Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 01 July-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم/جولائی ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیئرمین کے عہدہ پر آج فیصلہ، مہاوکاس اگھاڑی سے جے ایم ابھینکر اور مہایوتی سے سچن اہیرکو امیدواری۔
٭ نابالغ مجرموں کی عمر کی حد 16 سال کرنے کی تجویز مرکزی حکومت کو بھیجی جائے گی: وزیر اعلیٰ کا اعلان۔
٭ حکومت نے درج فہرست ذاتوں SC کی ذیلی زمرہ بندی پر وسیع بحث کے بعد حتمی فیصلہ لینے کی کرائی یقین دہانی۔
اور۔۔۔٭ تجربہ کار ڈرامہ ڈائریکٹروجیا مہتا کا انتقال۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے نائب چیئرمین کے عہدے کیلئے آج انتخاب ہوگا۔مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے ماہرِ تعلیم جے. ایم. ابھینکر نے جبکہ مہایوتی کی جانب سے سچن اہیر نے کل اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ سچن اہیر نے نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا کی جانب سے امیدوار کے طور پر درخواست جمع کرائی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور سنیترا پوار موجود تھے۔بعد ازاں نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سچن اہیر کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہیر کی شمولیت سے شیو سینا مزید مضبوط ہوئی ہے۔
دوسری جانب رکنِ اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے پارٹی چھوڑنے والے رہنماؤں پر سخت تنقید کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیا کہ جن لوگوں کو پارٹی نے سب کچھ دیا، وہی آج پارٹی چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ کم عمر بچوں کو جرائم میں استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت سزا کی گنجائش کیلئے قانون میں ترمیم کی جائے گی۔ ساتھ ہی نابالغ مجرموں کی عمر کی حد 18 برس سے کم کرکے 16 برس کرنے کی تجویز بھی مرکزی حکومت کو بھیجی جائے گی۔کل اسمبلی میں رکن ارجن کھوتکر نے جالنہ ضلع میں نابالغ بچوں سے جرائم کرائے جانے کا معاملہ اٹھایا تھا۔ اس پر جواب دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہاکہ اس خصوص میں قانون کو مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد بچوں کو جرائم پر اکساتے ہیں ان کے خلاف منصوبہ بند طریقے سے کیے جانے والے جرائم کی دفعات لگائی جائیں گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ درج فہرست ذاتوں SCکی ذیلی درجہ بندی سے متعلق اس اجلاس میں حکومت نے کوئی بل پیش نہیں کیا ہے۔ اس سلسلے میں مقررہ بدر کمیٹی کی رپورٹ پر موصول ہونے والی تجاویز اور اعتراضات کا جائزہ لینے کے بعد وسیع مشاورت کے ذریعے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اپوزیشن لیڈر وجئے وڑیٹیوار کے سوال کے جواب میں انہوں نے یہ بات کہی۔مخالف جماعتوں نے اس معاملے پر مزید بحث کا مطالبہ کیا، تاہم اسپیکر راہل نارویکر نے اسے مسترد کر دیا، جس کے بعد اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر اسٹامپ ایکٹ میں ترمیم کا بل کل اسمبلی میں پیش کیا گیا۔ اس بل کے مطابق اگر ترقیاتی معاہدہ منسوخ یا ختم ہو جائے تو اسٹامپ ڈیوٹی کی واپسی یا رعایت نہیں دی جائے گی۔ریاستی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہونے والی بھرتی کے عمل کو زیادہ تیز، شفاف اور مؤثر بنانے کیلئے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (CBT) طریقہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع محکمہ عمومی انتظامیہ کے وزیر آشیش شیلار نے قانون ساز کونسل میں دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امتحانات کی نجی کاری نہیں کی جائے گی۔
***** ***** *****
خوراک اور ادویہ کی انتظامیہ کے وزیر نرہری جھرواڑ نے کہا کہ نقلی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف مکوکا نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دفعات میں ترمیم کرکے ضمانت پر رہا ہونے والے ملزمان کو دوبارہ گرفتار کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
فلم اور تھیٹر کی ممتاز شخصیت، ”بائی“ کے نام سے معروف وجیہ مہتا کا کل ممبئی میں 92 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔وہ تجرباتی مراٹھی تھیٹرکے بانیوں میں شمار ہوتی تھیں۔ اپنی تنظیم ”رنگاین“ کے ذریعے انہوں نے مراٹھی ڈرامے کو نئی فکری سمت، جدید اسلوب اور عالمی معیار کی شناخت دی۔”بیریسٹر“، ''سکھارام بائنڈر''، ”حمیدہ بائی چی کوٹھی“، ”مہانروان“، ”پرش“،اور ”واڑا چرے بندی“ جیسے مشہور ڈراموں نے جدید ہندوستانی تھیٹر کو نئی وسعت بخشی۔انہوں نے ”راؤصاحیب“، ”پیستن جی“، ”شکنتلم“ اور ”اسمرتی چترے“ جیسی فلموں اور ٹیلی ویژن کے ذریعے بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔انہیں 1975 میں سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ، 1986 میں فلم ”راؤصاحیب“ کیلئے بہترین معاون اداکارہ کا قومی فلم ایوارڈ، فلم ”پارٹی“ کیلئے ایشیا پیسیفک فلم فیسٹیول میں بہترین اداکارہ کا اعزاز، اور 2012 میں سنگیت ناٹک اکیڈمی ٹیگور رتن ایوارڈ سے نوازا گیا۔
وزیرِ ثقافت آشیش شیلار نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرِ ثانی مہم کا آغاز کل سے ہو گیا ہے۔بیڑ ضلع میں کلکٹر اور ضلع انتخابی افسر ویویک جانسن نے شہر کے ووٹروں کے گھروں کا دورہ کرکے مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے متعلقہ فارم کی اہمیت سے شہریوں کو آگاہ کیا اوران درخواستوں کی تقسیم و جانچ کے عمل کا جائزہ لیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں 27 لاکھ 77 ہزار ووٹروں کی خصوصی جامع نظرِ ثانی کا عمل بھی کل سے شروع ہو گیا۔ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں پر آنے والے بی ایل اوز (BLOs) سے بھرپور تعاون کریں۔
***** ***** *****
پُنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت ہنگولی کی ضلع مرکزی کوآپریٹیو بینک کے تقریباً ایک ہزار کسان کھاتہ دار اس اسکیم کے اہل ہیں۔ قومی اور دیگر بینکوں کے اہل کسانوں کی فہرست کو بھی تیزی سے اپڈیٹ کیا جا رہا ہے۔اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے ایگری اسٹیک (AgriStack) رجسٹریشن لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ضلع کلکٹر راہل گپتا نے تمام اہل کسانوں سے جلد از جلد رجسٹریشن مکمل کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
جالنہ میں مٹی و آبی تحفظ محکمہ کے ایک جونیئر کلرک رمیش کھرے کو انسدادِ بدعنوانی بیورو (ACB) نے تین ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔ اس نے دفتر سے ریٹائر ہونے والے ایک ملازم کے بقایہ رخصتی بل کی منظوری کیلئے رشوت طلب کی تھی۔ایک اور کارروائی میں ضلع پریشد کے ذیلی آبی تحفظ افسر سندیپ راؤت کو 1300 روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ اس نے دیہی روزگار ضمانت اسکیم کے تحت مکمل شدہ کنویں کے مسٹر کی منظوری کیلئے رشوت طلب کی تھی۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے سچکھنڈ گردوارہ کی انتظامیہ سے متعلق 1956 کے مجوزہ قانون میں ترمیم کے معاملے پر سکھ برادری کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے اس قانون کو فی الحال مؤخر کر دیا ہے۔محصولات کے وزیر چندر شیکھر باونکولے نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ برادری کی رائے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے ذریعے حاصل کرنے کے بعد ہی آئندہ فیصلہ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
سکھ مذہب کے چھٹے گرو، گرو ہرگوبند سنگھ جی کے یومِ پیدائش کے موقع پر کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں مختلف مذہبی تقریبات منعقد ہوئیں۔ علی الصبح سے ہی شہر کے مختلف گردواروں میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے حاضری دی۔ کیرتن، اکھنڈ پاٹھ اور دیگر مذہبی پروگراموں میں بڑی تعداد میں سکھ برادری نے شرکت کی۔
***** ***** *****
وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں تمام پروجیکٹ سے متاثرہ مستحق افراد کو ملازمت کی بھرتی میں اہل قرار دینے کی ہدایت وزیرِ محصولات چندر شیکھر باونکولے نے دی ہے۔ اس سلسلے میں ڈویژنل کمشنر کی جانب سے حکومت کو تجویز بھیجی گئی تھی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں مجوزہ اضافی والوج صنعتی علاقے کیلئے جن کسانوں کی زمین حاصل کی جا رہی ہے، ان کے مطالبات حکومت تک پہنچائے جائیں گے۔ یہ یقین دہانی ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی.سی. نے کل منعقدہ اجلاس میں کرائی۔ اس مجوزہ صنعتی منصوبے کیلئے گنگاپور تعلقہ کے آراپور، سلطان آباد اور گولی شیورا دیہات کی تقریباً 762 ہیکٹر زمین تحویل میں لی جائے گی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع پولس کے دو اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلابھ روہن نے یہ حکم جاری کیا۔ عمری پولس اسٹیشن سے وابستہ پولیس حوالدار سنیل کولبدھے اور ڈرائیور محمد عوض محمد معیز کے خلاف عمری سے دھرم آباد روڈ پر ڈیوٹی کے دوران سنگین بدانتظامی اور نامناسب رویہ اختیار کرنے پر یہ کارروائی کی گئی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیئرمین کے عہدہ پر آج فیصلہ، مہاویکاس اگھاڑی سے جے ایم ابھیانکر اور مہاوتی سے سچن اہیرکو امیدواری
٭ نابالغ مجرموں کی عمر کی حد 16 سال کرنے کی تجویز مرکزی حکومت کو بھیجی جائے گی، وزیر اعلیٰ کا اعلان۔
٭ حکومت نے درج فہرست ذاتوں SCکی ذیلی زمرہ بندی پر وسیع بحث کے بعد حتمی فیصلہ لینے کی کرائی یقین دہانی۔
اور۔۔۔٭ تجربہ کار ڈرامہ ڈائریکٹروجیا مہتا کا انتقال۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment