Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 08.07.2019 , Time : 8.40-8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 08 July 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۸؍ جولائی ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہیکہ شکر کارخانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے کاروبار کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ایتھینول سمیت دوسری ضمنی اشیاء تیار کرنے کی کوشش کریں۔ پونے میں کل اختتام پذیر ہوئی شکر کانفرنس کے موقع پر وزیرِ اعلیٰ اظہارِ خیال کررہے تھے۔پھڑنویس نے شکر کی صنعت کو ریاست کی معیشت کا اہم جز قرار دیا۔ تقریب میں مرکزی وزیر نتن گڈکری‘ امدادِ باہمی کے وزیر سبھاش دیشمکھ اور سابق مرکزی وزیر اور رکنِ پارلیمنٹ شرد پوارنے بھی شرکت کی۔ پھڑنویس نے مزید کہا کہ ایتھینول تیارکرنے کا پروجیکٹ لگانے کیلئے سنگل ونڈو سہولت فراہم کرنے کیلئے وزیروں کا خصوصی گروپ بنایا جائیگا۔
***** ***** *****
لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی اور قومی صدر راہل گاندھی کے استعفے کے بعد شروع ہوا استعفوںکا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ تازہ پیشِ رفت کے تحت کانگریس کے جنرل سیکریٹری جیوترادتیہ سندھیا اور ممبئی کانگریس کے صدرملند دیوڑانے کل اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا۔ سندھیا نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں عوام کی جانب سے کیا گیا فیصلہ انہیں قبول ہے اور وہ استعفیٰ دینے کے بعد بھی پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے قومی سطح پر کام کرتے رہیںگے۔ دوسری جانب ملند دیوڑا کی جانب سے جاری تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹر میں بی جے پی۔ شیوسینا کے ساتھ ساتھ ونچت بہوجن اگھاڑی کے اثرکو روکنا کانگریس کے سامنے بڑا چیلنج ہے۔ دیوڑا نے ممبئی کانگریس کی کمان تین رُکنی کمیٹی کو سونپے جانے کی سفارش بھی کی۔ واضح ہو کہ اس سال لوک سبھا انتخابات سے پہلے ملند دیوڑانے ممبئی کانگریس کے صدرکے طور پر باگ ڈور سنبھالی تھی۔
***** ***** *****
محصول کے ریاستی وزیر چندرکانت پاٹل نے اُمید ظاہر کی ہے کہ مراٹھا ریزرویشن‘ قانون کی سبھی کسوٹیوں پر کھرا اُترے گا۔ مراٹھا ریزرویشن فراہم کرنے کے عمل میں کلیدی کردار ادا کرنے والوں کا کل کولہا پور میں عوامی استقبال کیا گیا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاٹل نے یہ بات کہی۔ پاٹل نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں بھی مراٹھا ریزرویشن کو قائم رکھنے کیلئے ریاستی حکومت نے قانونی ماہرین کی مدد سے سبھی ضروری اقدامات کیے ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے ملک کی سبھی میونسپل کارپوریشنوں اور دیگر خود مختار اداروںسے اپیل کی ہیکہ وہ بارش کے پانی کو بچانے کیلئے کم از کم ایک تالاب کو بازیاب کریں۔ ہائوزنگ اور شہری ترقیات کی وزارت کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ زیرِ زمین پانی کو نکالنے اور اُسے دوبارہ زمین میں پہنچانے یعنی Recharge کے عمل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ پانی بچانے اور اُس کے صحیح استعمال کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک جولائی سے شروع ہوئے ’’جل شکتی ابھیان‘‘ کے تحت یہ رہنما خطوط جاری کیے گئے ہیں۔ جل شکتی ابھیان کا پہلا مرحلہ 15/ ستمبر تک چلے گا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کو مثالی شہر بنانے کیلئے عوام کا اپنے حقوق سے واقف ہونا اور عوامی نمائندوں سے سوال پوچھنا ضروری ہے۔ ا س خیال کا اظہار اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ سیّد امتیاز جلیل نے کیا۔ ’’اورنگ آباد ضلعے کی ترقی کے مواقع اورمسائل‘‘ عنوان کے تحت کل اورنگ آباد میں منعقدہ سیمینار میں انھوں نے یہ بات کہی۔ امتیاز جلیل نے مزید کہا کہ اورنگ آباد کی فرقہ وادنہ طور پر حساس شہر کی شبیہ کو بدل کر ترقی یافتہ شہر کے طور پر پہنچان دلوانے کا یہی صحیح وقت ہے۔
***** ***** *****
آج صبح اُتر پردیش کے آگرہ۔ لکھنؤ ایکسپریس وے پر ایک بس کے کھائی میں گرجانے سے ہوئے حادثے میں 29/ لوگوں کی موت ہوگئی۔ حادثے میں 24/ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے چھ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ یہ حادثہ آگرہ کے اعتماد پور تھانے کے قریب پیش آیا۔
***** ***** *****
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی نائب صدر الیاس یوسف نائیک واڑی کا کل سانگلی کے میرج میں انتقال ہوگیا۔ وہ 81/ برس کے تھے۔ انھوںنے سانگلی ضلع پریشد کے محکمۂ تعلیم میں ایجوکیشن آفیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ یوسف نائیک واڑی نے سال 1978ء میں اپنے سیاسی سفر کی شروعات کی۔ ان کی تدفین کل رات میرج میں عمل میں آئی۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کی ممبر سازی مہم کی کل اورنگ آباد میں شروعات ہوئی۔ اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدراور مرکزی وزیر رائو صاحب دانوے‘ صنعتوں کے وزیر اتل ساوے اور مراٹھواڑہ ترقیاتی کارپوریشن کے صدر ڈاکٹر بھاگوت کراڑ موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دانوے نے کہا کہ کارکنوں کو چاہیے کہ وہ بی جے پی کو اورنگ آباد ضلع میں پہلے نمبر پر لانے کی کوشش کریں۔
***** ***** *****
کرکٹ عالمی کپ سیمی فائنل مقابلوں میں کل بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ وہیں دوسرا سیمی فائنل مقابلہ جمعرات کے روز آسٹریلیاء اور انگلینڈ کے بیچ کھیلا جائیگا۔ عالمی کپ کا فائنل مقابلہ اتوار کو ہوگا۔ آسٹریلیاء نے اب تک پانچ مرتبہ عالمی کپ جیتا ہے جبکہ بھارت نے دو مرتبہ 1983 اور 2011 میں عالمی کپ اپنے نام کیا ہے۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ نے آج تک عالمی کپ نہیں جیتا ہے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment