Wednesday, 5 September 2018

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 05.09.2018 ,Time:8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 05 September 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵؍ستمبر۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 ریاست کے 32/مقامی خود مختار اداروں کیلئے 178/ کروڑ روپئے کے کچرا پروسیسنگ پروجیکٹ کے مسودے کو حکومت نے منظوری دیدی ہے۔ ان 32/ لوکل باڈیز میں پونا ڈویژن کے 9/کوکن کے 5/ناگپور کے 6/ ناسک کے2/ اورنگ آباد کے3/ اور امراوتی ڈویژن کے 7/ ادارے شامل ہیں۔ چیف سیکریٹری دنیش کمار جین کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کل یہ فیصلہ کیا گیا۔ کچرے کو ٹھکانے لگانے کیلئے ریاست کے 213/ مقامی جمہوری اداروں کے مجوزہ پروجیکٹ پہلے ہی منظور کیے جاچکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے ہر محصول ڈویژن میں معذور افراد کیلئے ایک خصوصی صنعتی تربیتی ادارہ قائم کیا جائیگا۔ سماجی انصاف اور خصوصی امداد کے وزیر راجکمار بڈولے نے کل ممبئی میں یہ اعلان کیا۔ کل ممبئی میں منعقدہ ایک اجلاس میں انھوں نے بتایا کہ اس کیلئے سماجی انصاف کے وزیر کی زیرِ صدارت ایک ریاستی سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
***** ***** *****
 کانگریس کے ریاستی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ اشوک چوہان نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ایک بار پھر ریاست میں کانگریس کو برسرِ اقتدار لانا ضروری ہے۔ وہ کل شولا پور ضلع کے منگڑ ویڈھا میں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کی طرف توجہ دینے کی بجائے اپنے سیاسی فائدے کیلئے معاشرے میں خرابی پیدا کررہی ہے۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت کی مختلف پالیسیوں پر بھی انھوں نے سخت نکتہ چینی کی۔
***** ***** *****
 اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے قائد رادھا کرشن وکھے پاٹل نے الزام عائد کیا ہے کہ موجودہ مرکزی حکومت ایندھن کی قیمتوں میں متواتر اضافہ کرکے اپنی تجوریاں بھر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 4/ ریاستوں میں مجوزہ انتخابات سے قبل پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کرکے حکومت یہ جتانے کی کوشش کریگی کہ اسے عوام کا بہت خیال ہے۔ وکھے پاٹل نے الزام عائد کیا کہ تیل کمپنیوں کا فائدہ کرنے کیلئے پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
 آج 5/ ستمبر یومِ اساتذہ کی مناسبت سے صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ملک بھر کے اساتذہ کو مبا رکباد پیش کی ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی اس دن کی مناسبت سے اساتذہ کو ترغیب دی ہے کہ پسماندہ اور دیہی علاقوں کے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا کام کریں۔ وہ کل 2017ء کے قومی اساتذہ ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
 اورنگ آباد ضلع پریشد کی جانب سے ضلع کے 16/ اساتذہ کیلئے مثالی ٹیچرس ایوارڈ کا اعلان کیاگیا ہے۔ آج سہ پہر 4/ بجے تاپڑیہ ناٹیہ گرہ میں یہ اعزاز تفویض کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
ریاست کے ثانوی مدارس میں گذشتہ 22/ برسوں سے برسرِکار جزوقتی 596/ لائبریرین کو کُل وقتی عہدہ دینے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ سینئریٹی کے مطابق 596/ افراد کو کُل وقتی لائبریرین بنائے جانے کے بعد بچ جانے والی آسامیوں پر جُز وقتی ملازمین کا تقرر کیا جائیگا۔
***** ***** *****  
اورنگ آباد شہر کو پانی فراہم کرنے والی متوازی پائپ لائن پروجیکٹ کو دوبارہ فعال کرنے کی تجویز کو کل میونسپل کارپوریشن کے عام اجلاس میں منظوری دیدی گئی۔ اجلاس میں تجویز منظور کرتے ہوئے اورنگ آباد واٹر یوٹیلٹی کمپنی کے سامنے 15/ مختلف شرائط رکھی گئیں۔ پروجیکٹ کی منظوری کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے 289/ کروڑ روپئے اضافی امداد طلب کرنے کی تجویز بھی اس موقع پر منظور کی گئی۔
اسی دوران کانگریس نے اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کیا۔ چند کانگریسی کارپوریٹرس نے الزام عائد کیا کہ اپنے فائدے کیلئے اس کمپنی کو کام دیا جارہا ہے۔ جس وقت کارپوریشن میں اس معاملے پر بحث جاری تھی تب ہی کارپوریشن کے روبرو مذمتی مظاہرے بھی کیے جارہے تھے۔
***** ***** *****  
مالیگائوں بم دھماکے کے ملزم کرنل پرساد پروہت کی درخواست پر سماعت کرنے سے عدالت ِ عظمیٰ نے انکار کردیا ہے۔ کرنل پروہت نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ ان کے ساتھ اغواء کی سازش کی گئی ہے اور مطالبہ کیا تھا کہ اس معاملے کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ذریعے جانچ کی جائے۔ عدالت عظمیٰ نے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے مشاہدہ کیا کہ اگر اس موقع پر اس معاملے کی سماعت کی جاتی ہے تو مالیگائوں بم دھماکے کے مرکزی مقدمے پر اس کے اثرات مرتب ہونگے۔ عدالت نے اس ضمن میں ملزم کو کسی زیریں عدالت سے رجوع کرنے کی ترغیب دی۔
***** ***** *****
 عثمان آباد ضلع کے پرانڈہ اسمبلی حلقے کے سابق رکنِ اسمبلی اور بزرگ ماہرِ قانون واسو دیو دیشمکھ کل طویل علالت کے بعد چل بسے۔ وہ 89/ برس کے تھے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس کے سابق رکنِ اسمبلی نریندر پاٹل نے پارٹی کی بنیادی رُکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ نریندر پاٹل کو حال ہی میں انا صاحب پاٹل آرتھک وکاس مہا منڈل کا چیئرمین نامزد کیا گیا ہے اور قیاس کیا جارہا ہے کہ وہ عنقریب بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گے۔
***** ***** *****  

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 16.06.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 16 June 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...