Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 09.07.2019 , Time : 8.40-8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 09 July 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۹؍ جولائی ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
ریاست کے وزیرِ زراعت ڈاکٹر انیل بونڈے نے قحط سے متاثرہ کسانوں کو وزیرِ اعظم فصل بیمے کی رقم کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیرِ موصوف کل نئی دہلی میں مرکزی وزارتِ زراعت کی جانب سے منعقدہ ریاستوںکے زرعی شعبے کے وزیروں کی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے کپاس کے لیے دی جانے والی کم از کم ضمانتی قیمت میں 500/ روپئوں کے اضافے کا مطالبہ بھی کیا۔ بونڈے نے مزید بتایا کہ ریاستی کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ’مربوط کسان فلاحی منصوبے‘ پر عمل آوری کی جائیگی۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ نے کہا ہے کہ اسکول کے طلبہ کے Bags کا وزن کم کرنے سے متعلق نئے سرے سے ہدایت دینے کی ضرورت ہے۔ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس پردیپ نند راجوگ اور این ایم جمعدار کی بینچ نے وضاحت کی کہ عدالت محسوس کرتی ہے کہ اسکولی طلبہ کے بیگس پر کوئی غیر ضروری بوجھ نہیں ہے۔ بینچ نے درخواست گذار سواتی پاٹل سے کہا کہ وہ نیشنل ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ کائونسل کی ویب سائٹ پر اسکولی نصاب کا جائزہ لیں اور کوئی اعتراض ہو توعدالت کے علم میں لائیں۔
***** ***** *****
آبی منصوبوں کی حفاظت سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کے 297/ ڈیمس کی فوری طور پر مرمت کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ بقایہ ایک ہزار 55/ ڈیمس کی مناسب دیکھ بھال ضروری ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیاہے کہ ریاست کے ایک ہزار 358/ آبی منصوبوں کا سالانہ دومرتبہ موسمِ باراں سے قبل اوربعد میں معائنہ کیا جاتا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے ملازمین کے مہنگائی بھتے میں 3/فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے‘ جس سے یہ بھتہ 9/ فیصدسے بڑھ کر 12/ فیصد ہوگیا ہے۔ ریاستی وزیرِ خزانہ سدھیر منگنٹیوار نے یہ اطلاع دی۔ ریاستی محکمۂ خزانہ نے کل اس خصوص میں حکمنامہ جاری کیا، جس کے مطابق 1/ جنوری 2109 سے ساتویں اُجرتی کمیشن کے ذریعے طئے کی گئی بنیادی تنخواہ پر یہ اضافہ نافذ العمل ہوگا۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ مہنگائی بھتہ جاری مہینے سے نقد دیا جائیگا، جبکہ گذشتہ 6/ مہینوں کا بقایہ آئندہ حکمنامے کے مطابق دیاجائیگا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے آئندہ ریاستی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی بجائے بیلٹ پیپرکے ذریعے کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹھاکرے نے کل نئی دہلی میں اعلیٰ انتخابی کمشنر سنیل ارورہ سے ملاقات کی اور اس خصوص میں محضر پیش کیا۔ محضر میں انھوں نے کہا کہ رائے دہندگان کے ذریعے دئیے گئے ووٹ اپنے پسندیدہ اُمیدوار کو ملے یا نہیں‘ اس بارے میں شک کے احساس کو ختم کرنے کیلئے اور ساتھ ہی ڈالے گئے اور گنے گئے ووٹوں میں فرق کی شکایات کے پیشِ نظر بیلٹ پر کے ذریعے ہی رائے دہی کرائی جائے۔ دریں اثناء راج ٹھاکرے نے کل نئی دہلی میں سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پس منظر میں یہ ملاقات اہم مانی جارہی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف مقامات پر بارش کا زور اب بھی قائم ہے۔ ممبئی اور اطراف میں کل موسلا دھار بارش ہوئی۔ ناسک ضلع میں ہوئی بارش سے ضلعے کے آبی منصوبوں میں 14/ فیصدپانی کا اضافہ ہوا ہے۔ گنگا پور آبی منصوبے میں بھی اب تک 39/ فیصد پانی کا ذخیرہ ہوچکا ہے۔ بارش کی وجہ سے ناندور۔ مدھمیشور آبی منصوبے سے گوداوری ندی میں 155/ گھن فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی داخل ہورہا ہے۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر ششی کانت داس نے تیقن دیا ہے کہ بینکوں کے سود کی شرح میں کمی کا فائدہ جلد ہی گاہکوں تک پہنچے گا۔ گورنر موصوف کل نئی دہلی میں مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن کے ساتھ میٹنگ کے بعد صحافتی کانفرنس سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ بینکوں کی سرمایہ کاری کے لیے بجٹ میں مختص کیے گئے 70/ ہزار کروڑ روپئے بینکنگ شعبے کی ترقی کیلئے اہم ہے۔ داس نے مزید بتایا کہ نان بینکنگ تجارتی کمپنیوں کا لین دین مکمل طور پر قابو میں ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد طیران گاہ پر آمد و رفت میں اضافے کی خاطر کل نئی دہلی میں مرکزی وزیرِ مملکت رائو صاحب دانوے کی زیرِ قیادت وفد محکمۂ ہوا بازی کے پرنسپل سیکریٹری سے ملاقات کرے گا۔ اورنگ آباد طیران گاہ کو چھوٹے شہروں سے جوڑنے کیلئے اس میٹنگ میں فیصلہ کیے جانے کی اُمید ہے۔ یہ اطلاع مراٹھواڑہ آئینی ترقیاتی بورڈ کے صدر بھاگوت کراڑ نے دی۔
***** ***** *****
عالمی کپ کرکٹ مقابلوںکی درجہ بندی میں سرِ فہرست بھارت کا آج سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے مقابلہ ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل مقابلہ آسٹریلیاء اور انگلینڈ کے مابین آئندہ جمعرات کو ہوگا۔ ان مقابلوں کا فائنل میچ آئندہ اتوار کو ہوگا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment