Thursday, 11 July 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 11.07.2019 , Time : 8.40-8.45 AM


Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 11 July 2019
Time: 8:40 to 8:45 AM
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۱؍ جولائی ۲۰۱۹ ؁
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
گوا ودھان سبھا کے حزبِ اختلاف رہنما بابو کولیکر کی قیادت میں کانگریس کے 15/ اراکینِ اسمبلی میں سے 10/ اراکین علاحدہ گروپ بناکر کل بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوگئے۔ان اراکینِ اسمبلی نے گوا کے وزیرِ اعلیٰ پرمود ساونت کی موجودگی میں قانون ساز اسمبلی اسپیکر راجیش پاٹنکر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے فیصلے سے واقف کروایا۔ ا س کے بعد گوا اسمبلی میں بی جے پی کے اراکینِ اسمبلی کی تعداد 17/سے بڑھ کر 27/ ہوگئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ساونت نے کہا کہ ریاست میں پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ ساونت کی کابینہ کی آج تشکیلِ نو ہوگی، جس میں کانگریس سے بی جے پی میں آئے اراکینِ اسمبلی کو کابینہ میں شامل کیاجاسکتا ہے۔ اس کے علاو کچھ موجودہ وزیروں کو ہٹائے جانے کا بھی امکان ہے۔
***** ***** ***** 
کرناٹک میں کانگریس کے مزید 2/ اراکینِ اسمبلی نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ اسکے بعد وزیرِ اعلیٰ ڈی کمار سوامی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ اس بیچ ان باغی اراکینِ اسمبلی نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر جان بوجھ کر ان کا استعفیٰ قبول نہیں کررہے ہیں۔ سپریم کورٹ میں آج اس معاملے کی سماعت ہوگی۔ اس دوران ان باغی اراکین سے ملاقات کیلئے کل ممبئی آئے کانگریس رہنما اور کرناٹک کے آبی وسائل کے وزیر ڈی کے شیو کمار کو ممبئی پولس نے ملاقات سے روک دیا۔ پولس نے شیوکمار کو ہوٹل میں داخل ہونے سے روک دیا اور انہیں واپس بنگلورو بھیج دیا۔
***** ***** ***** 
مرکزی حکومت نے ’پردھان منتری گرام سڑک یوجنا‘ منصوبے کے تیسرے مرحلے کی توسیع کو منظوری دے دی۔ کل کابینی اجلاس کے بعد مرکزی وزیر پرکاش جائوڑیکر نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کے دوران یہ اطلاع دی۔ انھوںنے بتایا کہ حکومت نے چھوٹی اتھاریٹیوں کو ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اب 9/ اتھاریٹیوں کی بجائے ایک ہی اتھاریٹی کام کریگی۔ کابینہ نے بچوںکے جنسی استحصال مخالف قانون ’’POCSO 2012‘‘ میں اصلاح کرنے کے فیصلے کو بھی منظوری دی ہے۔
***** ***** ***** 
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے شرڈی ہوائی اڈّے کی توسیع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کی صدارت میں کل ممبئی میں مہاراشٹر ایئر پورٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی میٹنگ ہوئی، جہاں انھوںنے یہ ہدایت جاری کی۔ پھڑنویس نے مزید کہا کہ شرڈی ہوائی اڈّے کی نئی ٹرمینل بلڈنگ کا کام مکمل ہونے تک پرانے ٹرمینل کی توسیع فوری کی جائے۔
***** ***** ***** 
بھارتی ٹیم عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔ کل مانچسٹر میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 18/ رنوںسے ہرادیا۔ اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ عالمی کپ کے فائنل میں داخل ہوگیا ہے۔ بارش کی وجہ سے دو دنوں تک چلے بھارت۔ نیوزی لینڈ مقابلے میں پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے بھارت کے سامنے 240/ رنوں کا نشانہ رکھا۔ جواب میں بھارتی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور شروعات میں ہی وہ لڑکھڑانے لگی۔ نشانے کا پیچھا کرتے ہوئے پوری بھارتی ٹیم آخری تین گیندیں باقی رکھتے ہوئے 221/ رن پر آئوٹ ہوگئی۔ بھارتی بلّے باز روہت شرما‘ وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل پہلے چار اووروں میں ایک۔ ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری جانب رویندر جڈیجہ نے مشکل وقت میں 77/ رنوںکی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے جدوجہد جاری رکھی۔ وہیں مہندر سنگھ دھونی نے 49/ اور ہاردک پنڈیا اور رشبھ پنت دونوںنے 32/ رن بنائے۔ عالمی کپ کے دوسرے سیمی فائنل مقابلے میں آج برمنگھم میں آسٹریلیاء کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔ آج کا مقابلہ جیتنے والی ٹیم اتوارکے روز فائنل میںنیوزی لینڈ سے ٹکرائے گی۔
***** ***** ***** 
پٹرول اورڈیزل کی قیمتوںمیں ہورہے اضافے‘ کسانوںکیلئے قرض معافی اور بجلی بل معاف کرنے جیسے مطالبات پر کانگریس کی جانب سے کل اورنگ آباد میں حکومت مخالف مظاہرے کیے گئے۔ کانگریس کارکنوں نے حکومت مخالف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ انتخابات میں EVM کی جگہ بیلٹ پیپر کا دوبارہ استعمال کیاجائے۔
***** ***** ***** 
لاتور ضلعے کے بیشتر مقامات پر بارش نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کسانوں نے تخم ریزی نہیں کی ہے اور انہیں 25/ ہزار روپئے فی ہیکٹر کے حساب سے مالی امداد دی جائے۔ سوابھیمانی شیتکری سنگھٹنا کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا۔
سنگھٹنا کا کہنا ہے کہ انتہائی کم بارش کی وجہ سے لاتور ضلعے کے محض پانچ فیصد کسانوں نے ہی بوائی کی ہے اور انہیں بھی ان بیجوں کے فصل میں تبدیل ہونے کی اُمید نہیں ہے۔ سوابھیمانی شیتکری سنگھٹنا کے لاتور اور عثمان آباد ضلعوںکے سربراہ راجندر مورے نے کہا کہ ریاستی حکومت کو چاہیے کہ وہ اس مشکل وقت میں کسانوں کے ساتھ کھڑی رہے۔
***** ***** ***** 
اورنگ آباد ضلعے کے لاسوراسٹیشن میں کاروائی کرتے ہوئے پولس نے کل ایک لاکھ 18/ ہزار روپئوں کا گٹکا ضبط کیا۔ کرائم برانچ نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** ***** 

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 22.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 22 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...