Friday, 14 July 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 14.07.2017, Time : 8.40 to 8.45 AM
 
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 14  July  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  : ۱۴؍ جولائی  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 ریاست میں تلہن کی پیداوار اس سال زیادہ ہوئی ہے۔ لہٰذا کسانوں کے مفاد کے مدِنظر مرکزی حکومت ایکسپورٹ ڈیوٹی میں اضافہ کرے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر فرنویس نے مرکزی وزیر برائے صنعت و تجارت نرملا سیتا رمن کو لکھے ایک مکتوب میں یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ پام تیل پر گذشتہ دو برسوں سے ساڑھے سات تا ساڑھے بارہ فیصد برآمدی ٹیکس عائد کیا جاتا ہے جس سے کسانوں کا نقصان ہورہاہے۔ لہٰذا کچے کھانے کے تیلوں پر ٹیکس میں 35/ فیصد جبکہ ریفائنڈ تیلوں پر 50/ فیصد اضافہ کیا جائے۔ وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی وضاحت کی کہ برآمدی ٹیکس میں اضافہ سے حکومت پر بناء کسی بوجھ کے آٹھ ہزار کروڑ روپئے تک محصول میں اضافہ ہوگا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 ریاست کے بارہ اَضلاع میں دوبارہ تخم ریزی کی نوبت آگئی ہے۔ لہٰذا حکومت کسانوں کو کھاد اور بیج مفت فراہم کریں۔ اسمبلی میں حزبِ اختلاف رہنما رادھا کرشن وکھے پاٹل نے یہ مطالبہ کیا ہے۔ کل ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جناب پاٹل نے کہا کہ فصل قرض اور تخم ریزی کے لیے دی جارہی دس ہزار روپیوں کی سرکاری امداد سے متعلق اطمینان بخش معلومات موصول نہیں ہورہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جولائی کے وسط تک بینکوں نے مقررہ ہدف کا نصف فیصدی قرض تقسیم کیا ہے اور اس اسکیم کے تحت صرف ایک کروڑ روپئے ہی کسانوں میں تقسیم کیے گئے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 کسانوں کی قرض معافی کی اسکیم پر مؤثر عمل درآمد کے لیے حکومت نئے رہنما خطوط جاری کرنے پر غور کررہی ہے۔ یہ بات ایک سینئر سرکاری افسر نے کہی ۔ گذشتہ 2008ء میں اس وقت کی حکومت کی جانب سے مکمل قرض معافی اسکیم میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں ہوئی تھیں۔ یہ بات وزیرِ اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہی ہے۔ لہٰذا موجودہ قرض معافی اسکیم کو گذشتہ نقائص سے پاک کرنے کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کیے جائیں گے۔ یہ بات بھی متعلقہ آفیسر نے P.T.I. سے گفتگو کے دوران کہی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 دریائے گوداوری کے پانی کی مشترکہ منصوبہ بندی رپورٹ کمیٹی کے صدر کے۔ پی۔ بخشی نے کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر فرنویس کو پیش کردی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے دیگر دریائوں کے پانی کی بھی مشترکہ منصوبہ بندی رپورٹ تیار کی جائیگی۔ اس کے بعد پوری ریاست کی مشترکہ آبی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ جناب فرنویس نے مزید کہا کہ کسی دریا کے پانی کی منصوبہ بندی پر مبنی مشترکہ رپورٹ تیار کرنے والی مہاراشٹر ملک کی اولین ریاست ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 ممبئی کے اوشی واڑہ علاقے میں تلسی کوآپریٹیو ہائوزنگ سوسائٹی کے نام سے جعلی ہائوزنگ سوسائٹی کے نام پر سرکاری زمین حاصل کرکے اس پر عمارات کی تعمیر کے معاملے میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے پنکج بھجبل اور سمیر بھجبل کے خلاف انسدادِ بدعنوانی محکمہ نے جعلسازی کے معاملے کا اندراج کروایا ہے۔ اس معاملے میں ان دونوں قائدین کے ساتھ ممبئی کے محکمۂ ہائوزنگ ڈیولپمنٹ کے مختلف شعبوں کے افسران اور ملازمین بھی شامل ہیں۔ پولس نے ان عمارات سے اہم ثبوت اور دستاویزات بھی ضبط کی ہے۔ واضح رہے کہ غیر محسوب دولت اور مہاراشٹر سدن کی تعمیر کے معاملے میں اس سے قبل بھی بھجبل خاندان پر کاروائی ہوچکی ہے۔ سابق وزیر چھگن بھجبل ان ہی معاملات میں فی الحال جیل میں ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 ریاست کی جیلوں میں جاری بے ضابطگیوں کی عدالتی جانچ کی جائے اور خاطیوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی قائد نواب ملِک نے یہ مطالبہ کیا ہے۔ کل ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ملِک نے کہا کہ بھائیکلہ جیل میں منجولہ شیٹے کا قتل‘ ناگپور کی جیل میں قدیوں کے پاس موبائل‘ جیل کی خواتین افسران کا جنسی استحصال جیسے کئی واقعات جیلوں میں ہورہے ہیں۔ ان واقعات کی ابھی تک خاطر خواہ تحقیقات نہیں کی گئی۔ جناب ملِک نے گائے کے گوشت کے شبہ میں جاری مارپیٹ کے واقعات کے تناظر میں کہا کہ بھینس کا گوشت بیف نہیں ہے‘ لہٰذا اس ضمن میں حکومت عوامی بیداری پیدا کریں۔ دریں اثناء منجولہ شیٹے قتل معاملے میں کل خواتین اراکینِ پارلیمنٹ نے بھائیکلہ جیل کا دورہ کیا اور قیدیوں سے ان کے مسائل پر گفتگو کی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے افسران اگر خاطی قرار پائے گئے تو انہیں سزائیں دی جائیگی۔ یہ بات مرکزی وزیرِ ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے کہی ہے۔ 2011ء تا 2015ء کے درمیان ایک امریکن کمپنی نے ہائی وے اتھاریٹی کو تقریباً دس لاکھ امریکن ڈالر رشوت دئیے جانے کی بات کہی ہے۔ اس کمپنی نے امریکی محکمۂ انصاف میں اس ضمن میں ایک شکایت داخل کی ہے۔ اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 ریاست بھر سے کل بارش کی اطلاعیں موصول ہوئی ہیں۔ مراٹھواڑہ‘ وردبھ اور خاندیش سمیت ریاست بھر میں کل زوردار بارش ہوئی۔ مراٹھوا ڑہ میں اورنگ آباد‘ بیر‘ پربھنی‘ ہنگولی ‘ ناندیڑ اور عثمان آباد اَضلاع کے تقریباً سبھی مقامات پر بارش ہوئی۔ آئندہ چار دنوں تک وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ میں بارش کے امکانات کی پیش گوئی محکمۂ موسمیات نے کی ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے نیشنل الیکٹرانک فنڈ ٹرانسفر (NEFT) اور (RTGS) Real Time gross settelment کی فیس میں 75/ فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک ہزار روپیوں تک کی Immediate Payment Service (IMPS)  کے ذریعے کھاتے میں منتقل کرنے کی فیس ختم کردینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ کل سے ان خدمات پر یہ نئی شرحیں لاگو ہوں گی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 25.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 25 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...