Monday, 17 December 2018

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 17.12.2018 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 17 December - 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۷؍دِسمبر  ۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 کانگریس پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ رافیل خرید معاملت میںمرکزی حکومت نے عدالت ِ عظمیٰ کو غلط معلومات فراہم کی ہے اس لیے عدالت ِ عظمیٰ اس ضمن میں دیا گیا اپنا فیصلہ واپس لے۔ کل نئی دہلی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس رہنماء آنند کمار شرما نے حلف نامے میں جھوٹی گواہی اور ہتک ِ عدالت کے معاملے میں حکومت کو نوٹس جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ رافیل خرید معاملت میںجنگی جہاز کی قیمت سے متعلق CAG کی رپورٹ پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کو پیش کرنے کی غلط معلومات دیکر حکومت مراعات شکنی کی مرتکب ہوئی ہے۔ انھوں نے پارٹی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے اس معاملے کی جانچ کی جائے۔
***** ***** *****  
 وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہیکہ رافیل جنگی جہاز خریدنے کے سلسلے میں اب کانگریس کو وزارتِ دفاع کے ساتھ ساتھ عدالت ِ عظمیٰ کے فیصلے پر بھی اعتماد نہیں رہا۔ کل اُتر پردیش کے رائے بریلی میں وزیرِ اعظم کے ہاتھوں ایک ہزار کروڑ روپئے کے مختلف منصوبوں کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ جھوٹ‘ کانگریس کی سیاست کی بنیاد ہے او رکہا کہ کانگریس ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔
***** ***** *****  
 سابق وزیرِ اعلیٰ اور کانگریس رہنماء پرتھوی راج چوہان نے کہا ہیکہ جنگی جہاز رافیل کی خریدی میں 40/ ہزار کروڑ روپئے کی بدعنوانی حکومت نے کی ہے اور یہی کانگریس پارٹی کا انتخابی موضوع رہے گا۔ کل اورنگ آباد میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نوٹ بندی اور اشیاء و خدمات ٹیکس GST جیسے حکومتی اقدامات کے سبب ملک کو دھچکا لگا ہے اب تک اس سے ملک اُبھر نہیں سکا۔ انھوں نے الزام لگایا کہ حکومت کے ساتھ عالمی سطح کا کوئی بھی ماہرِ معاشیات کام کرنے تیار نہیں ہے۔ سی بی آئی اور ریزرو بینک آف انڈیا کے ساتھ حکومت کے رویہ پر بھی انھوں نے سخت تنقید کی۔
***** ***** *****  
 مرکزی وزیرِ داخلہ راجناتھ سنگھ نے دعویٰ کیا ہیکہ گذشتہ چار برسوں میں ملک کی داخلی سلامتی میں بڑے پیمانے پر بہتری آئی ہے۔ کل نئی دہلی میں وجئے دِوَس کے سلسلے میں منعقدہ ایک پروگرام سے وزیرِ داخلہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ امن و انتظام کی صورتحال میں بی جے پی کے دورِ حکومت میں بہتری آئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے جنگ بندی معاملت کی خلاف ورزی پر کاروائی کرنے کے مکمل اختیارات سرحدی حفاظتی دستوں کو دئیے گئے ہیں۔
***** ***** *****  
سابق نائب وزیرِ اعلیٰ چھگن بھجبل نے کہا ہیکہ دہلی میںمہاراشٹر سدن کی تعمیر کے معاملے میں انہیں خود ایک کوڑی بھی نہیں ملی تو دوسری میں تقسیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وہ کل تھانہ میں مالی سماج کے ریاستی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ 800 / کروڑ روپئے کا کام ٹھیکے دار نے 100/ کروڑ روپئے میں کیا اور اسکے بعد متعلقہ وزیر کو 850/ کروڑ روپئے دینے کا تو سوال ہی پیدانہیں ہوتا۔
***** ***** *****  
 ممبئی میں ساحلِ سمندر پر کوسٹل روڈ کا سنگ ِ بنیاد کل شیوسینا کے سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے رکھا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ساحلِ سمندر سے لگی اس سڑک کی تعمیر کا کام آئندہ چار برسوں میںپایۂ تکمیل کو پہنچے گا۔ انھوں نے وعدہ کیا کہ اس منصوبے سے کوڑی سماج کا کوئی نقصان نہیں ہوگا اور اس سڑک  سے گذرنے پر کوئی ٹول ادا کرنا نہیں ہوگا۔
***** ***** *****  
 ریاست کے ایک لاکھ سے زائد رجسٹرڈ آنگن واڑیوں میں استفادہ کرنے والے 61/لاکھ طلبہ کے نام شامل ہیں، جن میں سے 8/ لاکھ طلبہ کے نام جعلی ہیں۔ یہ اطلاع مرکزی بہبودِ اطفال و خواتین کی وزارت کے ایک اعلیٰ افسر نے دی۔ اس سلسلے میں جاری کردہ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ درج شدہ جعلی ناموں کو خارج کرنے کا کام محکمہ مسلسل کرتا رہا ہے۔ آنگن واڑی کے ہر طالب ِ علم کے لیے مرکزی حکومت چار روپئے 80/ پیسے اور ریاستی حکومت فی طالب ِ علم تین روپئے 20/ پیسے فنڈ دیتی ہے۔
***** ***** *****  
 بھارتیہ سنگرام پریشد نے بیڑ ضلع پریشد میں بی جے پی کی حمایت واپس لے لی ہے۔ بھارتیہ سنگرام پریشد کی سرپرست جماعت شیوسنگرام کے کل بیڑ میں منعقدہ ریاستی سطح کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ بعد ازاں منعقدہ ایک اخباری کانفرنس میں شیوسنگرام کے قائد اور رکنِ اسمبلی ونایک میٹے نے یہ اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے شیوسنگرام پارٹی کے ساتھ مسلسل برا سلوک کیا ہے‘ اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا۔
***** ***** *****   
 بھارت اور آسٹریلیاء کے مابین پرتھ میں جاری دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلیاء نے اپنی دوسری اننگ میں اب سے کچھ دیر قبل 4/ وکٹ کے نقصان پر 148/ رن بنالیے تھے۔
***** ***** *****   

No comments: