Wednesday, 16 January 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 16.01.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 16 January - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۶؍جنوری  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مہاراشٹر کابینہ نے درجِ فہرست ذاتوں اور قبائل اور دیگر پسماندہ زمرے کے محکمے کی مختلف فلاحی اسکیموں پر عمل آوری کیلئے 736/ کروڑ روپیوں کی امداد جاری کرنے کے فیصلے کو منظوری دی ہے۔ ریاستی کابینہ کے کل ہوئے اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ فیصلے کے مطابق پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے نوجوان صنعتکاروں کو دس لاکھ روپئوں سے لیکر پچاس لاکھ روپئوں کا قرض دستیاب کروایا جائیگا۔ اس کے علاوہ کابینہ نے دسویں اور بارہویں جماعتوں کے امتحانات میں اوّل آنے والے پسماندہ طبقات کے طلبہ کو وسنت رائو نائک انعام سے نوازنے اور لڑکیوں کیلئے ساوتری بائی پھلے اسکالر شپ اسکیم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ پسماندہ طبقات کے طلبہ کیلئے ضرورت کے مطابق ہر ضلعے میں کُل 36/ ہاسٹل تعمیر کرنے کے فیصلے کو بھی ریاستی کابینہ نے منظوری دی ہے۔
***** ***** *****   
 انسانی وسائل کے فروغ کی مرکزی وزارت نے کل کالجوں کے پروفیسروں اور غیر تدریسی عملے پر ساتویں پے کمیشن نافذ کرنے کو منظوری دیدی۔ اس کیلئے درکار ایک ہزار 241/ کروڑ روپئوں کا بجٹ بھی مختص کیا گیا ہے۔ ملک بھر کے سرکاری کالجوں کے 29/ ہزار 264/ جبکہ خانگی شعبے کے ساڑھے تین لاکھ کالج پروفیسروں کو ساتویں پے کمیشن کا فائدہ پہنچے گا۔ گریجویٹ لیول کے تکنیکی تعلیمی اداروں کے پروفیسروں کو بھی اس فیصلے سے فائدہ ہوگا۔ ان کے لیے مرکزی حکومت نے الگ سے ایک ہزار 241/ کروڑ وپئوں کا اضافی بجٹ مختص کیا ہے۔
***** ***** *****  
 زرعی آبپاشی کے شعبے میں غیر روایتی آبپاشی کے طریقوں کو فروغ دینے کے مقصد سے آبی وسائل کی مرکزی وزارت آج سے اورنگ آباد میں نویں بین الاقوامی مائیکرو ایریگیشن کانفرنس کا انعقاد کررہی ہے۔ آبی وسائل کے مرکزی وزیر نتن گڈکری صبح گیارہ بجے اورنگ آباد کی ہوٹل اجنتا ایمبیسیڈر میں کانفرنس کا رسمی افتتاح کریں گے۔ مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ تین دنوں تک چلنے والی کانفرنس کا عنوان ہے ’’مائیکرو ایریگیشن اور جدید کھیتی‘‘۔ آبپاشی کے شعبے سے جڑے ماہرین‘ صنعتکار اور کسان اس کانفرنس میں شرکت کرینگے۔ کانفرنس میں 740/ آبپاشی ماہرین بھی شرکت کررہے ہیں‘ جن میں 56/ ممالک کے 100/ غیر ملکی ماہرین بھی شامل ہیں۔ آبپاشی کانفرنس کا مقصد قطرہ سینچائی اور دیگر غیر روایتی سینچائی طریقوں کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنا ہے۔
***** ***** *****  
بھارت نے کل ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ کرکٹ مقابلے میں آسٹریلیاء کو چھ وکٹ سے ہرادیا۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیاء کی ٹیم نے مقررہ اووروںمیں نو وکٹ کے نقصان پر 298/ رن بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے کپتان وراٹ کوہلی کی سینچری کی بدولت پچاسویں اوور میں چار گیندیں باقی رہتے ہوئے نشانہ حاصل کرلیا۔
بھارت کی جیت کے بعد تین ایک روزہ کرکٹ مقابلوں کی سیریز میں دونوں ٹیمیں اب ایک۔ ایک کی برابری پر ہیں۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ایک روزہ مقابلہ جمعہ کو کھیلا جائیگا۔
***** ***** *****  
پونے میں جاری کھیلو انڈیا مقابلوں کے دس میٹر پسٹل مقابلوں میںاورنگ آباد کی ہرشدا نیٹھوے نے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ اکیس سال سے کم عمر کے زمرے میں ہرشدا نے اُتر پردیش کی یووِکا تومر کو شکست دیتے ہوئے مہاراشٹر کو سونے کا تمغہ دلایا۔ مہاراشٹر کے نشانہ بازوں نے کل نشانے بازی میں چاندی اور کانسے کے تمغے بھی حاصل کیے۔ جملہ 176/ تمغوں کے ساتھ ریاست مہاراشٹر کے کھیلو انڈیا مقابلوں میں پہلے نمبر پر ہے۔
***** ***** *****  
شیوسینا کی یووا سینا کے صدر آدتیہ ٹھاکرے نے کل ہنگولی ضلعے کے کلمنوری تعلقے کے ساڑوا‘ کانڈلی اور تونڈا پور جیسے قحط زدہ گائووں کا دورہ کیا اور کسانوں سے بات چیت کی۔ آدتیہ ٹھاکرے نے کسانوں سے خودکشی جیسے انتہائی قدم کا راستہ نہ اپنانے اور ہمت نہ ہارنے کی اپیل بھی کی۔ کسانوں سے بات چیت میں آدتیہ نے کہا کہ شیوسینا اُن کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقعے پر آدتیہ ٹھاکرے کے ہاتھوں کسانوں میں کھاد بھی تقسیم کی گئی۔
***** ***** *****  
 بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے کل پربھنی ضلعے کے پاتھری تعلقے میں راستہ روکو احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریاستی حکومت نے پاتھری تعلقے کے قحط زدہ ہونے کا اعلان کرنے کے باوجود بھی تعلقے میں قحط سے نمٹنے کا کوئی قدم انہیں اٹھایا ہے۔
***** ***** *****  
اورنگ آباد کے مہاتما گاندھی مشن کی مہاگامی سنگیت اکادمی کی جانب سے 18/ سے 21/ جنوری کے درمیان رقص اور اُس سے جڑے قدیم فنون پر مبنی ’’شا رنگ دیو‘‘ فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس دوران اس سال کا شارنگ دیو قومی انعام آنجہانی گرو بَن مالی مہارانا کو بعد اَز مرگ دیا جائیگا۔ فیسٹیول کے دوران ورکشاپ اور کانفرنسوں کا بھی انعقاد ہوگا۔ شارنگ دیو فیسٹیول میں اس مرتبہ قوالی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****  
 جالنہ ضلعے میں جاری ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت جالنہ کے رابطہ وزیر ببن رائو لونیکر نے دی ہے۔ لونیکر نے کل منترالیہ میں منعقدہ میٹنگ میں جالنہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقعے پر انھوں نے کاموں کے معیار کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔
***** ***** *****  
اُتر پردیش کے شہر پریاگ راج میں گنگا کے کنارے کل سے کمبھ میلے کی شروعات ہوئی۔ پچاس دنوں تک چلنے والے کمبھ میلے میں قریب بارہ لاکھ عقیدت مندوں کی شرکت کا امکان ہے۔
***** ***** *****   

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 02.10.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 October 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...