Saturday, 13 July 2019


Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 13.07.2019 , Time : 8.40-8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 13 July 2019

Time: 8:40 to 8:45 am

آکاشوانی اَورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ:۱۳؍ جولائی ۲۰۱۹ ؁

وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸

***** ***** *****

سپریم کورٹ نے مراٹھا ریزرویشن پر روک لگانے سے انکار کردیا ہے۔ ممبئی ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی دو عرضیوں پر کل سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ اس دوران چیف جسٹس رنجن گگوئی کی صدارت والی بینچ نے دونوں عرضیوں پر دو ہفتے میں جواب دینے کی مہاراشٹر حکومت کو ہدایت دی۔ تاہم عدالت نے یہ بھی کہا کہ مراٹھا ریزرویشن کو 2014ء سے نافذ نہیں کیا جاسکتا۔ واضح ہوکہ مہاراشٹر حکومت نے سماجی اور تعلیمی پسماندگی کے زمرے کے تحت مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا ہے، جسے ممبئی ہائیکورٹ نے صحیح ٹھہراتے ہوئے تعلیم میں بارہ فیصداور ملازمتوں میں تیرہ فیصد مراٹھا ریزرویشن دینے کی توثیق کی تھی۔اس فیصلے کو دو عرضیوں کے ذریعے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔

***** ***** ***** 

مرکزی وزیرِ مالیات نرملا سیتا رمن نے کہا ہیکہ مرکزی حکومت کے محصول میں 11.13/ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ نرملا سیتا رمن کل راجیہ سبھا میں بجٹ پر ہوئی بحث کے دوران بول رہی تھیں۔ انھوںنے بتایا کہ ا س مرتبہ حکومت کو ٹیکس کی شکل میں ساڑھے سولہ لاکھ کروڑ روپئوں کا اضافی محصول حاصل ہوا ہے۔ سیتا رمن نے مزیدکہا کہ اگلے پانچ سالوں کے دوران بنیادی سہولیات کے شعبے میں سو لاکھ کروڑ روپئوں کی سرمایہ کاری کا حکومت کا ہدف ہے۔ انھوںنے کہا کہ معاشی ترقی کو پائیدار بنانے کی راہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔سیتا رمن نے اُمید ظاہر کی کہ اس بجٹ سے سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملیگی۔

***** ***** ***** 

ریلوے کے وزیر پیوش گوئل نے کہا ہیکہ ملک کی سبھی ریل گاڑیوں کے پرانے ڈبے بدل کر جدید سہولیات سے لیس ڈبے جوڑنے کی حکومت کی کوشش ہے۔ بجٹ میں ریلوے کے بارے میں ہوئی بحث کے دوان کل انھوںنے یہ بات کہی۔ گوئل نے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ نئے ڈبوں کی وجہ سے حادثوں کے دوران جانی نقصان کوٹالا جاسکے گا۔

***** ***** ***** 

بھارتی ریزرو بینک کی جانب سے NEFT اور RTGS لین دین پر وصول کی جانے والی فیس کے ردّ کیے جانے کے بعد اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے بھی ان خدمات کی فیس ختم کردی ہے۔ SBI کے یونو اَیپ اور انٹرنیٹ بینکنگ لین دین پر اب کوئی فیس وصول نہیں کی جائیگی۔ اس کے علاوہ SBI ایک اگست سے IMPS خدمات کی فیس بھی ختم کررہی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے مینیجنگ ڈائریکٹر بی کے گپتا نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ڈیجیٹل معیشت کے نشانے کو حاصل کرنے کیلئے بینک نے یہ قدم اٹھایاہے۔

***** ***** ***** 

اس سال مقدس فریضۂ حج کیلئے جانے والے عازمین کوٹیکہ لگانے کی کل سے اورنگ آباد میں شروعات ہوئی۔ ٹیکہ اندازی تین دنوں تک چلے گی۔ کل پہلے دن اورنگ آباد میں ایک ہزار 87/ عازمین میں سے 462/ عازمین کو دماغی بخار‘ پولیو اور فلو سے بچائوکا ٹیکہ لگایا گیا۔ ٹیکہ اندازی کا عمل اورنگ آبادکی جامع مسجد میں جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ سول سرجن ڈاکٹر وی۔ ایس کلکرنی نے بتایا کہ اورنگ آباد ضلعے کے سلوڑ تعلقے کے دو سو عازمینِ حج کو پہلے ہی ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔

***** ***** ***** 

آشاڑھی اکادشی کا تہوار کل ہر طرف عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ سنتوں کی سرزمین کہلائے جانے والے مراٹھواڑہ میں مختلف مقامات پر عقیدت مندوں نے وٹھل مندروں میںبڑی تعداد میں درشن کیے۔ اورنگ آباد ضلعے کے پیٹھن تعلقے میں بھی آشاڑھی اکادشی کے موقعے پر صبح سے ہی سنت ایکناتھ مہاراج مندر میں پانڈورنگ کے درشن کیلئے عقیدت مندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تاہم گوداوری ندی میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے عقیدت مندوں کو کچھ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

***** ***** ***** 

آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری اور رکنِ اسمبلی اَمت دیشمکھ نے مراٹھواڑہ میں مصنوعی بارش برسانے کے تجربے کو فوری عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس بارے میں اَمت دیشمکھ نے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کومطالباتی محضر بھی پیش کیا۔ محضر میں کہا گیا ہیکہ مصنوعی بارش برسانے کے معاملے کو التواء میں نہ رکھتے ہوئے اس پر جلد سے جلد فیصلہ لینے کی ضرورت ہے۔

***** ***** ***** 

ہرکسی کو اپنی زندگی میں پانچ پودے لگانے چاہیے اور انکی پرورش کرنی چاہیے، تاکہ ہر کسی کی اپنی ذاتی آکسیجن بینک تیار ہوسکے۔ جنگلات اورماحولیات کے مرکزی وزیر پرکاش جائوڑیکر نے یہ اپیل کی۔ مہاراشٹر حکومت کی ’’وَن مہوتسومہم۔2019‘‘ کے تحت کل نئی دلّی کے مہاراشٹر سَدَن میں شجرکاری کرنے کے بعدجائوڑیکر نے یہ بات کہی۔ اس موقعے پر اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ سیّد امتیاز جلیل‘ مملکتی وزیر ارجن کھوتکر اور رکنِ پارلیمنٹ اوم راجے نمبالکر کے علاوہ کئی سرکردہ شخصیات نے شجرکاری کی۔

***** ***** ***** 

بیڑ ضلعے کے نارائن گڑھ میں وزیرِ اعلیٰ گرام سڑک یوجنا کے تحت راستوں کی تعمیر کے کام کا کل بیڑ کی رابطہ وزیر پنکجا منڈے کے ہاتھوں سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ اس کے علاوہ روزگار ضمانتی منصوبے کے وزیر جئے دتّ شرساگر کی موجودگی میں بورڈ کی نقاب کشائی بھی کی گئی۔ ان کاموں کیلئے ساڑھے پانچ کروڑ روپئوں کے فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔ پنکجا منڈے نے کہا کہ بیڑ ضلعے میںراستوں کی تعمیر کیلئے دیہی ترقیات کے محکمے کی جانب سے ایک ہزار 250/ کروڑ روپئے دئیے جائیں گے۔

***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 21.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 21 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...