Monday, 17 September 2018

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date: 17.09.2018 ,Time:8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 17 September 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۷؍ستمبر۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اعلان کیا ہے کہ آیوشمان بھارت طبّی اسکیم سے استفادہ نہ کرپانے والے ضرورتمند افراد کو مہاتما جیوتی باپھلے جن آروگیہ یوجنا کے تحت مفت معالجے کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ کل دھولیہ میں اٹل مہا آروگیہ کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے غریب اور ضرورتمند افراد کو طبّی سہولت بہم پہنچانے کے لیے اس طرح کے کیمپ منعقد کیے جارہے ہیں اوران کیمپوں کی معرفت اب تک 25/ لاکھ ضرورتمندوں کا علاج کیا گیا ہے۔ ریاست کے صحت ِ عامّہ کے وزیر گریش مہاجن‘ وزیرِ سیاحت جئے کمار راول اور رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر حنا گاوِت سمیت متعدد اہم شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔ اس طبّی کیمپ میں 3/ ہزار ڈاکٹرز اور ان کے 4/ ہزار معاونین نے مریضوں کی جانچ کی۔ اس جانچ کے لیے 94/ او پی ڈیز کھولی گئی تھیں۔
***** ***** ***** 
مراٹھواڑہ مکتی سنگرام کے حوالے سے آج اورنگ آباد میں اب سے کچھ دیر بعد 9/ بجے وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئیگی۔ ناندیڑ میں داخلہ خزانہ اور منصوبہ بندی کے مملکتی وزیر دیپک کیسرکر‘ پربھنی میں رابطہ وزیر گلاب رائو پاٹل‘ بیڑ میں پنکجا منڈے‘ عثمان آبادمیں ارجن کھوتکر اور جالنہ میں ببن رائو لونیکر کے ہاتھوں ترنگا لہرایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں مراٹھواڑہ بھر میں مختلف پروگرام بھی منعقد کیے جارہے ہیں۔
***** ***** ***** 
گورنر سی ودّیا ساگر رائو آج جالنہ ضلع کا دورہ کررہے ہیں۔ سرکاری ریسٹ ہائوس میں وہ مراٹھواڑہ مکتی سنگرام میں حصہ لینے والے افراد سے گفت و شنید کریں گے۔ بعد ازاںوہ گنپتی نیتر رُگنالیہ گولڈن جوبلی تقاریب میں شرکت کریں گے۔ دوپہر کے بعد گورنر بھوکردن میں مختلف کاموں کا معائنہ کریں گے۔
***** ***** ***** 
ہندوستانی خلائی تحقیقاتی اِدارے ’’اِسرو‘‘ نے کل پی ایس ایل وی۔ سی 42/ سٹیلائٹ لانچ وہیکل کا کامیاب تجربہ کیا۔ رات 10/ بج کر 8/ منٹ پر سری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے یہ پی ایس ایل وی داغا گیا۔ زمین کا سروے کرنے والے دو مصنوعی سیارچے اس کے ساتھ خلاء میں بھیجے گئے۔ یہ دونوں سٹیلائٹ برطانیہ کے ادارے سرے سٹیلائٹ ٹیکنالوجی لمیٹیڈ کی ملکیت ہیں۔ برطانوی کمپنی اور اِسرو کے مابین کاروباری معاملت کے تحت یہ سٹیلائٹ لانچ کیے گئے۔
***** ***** ***** 
مراٹھوا ڑہ آئینی ترقیاتی بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کہا ہیکہ غیر مشروط طور پر مہاراشٹر میں شامل ہونے والے مراٹھواڑہ کی پسماندگی اب تک دور نہیں کی جاسکی۔ کل اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ علاقے میں آبپاشی کے کام ہنوز تکمیل طلب ہیں۔ نامکمل چھوٹے بڑے 61/ آبپاشی منصوبوں کی تکمیل کیلئے 15/ ہزار کروڑ روپئے درکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بورڈ کی صدارت حاصل کرنے کے بعد سے وہ حکومت کو 2/ ہزار 675/ کروڑ روپئے کی تجاویز ارسال کرچکے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ مراٹھواڑہ کے جالنہ، پربھنی اور عثمان آباد میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کا مطالبہ بھی حکومت سے کیا گیا ہے اور ان کالجو ںمیں مراٹھواڑہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو ترجیحی بنیاد پر داخلے دئیے جائیں گے۔
***** ***** ***** 
 دیسی ساخت کے ٹینک شکن میزائل کا کل احمدنگر کے آرمی بیس سے کامیاب تجربہ کیا گیا۔ مکمل طور پر ملک ہی میں تیار کیے گئے کم کمیت والے اس میزائل کا یہ دوسرا تجربہ تھا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ یہ تجربہ کامیاب رہا۔ وزیرِ دفاع نرملا سیتا رَمن نے اس کامیاب مشق پر دفاعی تحقیقاتی اور متعلقہ میزائل ساز اداروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
***** ***** ***** 
 گنگا کھیڑ شکر کارخانے کے چیئرمین ڈاکٹر رتناکر گٹّے نے پربھنی ضلع کے رکنِ اسمبلی ڈاکٹر مدھو سدن کیندرے کیخلاف 50/ کروڑ روپئے کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ گٹے نے کہا کہ کیندرے نے ان پر کارخانے اور دیگر کمپنیوں کے ناموں پر کروڑوں روپئے کا قرض حاصل کرکے حکومت کے ساتھ جعلسازی کا الزام عائد کیا تھا۔ اس الزام سے ان کی بدنامی ہوئی اور معاشرے میں ان کی شبیہ متاثر ہوئی۔
***** ***** ***** 
 ہند کیسری گنپت رائو آندڑکر کل پونا میں چل بسے۔ وہ 86/ برس کے تھے۔ 1960ء میں پنجاب کے پہلوان کو شکست دیکر ہندی کیسری خطاب حاصل کرنے والے وہ دوسرے مراٹھی پہلوان تھے۔ آندڑکر نے متعدد قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں ریاست کی نمائندگی کی۔
***** ***** ***** 
 پولینڈ میں جاری سیلشین اوپن باکسنگ چمپئن شپ میں بھارت کی مکے باز میرم کوم نے 48/ کلو گرام گروپ میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ پانچ مرتبہ کی عالمی چمپئن میری کوم کا یہ رواں سال کا تیسرا گولڈ میڈل ہے۔
***** ***** *****  

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 13.06.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 13 June 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...