Thursday, 13 December 2018

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 13.12.2018 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 13 December - 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۳؍دِسمبر  ۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
حزبِ اختلاف اور حکومت کی اتحادی جماعت شیوسینا اراکین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے باعث کل پارلیمنٹ کی کاروائی متاثر ہوئی۔ لوک سبھا میں کانگریس اراکین نے رافیل خرید معاملت کی جانچ کیلئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل‘ شیوسینا اراکین نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر اور اے ڈی ایم کے‘ کے اراکینِ پارلیمنٹ نے کاویری پانی کی تقسیم کے مسئلے پر ہنگامہ آرائی کی۔ جس کے باعث اسپیکر سُمترا مہاجن نے ابتداء میں 12/ بجے تک کام کاج ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ ایوان کی کاروائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد بھی ہنگامہ آرائی جاری رہی۔ خاتون باکسر ایم سی میری کوم کی عالمی باکسنگ چمپئن شپ میں کامیابی اور اِسرو کی جانب سے غیر معمولی سٹیلائٹ لانچ پر اسپیکر نے ہنگامہ آرائی کے دوران ہی ستائشی قرارداد پیش کی۔ تاہم شور وغل جاری رہنے پر ایوان کی کاروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
 راجیہ سبھا میں ڈی ایم کے اور اے آئی ڈی ایم کے ‘ اراکین نے کاویری مسئلہ پر زوردار نعرے بازی کی۔ اس موضوع پر تحریکِ التواء پیش کرکے مباحثے کا مطالبہ چیئرمین وینکیا نائیڈو نے مسترد کردیا۔ جس پر اراکین کے ہنگامے کو دیکھتے ہوئے انھوں نے ایوان کی کاروائی پہلے 12/ بجے تک پھر دوپہر 2/ بجے تک اور بعد میں دن بھر کیلئے ملتوی کردی۔
 ایودھیا میں متنازعہ اراضی پر رام مندر کی فوری تعمیر کے مطالبے پر کل شیوسینا کے اراکینِ پارلیمان نے کل پارلیمنٹ کے احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسّمے کے روبرو دھرنا دیا۔ حکومت سے رام مندر کی فوری تعمیر کے آغاز کا مطالبہ کرتے ہوئے ان اراکین نے کانگریس سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھی اس مسئلہ پر اپنے مؤقف کی وضاحت کرے۔
***** ***** *****  
 پارلیمانی اُمور کے مملکتی وزیر ارجن رام میگھاوال نے کل لوک سبھا میں پشتہ حفاظتی بل 2018 پیش کیا۔ اس بل میں پشتوں کو نقصان پہنچنے سے بچانے کیلئے جانچ‘ دیکھ بھال اور درستی سے متعلق اقدامات شامل کیے گئے ۔
***** ***** *****  
 سائبر حملوں اور سائبر دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکومت نے ہنگامی منصوبہ تیار کیا ہے۔ مرکز اور ریاستی حکومتوں کی تمام وزارتوں اور محکموں میں اس منصوبے پر عمل کیاجائیگا۔ اطلاعات و ٹیکنالوجی کے وزیر روی شنکر پرساد نے کل لوک سبھا میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ 2016 تا 2018 کے دوران ہزاروں کی تعداد میں ہندوستان ویب سائٹس ہیک کی گئیں۔
***** ***** *****  
 قانون و انصاف کے وزیرِ مملکت پی پی چودھری نے کہا ہے کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کیلئے رائے دہی کی تکمیل سے متعلق رسید دینے کے میکنیزم ناکام ہونے کے بہت ہی کم واقعات ہوئے۔ وہ کل لوک سبھا میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔
***** ***** *****  
 مدھیہ پردیش اور راجستھان میں نومنتخبہ کانگریس اراکین ِ اسمبلی نے وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کے تمام اختیارات پارٹی صدر راہل گاندھی کو دے دئیے ہیں۔راجستھان اور مدھیہ پردیش کے حالیہ اسمبلی انتخابات کے بعد نومنتخبہ اراکین پر مبنی کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا کل اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں لیجسلیچر پارٹی کے قائد کے انتخاب کا حتمی فیصلہ پارٹی صدر راہل گاندھی پر چھوڑ دیا گیا۔
***** ***** *****  
 مراٹھا ریزرویشن سے متعلق عدالت ِ عالیہ میں ریاستی حکومت کا مؤقف پیش کرنے کیلئے حکومت نے معروف ماہرِ قانون ہریش ساڑوے کو نامزد کیا ہے۔ کل ممبئی میں منعقدہ ایک اجلاس میںیہ فیصلہ کیا گیا۔ اس اجلاس میں ہریش ساڑوے‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ وزیرِ محصول چندر کانت پاٹل اور چیف سیکریٹری ڈی کے جین شریک تھے۔
***** ***** *****  
 مرکزی وزیرِ مملکت برائے سماجی انصاف رام داس آٹھولے نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی لانے کیلئے گئورکشا ضروری ہے۔ کل نئی دہلی میں مسلم گئو رکشا سنگھ کی افتتاحی تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ آٹھولے نے اس تنظیم کے قیام کو ملک کا انقلابی قدم قرار دیا اور اُمید ظاہر کی کہ اس تنظیم کے قیام کے بعد ہندو اور مسلم قریب آئیں گے۔
***** ***** *****  
 ریاستی وزیر برائے سماجی انصاف دلیپ کامبلے نے سرکاری ملازمین و افسران کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے مطابق پانی ٹینکروں کی فراہمی اور چارہ چھائونیاں شروع کی جائیں۔ وہ کل جلگائوں میں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****  
 اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے چڑیا گھر کی منظوری ردّ کرنے کے مرکزی اتھاریٹی برائے چڑیا گھر کے فیصلے پر مرکزی وزارت برائے جنگلات و ماحولیات نے حکمِ التواء جاری کردیا ہے۔ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے نمائندہ وفد نے کل دہلی میں محکمے کے سیکریٹری سے ملاقات کی‘ جس کے بعد سیکریٹری مشرا نے یہ حکمِ التواء جاری کیا اور حکم دیا کہ میونسپل کارپوریشن مجوزہ سفاری پارک کا کام فی الفور مکمل کرے۔
***** ***** *****  

No comments: