Wednesday, 10 July 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 10.07.2019 , Time : 8.40-8.45 AM


Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 10 July 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۰؍ جولائی ۲۰۱۹ ؁
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مراٹھواڑہ اور ودربھ کے اقلیتی فرقے کی خواتین کیلئے خود امدادی بچت گروپ قائم کرکے ان کی صلاحیتوں کو اُبھارنے کیلئے تربیت دی جائیگی۔ اس اسکیم کو کل منعقدہ ریاستی کابینی اجلاس میں منظوری دیدی گئی۔ اقلیتی فرقے کی خواتین کے معاشی استحکام کیلئے ان بچت گروپوں کے ذریعے مراٹھواڑہ کے جالنہ، عثمان آباد، لاتور، ہنگولی اور بیڑ سمیت ریاست کے 14/ اضلاع میں 2800/ بچت گروپ قائم کیے جائیں گے۔ ان گروپوں کے ساتھ ناندیڑ، کارنجہ، پربھنی، اورنگ آباد، ناگپور ان پانچ شہروں میں خواتین کے اقتصادی ترقیاتی کارپوریشن کی معرفت انہیں تربیت دی جائیگی۔ اس اسکیم کیلئے 6/ کروڑ 23/ لاکھ روپئے منظور کیے گئے ہیں۔
***** ***** ***** 
مسلمہ اربابِ اختیار اداروں کی اجازت کے بغیر اراضی کے تبدیل شدہ مالکانہ حقوق کو قانونی شکل دینے کیلئے انعامی اراضی سے متعلق قانون میں ترمیم کو کل ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی۔ اس فیصلے کے تحت انعامی زمین کی قیمت کی 25/ فیصد رقم اور ڈیولپمنٹ و بیٹرمنٹ چارجیس جمع کرواکے یہ زمین گنٹے واری کے تحت ریگولرائز کی جاسکتی ہے۔
***** ***** ***** 
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے تھانہ ضلع کے شاہ پور حلقے کے رکنِ اسمبلی پانڈو رنگ ورورا نے اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا۔ اسمبلی اسپیکر ہری بھائو باگڑے کو انھوںنے اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ وروراکے مستعفی ہوجانے کے بعد اب ایوان میں این سی پی کے 40/ اراکین رہ گئے ہیں۔
***** ***** ***** 
ریاست میں شفاف پانی کی فراہمی کیلئے متاثرہ دیہاتوں میں حکومت کی جانب سے پانی صفائی کیلئے آر او پلانٹس لگائے گئے ہیں اور اب آئندہ موسمِ گرما میں ان پلانٹس کے ذریعے عوام کو ٹھنڈا پانی مہیا کرنے کی غرض سے چلر پلانٹس کی تنصیب کا کام شروع کیا جائیگا۔ اس خصوص میں کل منترالیہ میں منعقدہ ایک اجلاس کے بعد صفائی اور آبرسانی کے وزیر ببن رائو لونیکر نے دی۔
***** ***** ***** 
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہیکہ رکشہ مالکان و ڈرائیور کے مطالبات سے متعلق حکومت مثبت رویہ رکھتی ہے اور ان کی بہبود کیلئے عنقریب ایک بورڈ قائم کیا جائیگا۔ منترالیہ میں ریاست کے رکشہ ڈرائیوروں کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پھڑنویس نے کہا کہ آئندہ سات دنوں میں حکومت اور ان تنظیموں کے نمائندوںکی ایک کمیٹی تشکیل دی جائیگی۔ یہ کمیٹی رکشہ مالکان و ڈرائیوروں کیلئے شروع کی جانے والی اسکیموں کا جائزہ لے گی۔
***** ***** ***** 
مہاتما گاندھی کی 150/ ویں جینتی کی مناسبت سے وزیرِ اعظم نریندر مودی بی جے پی کے تمام اراکینِ پارلیمنٹ کو اپنے حلقوں میں ڈیڑھ سو کلومیٹر پدیاترا کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ پدیاترا 2/ اکتوبر کو گاندھی جینتی سے شروع کرکے 31/ اکتوبر کو سردار پٹیل کی جینتی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان پدیاترائوں کے ذریعے اراکینِ پارلیمنٹ اپنے حلقوں میں شجرکاری، قصبوں کی ترقی، زیرو بجٹ زراعت جیسے نکات پر عوامی بیداری مہم چلائیں گے۔
***** ***** ***** 
رکنِ اسمبلی نتیش رانے اور ان کے 18/ کارکنوں کو کل عدالت نے 23/ جولائی یعنی 14/ دنوں تک عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ نتیش رانے کی پولس تحویل کی مدت ختم ہونے کے بعد کل انہیں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ گذشتہ ہفتے نتیش رانے اور سوابھیمانی سنگھٹنا کے کارکنوں نے ممبئی۔ گوا شاہراہ کی خستہ حالی کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے شاہراہ کے ڈپٹی انجینئر پرکاش شیڑیکر پر گندگی اور کیچڑ ڈال دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد میں نتیش رانے نے معافی بھی مانگی تھی۔
***** ***** ***** 
پربھنی ضلع کے پالم تعلقے کے پیٹھ شیونی دیہات میں ضلع پریشد ثانوی اسکول کی عمارت کی تعمیرِ نو کو ریاستی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔نظام دورِ حکومت میں تعمیر شدہ اسکول کی یہ عمارت مخدوش ہوچکی تھی۔ بی جے پی کے سیکریٹری بھگوان کرنجے نے مطالبہ کیا تھا کہ نظام کے دور کی اس عمارت کو مرمت کی بجائے نئی عمارت تعمیر کی جائے۔
***** ***** ***** 
کوئنا ڈیم کے اطراف و اکناف میں کل شب دس بجے کے قریب زلزلے کے خفیف جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما پر اس زلزلے کی شدت 3/ ڈگری ریکارڈ کی گئی۔ تاہم اس زلزلے سے کسی بھی قسم کے جانی یامالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔
***** ***** ***** 
انگلینڈ میں جاری عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میںکل بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا گیا پہلا سیمی فائنل بارش کے باعث روک دیا گیا۔ جب کھیل روکا گیا تب تک نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 46.1/ اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 211/ رن بنائے تھے۔ موسم اچھا رہا تو یہ میچ آج اسی اسکور سے آگے کھیلا جائیگا۔ اگر آج کا دن بھی بارش کی نذر ہوجاتا ہے تو لیگ اسٹیج پر زیادہ میچز جیتنے کی وجہ سے بھارت کو فائنل میں داخلہ دیا جائیگا۔
***** ***** ***** 

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 23 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 23 April-2026 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں...