Friday, 3 March 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 03  March  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  :  ۳؍ مارچ  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 مرکزی حکومت کی وزارتِ ماحولیات نے مہاراشٹر سمیت 6/ رِیاستوں سے گذرنے والے مغربی گھاٹ کو حساس علاقہ ظاہر کردِیا ہے۔ اِس خصوص میں کل ایک حکمنامہ جاری کیا گیا۔ مہاراشٹر کے علاوہ گجرات۔ گوا۔ کرناٹک۔ کیرالا اَور تاملناڈو کا مجموعی طور پر 56/ ہزار 825/ مربع کلو میٹر علاقہ اِس میں شامل ہے۔ ماحولیات کے نکتۂ نظر سے حساس قرار دِئیے جانے کے بعد اِس علاقے میں کان کنی کیلئے کھدائی اَور توانائی منصوبوں سمیت دیگر منصوبے شروع نہیں کیے جاسکیں گے‘ اِس کے علاوہ کوئی بھی تعمیری کام نہیں کیا جاسکے گا۔ اِس سے قبل ستمبر 2015 میں مرکزی حکومت نے ایک حکمنامہ جاری کیا تھا۔ اَب اِس میں ترمیم کرکے نیا حکم جاری کیا گیا ہے۔
---------------------------------
 مرکزی حکومت نے ملک بھر کے میڈیکل کالج اَسپتالوں میں پوسٹ گریجویشن نصاب کی 4/ ہزار نشستیں بڑھانے کو کل منظوری دیدی۔
 تعلیمی سال 2017-18 سے اِن اِضافہ شدہ نشستوں کیلئے طلباء داخلہ لے سکتے ہیں۔ مرکزی وَزیر برائے حفظانِ صحت جے پی نڈّا نے کہا ہے کہ پوسٹ گریجویشن کی نشستوں کا یہ اِضافہ ریکارڈ ساز ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ صرف اِس ایک فیصلے سے 72/ میڈیکل کالجوں میں ایک ہزار 137/ نشستیں بڑھی ہیں۔
---------------------------------
 وَزیرِ اَعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ خدمات سے سبکدوش ہونے والے پولس اَہلکاروں کو ذاتی گھر دینے کیلئے رِیاستی حکومت کوشا ں ہے۔ اَورنگ آباد میں پولس کمشنریٹ کی مجوزہ اِنتظامی عمارت اَور پولس اَفسران وملازِمین کے لیے رِہائش گاہوں کا سنگ ِ بنیاد کل وَزیرِ اَعلیٰ نے رَکھا۔ اِس موقع پر  اُنھوں نے تمام پولس کمشنرو ں کو ترغیب دی کہ پولس اَہلکاروں کو مالکانہ حقوق والا گھر کم قیمت پر مہیا کرنے کی اِسکیمیں شروع کریں تاکہ پولس کوارٹر چھوڑنے کے بعد انہیں اَپنے ذاتی گھر میں رَہنے کو مِل سکے۔ اُنھوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں جن شہروں میں پولس کمشنریٹ ہے وَہاں پولس والوں کو گھر فراہم کرنے کیلئے اِسکیم تیار کی جائے۔ اُنھوں نے اَورنگ آباد کے پولس کمشنر اَمیتیش کمار سے بھی دَرخواست کی کہ وہ بھی اِس طرح کی اِسکیم تیار کریں۔ کیونکہ جو پولس ملازِمین اِتنی طویل خدمات دیتے ہیں‘ سبکدوش ہونے کے بعد انہیں نظر اَنداز نہ کیا جائے یہی رِیاستی حکومت کی کوشش ہے۔ قانون ساز اَسمبلی کے اِسپیکر ہری بھائو باگڑے بھی اِس پروگرام میں شریک تھے‘ اُنھوں نے اَپنے خطاب میں مہاراشٹر کیسری حاصل کرنے والے وِجئے چودھری کو پولس فورس میں بھرتی کرنے سے متعلق ہنوز فیصلہ نہ ہونے کی سمت وَزیرِ اَعلیٰ کی توجہ مبذول کرائی۔ اِس کے جواب میں وَزیرِ اَعلیٰ نے کہا کہ کشتی اَور کبڈی جیسے کھیلوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو نوکریاں دینے سے متعلق ایک پالیسی طئے کرلی گئی ہے اَور اِس سلسلے میں جو تکنیکی دُشوارِیاں ہیں انہیں قانون سازی کرکے دُور کرلیا جائیگا۔
---------------------------------
 تعمیراتِ عامّہ کے وَزیر چندر کانت پاٹل نے کہا ہے کہ مراٹھواڑہ کے ہر ضلع میں آئندہ ایک برس میں 100/ کلو میٹر طویل سڑکیں تعمیر کی جائینگی۔ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے اَفسران کے کل اَورنگ آباد میں منعقدہ اِجلاس سے وہ خطاب کررَہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ رِیاست میں آئندہ برس 30/ ہزار کروڑ رُوپئے کے صرفے سے نئی سڑکیں تعمیر کی جائینگی۔ مراٹھواڑہ میں حمل و نقل تیز اَور محفوظ بنانے کے لیے 2/ ہزار چار سو کلو میٹر طویل راستے بنائے جائیں گے اَور اِ سکے لیے آئندہ دو برسوں میں 7/ ہزار دو سو کروڑ رُوپئے مختص کیے جا چکے ہیں۔
---------------------------------
 رِیاست کے وَزیر برائے سماجی اِنصاف راجکمار بڈولے نے کہا ہے کہ محکمۂ سماجی اِنصاف کی اِسکیموں کے فنڈ براہِ راست صارِفین کے کھاتوں میں جمع کیے جائیں گے۔ وہ کل اَورنگ آباد ڈِیویژن کے شعبۂ سماجی اِنصاف اَور مختلف ترقیاتی کارپوریشنوں کے اَفسران کے ایک اِجلاس سے خطاب کررَہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کے ترقیاتی کارپوریشن کے قرضہ جات کی وَصولی مہم تیز کی جارَہی ہے۔ اِس موقع پر اُنھوں نے اَورنگ آباد ڈِویژن کی جانچ کمیٹی کا جائزہ بھی لیا۔
---------------------------------
 رِیاستی وَزیر برائے خواتین و بہبودِ اَطفال پنکجا مونڈھے نے کہا ہے کہ حکومت ہر خاندان کی خواتین کو خود کفیل بنانا چاہتی ہے۔ وہ کل اَورنگ آباد میں سدّھا مہوتسو کی اِفتتاحی تقریب سے خطاب کررَہی تھیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ آئندہ تین برسوں میں 10/ لاکھ بچت گروپ شروع کیے جائیں گے اَور ترغیب دی کہ خواتین کے اِستحکام کیلئے حکومت کی جانب سے دی جارَہی مراعات اَور اِسکیموں کا فائدہ اُٹھایا جائے۔
---------------------------------
 اَمبا جوگائی کی عدالت نے مسلسل غیر حاضری کے باعث مہاراشٹر نونِرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے کی گرفتاری کے اِحکامات جاری کیے ہیں۔ 2008 میں راج ٹھاکرے کی غیر رِیاستی باشندوں کے خلاف تقریر کے بعد مشتعل ہوکر ایم این ایس کارکنوں نے شہر میں بسوں پر پتھرائو کیا تھا، جس میں بسوں کو زَبردست نقصان پہنچا تھا۔ اِس ضمن میں عدالت میں جاری مقدمہ کی سماعت کے دَوران غیر حاضر رَہنے پر راج ٹھاکرے کی گرفتاری کے اِحکامات عدالت نے جاری کیے۔
---------------------------------

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 10.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 10 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...