانوں کے مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے کی کوشش کی جائے۔
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ توانائی نتن رائوت نے اطلاع دی ہے کہ حکومت گھریلو صارفین کو 100/ یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کی تجویز پر غور کررہی ہے۔ وزیرِ موصوف نے کل ممبئی میں بتایا کہ دہلی کی ریاستی حکومت کی طرز پر اس اسکیم پر عمل آوری کیلئے مطالعے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو تین ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ رائوت نے مزید بتایا کہ ریاستی حکومت کسانوںکو زراعت کیلئے روزانہ بجلی فراہمی پر بھی غور کررہی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھی زبان کے ریاستی وزیر سبھاش دیسائی نے مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ سے ایک خط کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست کی قومی بینکوں‘ ریلوے اور ڈاک خانوںمیں سہ زبانی فارمولے کے مطابق مراٹھی زبان کے استعمال پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ دیسائی نے ریاست میں مرکزی حکومت کے دفاتر میں سہ زبانی فارمولے پر عمل درآمد نہ ہونے کی شکایات موصول ہونے کے بعد یہ خط اِرسال کیا ۔
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ داخلہ اَنیل دیشمکھ نے ایک ٹیوٹر پیغام کے ذریعے ہنگل گھاٹ میں جلائی گئی خاتون کے مقدمے کی پیروی کیلئے سینئر قانون داں اُجول نکم کو مقرر کرنے کی اطلاع دی ہے۔ دریں اثنائ‘ خواتین و اطفال کی بہبودکی ریاستی وزیر یشومتی ٹھاکر نے بتایا کہ مذکورہ خاتون کے اہلِ خانہ کو منو دھیریہ اسکیم کے تحت مکمل امداد فراہم کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ اغذیہ و رسد رام ولاس پاسوان نے وضاحت کی ہے کہ ایک قوم ایک راشن کارڈ اسکیم کے تحت اب نئے راشن کارڈ جاری نہیں کیے جائیں گے۔ وزیرِ موصوف نے کل راجیہ سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انھوںنے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت رعایتی داموں پر اناج حاصل کرنے کیلئے ملک بھر میں قدیم راشن کارڈ کے حامل افراد اہل رہیں گے۔ انھوںنے واضح کیا کہ نئے راشن کارڈ بنانے سے متعلق سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جارہی خبریں بے بنیاد ہیں۔ اس موقع پر پاسوان نے انتباہ دیا کہ فرضی راشن کارڈ بنانے والوں کی مرکزی جانچ ایجنسی CBI کے ذریعے تحقیقات کی جائیگی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے واضح کیا ہے کہ انکم ٹیکس کے نئے ڈھانچے میں 70/ سے زائد کٹوتیوں کو منسوخ کردیا گیا ہے، جبکہ متعدد مراعات برقرار رہیں گی۔ وزیرِ موصوفہ نے کل ممبئی میں صنعت‘ کاروباری طبقے‘ سرمایہ کاروں اور کسان تنظیموں کے نمائندوں سے گفت و شنید کی۔ اس موقع پر انھوںنے یہ اطلاع دی۔ انھوںنے بتایا کہ مرکزی حکومت ٹیکس کے نظام کو مزید آسان بنانے کی کوشش کررہی ہے اور اسی کے پیشِ نظر نیا ٹیکس ڈھانچہ متبادل کے طور پر دیا گیا ہے۔ وزیرِ خزانہ نے اس موقع پر یہ اعتماد بھی ظاہر کیا کہ انشورنس کارپوریشن آف انڈیا کی ابتدائی عام فروخت کی تجویز‘ زیادہ سے زیادہ خوردہ سرمایہ کاروں کو راغب کرے گی۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کے حزبِ اختلاف کے قائد دیویندر پھڑنویس نے انتباہ دیا ہے کہ موجودہ ریاستی حکومت اگر مراٹھواڑہ واٹر گریڈ منصوبے کو منسوخ کرتی ہے تو وہ سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔ پھڑنویس نے کل پربھنی میں ریاستی سطح کے زرعی سنجیونی مہوتسو کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انھوںنے یہ انتباہ دیا۔ انھوں نے بتایا کہ مراٹھواڑہ کی عوام کو صاف اور خالص پانی کی فراہمی کے پیشِ نظر اس اسکیم کو منظوری دی گئی تھی۔ اسی دوران پھڑنویس نے وسنت رائو نائیک زرعی یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے اسکالر شپ میں اضافے کے مطالبے پر جاری احتجاج میں شامل طلبہ سے کل ملاقات کی۔
***** ***** *****
دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے آج رائے دہی ہورہی ہے، جس کا آغاز آج صبح آٹھ بجے سے ہوچکا ہے۔ اسمبلی کی 70/ نشستوں کیلئے 672/ امیدوار میدان میں ہیں۔ رائے شماری آئندہ 11/ فروری کو ہوگی۔
***** ***** *****  
ناسک ضلع کے لاسل گائوں میں کل پیاز کی برآمد کیلئے اجازت ناموں کی فراہمی کیلئے مختلف کسان تنظیموں نے بازار کمیٹی کے احاطے میں واقع پانی کی ٹاکی پر چڑھ کر احتجاج کیا۔ پولس کی جانب سے کی گئی ثالثی کے بعد احتجاج واپس لے لیا گیا۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 25.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 25 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...