Saturday, 4 April 2020



Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 04.04.2020, Time 9:00 to 9.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 April-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۴؍ اپریل  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
::::: سرخیاں ::::::
٭ مہاراشٹر میں گذشتہ 24/ گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 67/ نئے مریضوں کا انکشاف؛ کورونا متاثر افرادکی تعداد ہوئی 490۔
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عوام سے کل اتوار کے روز دئیے جلانے کی اپیل کی؛ کہا کورونا سے لڑائی میں ملک اجتماعی طاقت کا کرے مظاہرہ۔
٭ وزیرِ اعظم کی اپیل پر کانگریس اور NCP نے کی تنقید۔
٭ کورونا سے موت ہونے پر پولس افسران اور ملازمین کو مہاراشٹر حکومت دے گی پچاس لاکھ روپئوں کی مدد۔
اور
٭ سینٹرل سیکوریٹی فورس کے 6/ فوجیوں کی کورونا رپورٹ پازیٹیو‘ رپورٹ کے بعد سینٹرل سیکوریٹی فورس کے کورونا پازیٹیو جوانوں کی تعداد ہوئی گیارہ۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے کل 67/ نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر اب 490/ ہوگئی ہے۔ کل سامنے آئے 67/ مریضوں میں سے ممبئی سے 43/‘ پونے سے 9/‘ احمد نگر سے 3/ اور رتناگری اور واشم سے ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 26/ ہوگئی ہے جبکہ 42/ افرادکو علاج کے بعد اسپتال سے رخصت کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے مرکزی حکومت کی صلاح پر ریاست کے 30/ اسپتالوں کو صرف کورونا سے متاثرہ مریضوں کیلئے مختص کیا ہے۔ ان سبھی اسپتالوں میں کُل دو ہزار تین سو بستروں کا نظم کیا گیا ہے جہاں صرف کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوںکا علاج کیا جائیگا۔ ریاستی وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
مرکزی وزارتِ صحت نے کہا ہیکہ ملک بھر میں نافذ کیے گئے لاک ڈائون کی وجہہ سے کورونا وائرس کے پھیلائو میں کمی آئی ہے۔ بھارت بھر میں اب تک 156/ کورونا مریض ٹھیک ہوکر گھر جاچکے ہیں۔ ملک بھر میں گذشتہ 24/ گھنٹوں میں کورونا کے 336/ نئے معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ 12/ افراد کی موت ہوگئی ہے۔ وہیں بھارت میں کورونا سے مرنے والوںکی تعداد 56/ ہوگئی ہے جبکہ اس بیماری میں مبتلاء افراد کی تعداد 2301/ تک جاپہنچی ہے۔ خبر میں کہا گیا ہے کہ ان میں سے 647/ افراد نے دِلّی میں ہوئے مذہبی اجتماع میں شرکت کی تھی جس کے بعدملک کی 14/ ریاستوںمیں کورونا میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ وہیں مرکزی وزارتِ داخلہ نے طبّی عملے کے ساتھ بدسلوکی کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل اتوارکے روز رات کو عوام سے دئیے جلانے کی اپیل کی ہے۔ کل صبح ٹی وی پر نشر کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں مودی نے کہا کہ عوام 5 / اپریل کی رات نو بجے اپنے گھر کی لائٹس بند کردیں اور نو منٹ تک گھروںکے دروازوں اور بالکنیوں میں تیل کے دئیے‘ موم بتی یا موبائل کی ٹارچ روشن کریں۔ وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ عوام دئیے جلاکر ملک کی اجتماعی طاقت کا مظاہرہ کریں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان دِیوں کو نو منٹ تک روشن رکھا جائے۔ مودی نے کہا کہ جن افراد پر زیادہ مشکل حالات ہیں ہمیں ایسے غریب برادرانِ وطن کو ساتھ لیکر آگے بڑھنا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دئیے جلانے کا مقصد ملک کی اجتماعی طاقت کا احساس کروانا ہے تاکہ لاک ڈائون سے گھروں میں قید لوگوں کو تنہائی کا احساس نہ ہو۔ وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ دئیے جلانے کے دوران گھروںسے باہر نہ نکلیں۔
***** ***** *****
دوسری جانب کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے وزیرِ اعظم مودی کی اس اپیل پر تنقید کی ہے۔ مہاراشٹر کانگریس کے صدر بالا صاحب تھورات نے کہا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے مدِنظر وزیرِ اعظم کو سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے۔ تھورات نے کہا کہ ایسے وقت میں جب طبّی سازو سامان فراہم کرنا‘ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مدد کرنا اور انہیں تسلی دینے کی ضرورت ہے ‘وزیر اعظم مودی لوگوں کو دئیے جلانے کو کہہ رہے ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی وزیر جتندر اوہاڑ نے بھی وزیرِ اعظم مودی کی دئیے جلانے کی اپیل پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ اوہاڑ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی اس اپیل سے کورونا سے لڑرہے لوگوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ اوہاڑ نے کہا کہ وہ وزیرِ اعظم کی اپیل پر عمل نہیں کرینگے۔
اس بیچ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ہی رُکنِ اسمبلی روہت پوار نے دئیے جلانے کی وزیرِ اعظم کی اپیل کا خیر مقدم کیا ہے۔ PTI کی خبر میں کہا گیا ہے کہ روہت پوار نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم مودی نے دئیے جلاکر ملک کے سبھی لوگوں کو متحد کرنے کی کوشش کی ہے اس لیے وہ اس اپیل کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
***** ***** *****
ودھان سبھا میں اپوزیشن لیڈر دیویندر پھڑنویس نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ لاک ڈائون کے دوران ریاست کے غریبوں کو بناء کسی شرائط کے راشن تقسیم کرے۔ پھڑنویس نے کل سوشل میڈیا کے ذریعے یہ مطالبہ کیا۔ پھڑنویس نے بتایا کہ انہیں شہری فراہمی کے مرکزی وزیر رائو صاحب دانوے نے کہا ہیکہ اگلے تین مہینوں کیلئے ضروری اناج کی مقدار کا 90% فیصد اناج دستیاب کروادیا گیا ہے اور باقی ذخیرہ بھی اگلے دو دِنوں میں پہنچ جائیگا۔ پھڑنویس نے بتایا کہ انھوں نے وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے سے مطالبہ کیا ہیکہ جن افراد کے پاس راشن کارڈ نہیں ہے انہیں آدھارکارڈ پر راشن دیا جائے اور جن لوگوں کے پاس آدھار کارڈ بھی نہیں ہے انہیں عارضی طور پر فہرست تیار کرکے راشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ پھڑنویس نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کے پاس تعمیراتی مزدوروں کیلئے بڑے پیمانے پر رقم موجود ہے جس سے تعمیراتی مزدوروں کی فوراً مدد کی جائے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہیکہ فرائض کی ادائیگی کے دوران اگر کسی پولس افسر یا ملازمین کی کورونا وائرس سے موت ہوجاتی ہے تو ریاستی حکومت ان کے افرادِ خاندان کو پچاس لاکھ روپئوں کی مدد فراہم کریگی۔ ممبئی میں منترالیہ میں ہوئی میٹنگ کے بعد کل اجیت پوار نے یہ اعلان کیا۔ پوار نے بتایا کہ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے مقابلہ کررہے محکمۂ صحت‘ طبّی تعلیم اور پولس اہلکاروں کو مار چ مہینے کی باقی بچی تنخواہیں ترجیحی بنیادوں پر ادا کی جائے گی۔ میٹنگ میں ہوم گارڈز اور دیگر جوانوں کو اضافی مالی امداد دینے کے سبھی اختیارات ڈویژنل کمشنر اور ضلع کلکٹروں کو دینے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے وزیرِ مالیات اجیت پوار نے کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے درکار ضروری طبّی سازو سامان اور اشیاء کو GST سے باہر رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اجیت پوار نے کہا ہیکہ تھری پلائے ماسک‘ N-95 ماسک‘ Personal Protection Equipment, Testing Kits اور Ventilators کو GST سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ پوار نے مرکزی وزیرِ مالیات نرملا سیتا رمن کو اس بارے میں خط لکھ کر یہ مطالبہ کیا۔ اپنے خط میں پوار نے کہا کہ اس بارے میں جلدy فیصلہ لینے سے یہ سازو سامان فوری طورپر کم قیمت میں دستیاب ہوسکتے ہیں، جس سے کورونا وائرس کیخلاف جاری لڑائی میں مدد ملے گی۔
***** ***** *****
اس بیچ سینٹرل سیکوریٹی فورس کے کھار گھر کے 6/ فوجیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔ اس سے پہلے پرسوں سینٹرل سیکوریٹی فورس کے 5/ فوجیوں کی کورونا رپورٹ پازیٹیو آئی تھی، جس کے بعد وہاں تعینات 146/ افسران اور ملازمین کو اسپتال میں الگ رکھا گیا تھا۔ ان رپورٹس کے پازیٹیو آنے کے بعد سینٹرل سیکوریٹی فورس کے کُل 11/ اہلکار کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ وہیں اورنگ آباد ضلع اسپتال میں کل کورونا کے تین مشتبہ مریـضوں کو داخل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ایک اہم فیصلے کے تحت ممبئی ہائیکورٹ نے عدالت میں لوگوں کو جمع ہونے سے روکنے کیلئے اہم مقدمات کی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سنوائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممبئی ہائیکورٹ کی اورنگ آباد بینچ اور گوا بینچوں سمیت ریاست کی سبھی ضلع عدالتوں میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سماعت شروع بھی ہوچکی ہے۔ اس سہولت کے بعد وکیلوں‘ گواہوں اور فریقین کو عدالت میں موجود رہنے کی ضرورت نہیں رہے گی،جس سے جسمانی دوری قائم رکھنے پر آسانی سے عمل کیا جاسکے گا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے میں اب تک ایک بھی کورونا وائرس سے متاثرمریض نہیں پایا گیا ہے۔ ناندیڑ کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر وِپن اِٹنکر نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ ناندیڑ ضلعے سے دِلّی کے نظام الدین مرکز سے لوٹے افرادکی فہرست میں 14/ میں سے 8/ افراد کی ٹیسٹ رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ باقی چھ لوگوں کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ دوسری جانب ناندیڑ میں 146/ افراد کو دوسروں سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔
***** ***** *****
دوسری جانب جالنہ ضلع اسپتال میں کل 22/ نئے مریضوں کو بھرتی کیا گیا۔ ان مشتبہ مریضوں کو دوسروں سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔ کوارنٹائن وارڈ میں فی الحال 34/ مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
کیرالہ، تملناڈو اور تلنگانہ ریاستوںکے قریب 1814/لوگ لاک ڈائون کی وجہہ سے ہنگولی شہر میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ان سبھی لوگوں کو ہنگولی کی فلاحی تنظیموں کی جانب سے کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔ آکاشوانی کے ہنگولی نمائندے نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے رابطہ وزیر اشوک چوہان نے کل بھوکر تحصیل دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں کورونا اور اس سے نمٹنے کیلئے ضلع میں کیے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا۔ دوسری جانب جنوبی ناندیڑ حلقہ اسمبلی کے رکن موہن رائو ہمبرڈے نے ضلع کلکٹر ڈاکٹر وپن اِٹنکر کو کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے پچاس لاکھ روپئوںکا چیک دیا۔ مقامی ترقیاتی فنڈ سے یہ رقم دی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں ::::::
٭ مہاراشٹر میں گذشتہ 24/ گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 67/ نئے مریضوں کا انکشاف؛ کورونا متاثر افرادکی تعداد ہوئی 490۔
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عوام سے کل اتوار کے روز دئیے جلانے کی اپیل کی؛ کہا کورونا سے لڑائی میں ملک اجتماعی طاقت کا کرے مظاہرہ۔
٭ وزیرِ اعظم کی اپیل پر کانگریس اور NCP نے کی تنقید۔
٭ کورونا سے موت ہونے پر پولس افسران اور ملازمین کو مہاراشٹر حکومت دے گی پچاس لاکھ روپئوں کی مدد۔
اور
٭ سینٹرل سیکوریٹی فورس کے 6/ فوجیوں کی کورونا رپورٹ پازیٹیو‘ رپورٹ کے بعد سینٹرل سیکوریٹی فورس کے کورونا پازیٹیو جوانوں کی تعداد ہوئی گیارہ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 08.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 8 October 2026 Time 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्रपती...