Saturday, 1 December 2018

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date: 01.12.2018 ,Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 December - 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم؍دِسمبر  ۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 مہاراشٹر اسمبلی میں اتفاقِ رائے سے منظور کیے گئے مراٹھا ریزرویشن بِل پر کل ریاست کے گورنر سی ودّیا ساگر رائو نے دستخط کردی۔ اس کے بعد مراٹھا ریزرویشن قانون عمل میں آگیاہے۔ اس قانون کے مطابق مراٹھا سماج کیلئے علیحدہ زمرہ بناکر انہیں تعلیم اور روزگار میں سولہ فیصد ریزرویشن دیا جائیگا۔ اس بیچ مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مراٹھا ریزرویشن قانون کے وجودمیں آجانے کے بعد اب ریاست میں خالی پڑے عہدوں پر تقررات کیلئے جلد ہی مہابھرتی مہم شروع کی جائیگی۔ پھڑنویس اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد پر بول رہے تھے۔ واضح ہو کہ وزیرِ اعلیٰ نے مراٹھا سماج کو ریزرویشن دئیے جانے تک 72/ ہزار عہدوں کے تقررات پر اگست کے مہینے میں روک لگا دی تھی۔
***** ***** *****
  آل انڈیا مجلس اِتحادالمسلمین ۔AIMIM پارٹی ماضی میں مسلمانوں کو دئیے گئے ریزرویشن کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کریگی۔ اورنگ آباد سے MIM کے رکنِ اسمبلی امتیاز جلیل نے کل ممبئی میں نامہ نگاروں کو یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ MIM مراٹھا سماج کو دئیے گئے ریزرویشن کے خلاف نہیں ہے،لیکن مسلمانوں پر بھی وہی معیار لاگو ہونے چاہئیں۔
***** ***** *****
 ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس کل اختتام پذیر ہوا۔ اگلا اجلاس 18/ فروری سے شروع ہوگا جو کہ بجٹ اجلاس ہوگا۔ سرمائی اجلاس کے آخری دن کل وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کہا کہ دھنگر سماج کو ریزرویشن دینے کیلئے خصوصی اجلاس طلب کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ دھنگر ریزرویشن کے بارے میں کاروائی مکمل ہونے کے بعد اگلے اجلاس میں اس بارے میں رپورٹ پیش کی جائیگی۔ پھڑنویس نے واضح کیا کہ اس دوران درجِ فہرست قبائل کے ریزرویشن میں کوئی کمی نہیں کی جائیگی۔
 مسلمانوں کو ریزرویشن دینے کے بارے میں بولتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ بھارتی دستور میں مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دینے کی گنجائش نہیں ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں کی جو ذاتیں ریزرویشن کے پیمانے پر پوری اُترتی ہیں انھیں ریزرویشن دینے کے عمل کی شروعات کی جاسکتی ہے۔ تاہم اس کیلئے پسماندہ طبقات کے کمیشن سے سفارش کرنی ہوگی۔
 دریں اثناء وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے بتایا کہ مراٹھا آندولن اور بھیما کورے گائوں تشدد معاملوں میں داخل کیے گئے کئی مقدمات واپس لیے گئے ہیں‘ لیکن انھوں نے واضح کیا کہ مراٹھا آندولن کے 64/ اور بھیما کورے گائوں تشدد کے 63/ مقدمات کو واپس نہیں لیا جائیگا کیونکہ یہ سنگین نوعیت کے ہیں۔
***** ***** *****
 مہاراشٹر حکومت کے ملازمین کیلئے ایک جنوری 2019 سے ساتواں پے کمیشن نافذ کردیا جائیگا۔ ریاست کے مالیات کے مملکتی وزیر دیپک کیسرکر نے کل قانون ساز کونسل میں یہ بات کہی۔ کیسرکر‘ ایوان کے رکن کپل پاٹل کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت بکشی کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس پر کاروائی کریگی۔ کیسرکر نے بتایا کہ ملازمین کی سبکدوشی کی عمر 58/ سال سے بڑھاکر 60/ سال کرنے کے بارے میں نامزد کی گئی کھٹوعہ کمیٹی نے ابھی اپنی رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔ کیسرکر نے کہا کہ کام کاج کیلئے پانچ دنوں کا ہفتہ کرنے کی تجویز پر حکومت غور کررہی ہے۔
***** ***** ***** 
 مہاراشٹر کے وزیرِ تعلیم ونود تائوڑے نے کہا ہیکہ اسکولوں کی پَٹ پڑتاڑنی مہم کے دوران طلبہ کی بوگس تعداد دکھاکر جعلسازی کرنے والے اسکولوں پر اگلے دو مہینوں کے دوران مقدمے درج کیے جائیں گے۔ تائوڑے کل ریاستی قانون ساز اسمبلی میں بول رہے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریاست کے اسکولوں میں سبھی طلبہ کا ریکارڈ ’’سَرَل‘‘ نامی سافٹ ویئر کے ذریعے ان کے آدھار نمبر سے جوڑا جارہا ہے جس کے بعد اب طلبہ کی بوگس تعداد دِکھانا ممکن نہیں ہوگا۔
***** ***** *****
 گھریلو استعمال کے LPG گیس سلنڈروں کی قیمت میں کٹوتی کی گئی ہے۔ انڈین آئل کارپوریشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلان کے مطابق سبسڈی والے سلنڈر کی قیمت میں چھ روپئے اور بناء سبسڈی والے سلنڈر کی قیمت میں 133/ روپئوں کی کٹوتی کی گئی ہے۔ نئے نرخ گذشتہ آدھی رات سے نافذ ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
 خسرہ اور روبیلا جیسی بیماریوں کیخلاف مہاراشٹر بھر میں ٹیکہ اندوزی مہم جاری ہے۔ پربھنی ضلع میں گذشتہ تین دنو ںمیں 64/ ہزار 201/ بچوں کو ان بیماریوں سے بچائو کا ٹیکہ لگایا گیا۔
 پربھنی ضلع انتظامیہ نے یہ جانکاری دی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیکہ دئیے جانے کے بعد ری ایکشن ہونے کا ایک بھی واقعہ سامنے نہیں آیا ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے افواہوں پر دھیان نہ دینے اور اپنے بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچائو کا ٹیکہ لگانے کی اپیل بھی کی۔
***** ***** *****
 اورنگ آباد ضلع کے دیہی علاقوں کے کسانوں کے بجلی فراہمی سے متعلق مسئلوں کو فوری حل کرنے کی ہدایت اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ چندر کانت کھیرے نے دی ہے۔
 کھیرے کل بجلی فراہمی کمپنی مہاوترن کے افسران کے ساتھ میٹنگ کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے شہر میں کم اونچائی پر جھول رہے بجلی کے تاروں کو دوبارہ اپنی جگہ پر لانے اور خطرناک ٹرانسفا رمر اور بجلی کے کھمبوں کے مسئلے سے نمٹنے کی بھی ہدایت دی۔
***** ***** ***** 

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 02.10.2025 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 October 2025 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी...