Friday, 12 July 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 12.07.2019 , Time : 8.40-8.45 AM




Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 12 July 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۲؍ جولائی ۲۰۱۹ ؁
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ نے رواں تعلیمی سال سے مراٹھا ریزرویشن نافذ کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست کل مسترد کردی۔ جس سے یہ ریزرویشن نافذ کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ ایم بی بی ایس میں داخلہ طلب کرنے والے متعدد طلبہ نے یہ درخواست دائر کی تھی۔سماجی اورمعاشی طور پر پسماندہ طبقے کے لیے ریزرویشن قانون 30/ نومبر 2018 سے نافذ کیا گیا ہے۔ تاہم طبّی اور ڈینٹل کورسیس میںداخلے سے قبل ہی شروع ہوچکے تھے، جس پر درخواست گذاروں نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ ریزرویشن رواں تعلیمی سال سے نافذ نہیں کیا جاسکتا ‘ جسے حکومت نے مسترد کردیا اور عدالت کو بتایا کہ سال 2019-20 کے داخلوں میں ریزرویشن پر عمل درآمد کے لیے آئینی فیصلہ کیا گیا تھا۔
دریں اثناء ریاستی حکومت نے تعلیمی اور سماجی طور پر پسماندہ طبقے کو ریزرویشن دینے والے سن 2014کے حکمنامے کو کل آرڈیننس جاری کرکے منسوخ کردیا۔ جس کے باعث کھلے زمرے میں مختلف عہدوں پر کیے گئے تقررات عارضی طور پر منسوخ ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ریاست کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں آبپاشی منصوبوں کیلئے 80/ فیصد گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل پنڈھرپور میں اس خصوص میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** ***** 
سپریم کورٹ نے رام جنم بھومی۔ بابری مسجد معاملے میں جاری ثالثی کے عمل سے متعلق تازہ ترین رپورٹ آئندہ ایک ہفتے میں پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔چیف جسٹس رنجن گگوئی کی زیرِ صدارت قائم پانچ رکنی بینچ نے کل اس معاملے کی سماعت کی۔ عدالت نے اس خصوص میں قائم سہ رکنی کمیٹی کو جاری ماہ کی 18/ تاریخ کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ بینچ نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں 18/ تاریخ کو آئندہ کے لیے ہدایت جاری کرے گا۔
***** ***** ***** 
کرناٹک اور گوا میں پیش آئے سیاسی واقعات کے پس منظر میں کانگریس پارٹی کے اراکینِ پارلیمنٹ نے کل پارلیمنٹ کے احاطے میں مظاہرہ کیا۔ یوپی اے کی چیئرپرسن سونیا گاندھی‘ راہل گاندھی سمیت دیگر قائدین نے مہاتما گاندھی کے مجسّمے کے روبرو ’’جمہوریت بچائو‘‘ کے نعرے لگائے۔
***** ***** ***** 
لوک سبھا میں کل کانگریس قائد راہل گاندھی نے کہا کہ ملک کا کسان آج شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ انھوںنے وزیرِ اعظم سے کسانوںکے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس معاملے میں جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیرِ داخلہ راجناتھ سنگھ نے کسانوں کی اس حالت کیلئے ملک پر کئی دہائیوں تک برسرِ اقتدار رہنے والی جماعت کو ذمہ دار قرار دیا۔ جس کے بعد کانگریس کے اراکین نے نعرے بازی کی اور ایوان سے واک آئوٹ کیا۔ دریں اثناء لوک سبھا میں سرِدست ریلوے سے متعلق گرانٹس کے مطالبہ پر راجیہ سبھا میں بجٹ پر بحث جاری ہے۔
***** ***** ***** 
شیوسینا سربراہ اُدّھو ٹھاکرے نے زراعت اور کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے خود مختار زرعی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹھاکرے کل ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے گفت وشنید کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ آئندہ بدھ کو ممبئی کے باندرہ۔ کُرلا کامپلیکس پر فصل بیمہ کے واجبات ادا نہ کرنے کی مذمت کیلئے جلوس نکالا جائیگا۔
***** ***** ***** 
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ تمام یونیورسٹیوں کو اپنی توسیع کے ساتھ ساتھ تعلیمی معیار میں ترقی کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں کل شولاپور میں اہلیا دیوی ہولکر شولاپور یونیورسٹی کی نئی انتظامی عمارت کا سنگ ِ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے یہ بات کہی۔
***** ***** ***** 
جماعت ِ اسلامی ہند اورنگ آباد کی خواتین شاخ کی جانب سے گذشتہ بدھ کو عید ملن پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کی ڈین ڈاکٹر کانن ییڑیکر، اورنگ آباد دیہی علاقے کی پولس سپرنٹنڈنٹ موکشدا پاٹل‘ جیجائو بریگیڈ کی صدر ہیما پاٹل نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ایس پی موکشدا پاٹل نے مسلم خواتین کو حصولِ علم کے ذریعے خود کفیل بننے کی صلاح دی۔ جماعت ِ اسلامی کی خواتین شاخ کی صدر فہیم النساء نے کہا کہ جماعت نے خواتین کے مسائل کے حل کیلئے مخصوص شعبہ قائم کیا ہے۔ جس سے مسلم خواتین استفادہ کررہی ہیں۔
***** ***** ***** 
انگلینڈ میں جاری عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں کل کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں میزبان انگلینڈ نے آسٹریلیاء کو 8/ وکٹوں سے شکست دے دی اور فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیاء نے انگلینڈ کے سامنے جیت کیلئے 223/ رنو ںکا ہدف رکھا، جسے انگلینڈ نے 32/ ویں اوور میںحاصل کرلیا۔ ان مقابلوںکا فائنل میچ آئندہ اتوار کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ے مابین ہوگا۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 21.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 21 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...