Thursday, 8 August 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 08.08.2019 , Time : 8.40-8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 08 August 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۸؍ اگست  ۲۰۱۹ ؁
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
ریاست میں زیرِ تکمیل آبپاشی منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے 15/ ہزار کروڑ روپئے اقل مدتی قرض کے حصول و ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کے باعث ریاست میں آئندہ تین برس میں متعلقہ منصوبے مکمل ہونگے اور 90/ ہزار ہیکٹر اضافی زرعی زمین سیراب ہوسکے گی۔ نیز 891/ ملین گھن میٹر پانی کا ذخیرہ کیا جاسکے گا۔ ان میں مراٹھواڑہ کے عثمان آباد اور بیڑ اضلاع کیلئے نہایت اہم کرشنا مراٹھواڑہ آبپاشی منصوبہ اور ہنگولی ضلع کے چھ چھوٹے آبپاشی منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے۔
***** ***** ***** 
دیہی علاقوں میں سرکاری اراضی پر موجود تجاوزات کو جائز قرار دینے کیلئے ضلع سطح پر کلکٹر کی زیرِ قیادت کمیٹیاں قائم کرنے کو بھی کل ہوئے کابینی اجلاس میں منظوری دی گئی۔ ا س کمیٹی کو موصول ہونے والی تجاویز پر اندرونِ 15/ یوم فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیاہے۔ سنجے گاندھی نرادھار یوجنا اور شراون بال سیوا یوجنا کے تحت دی جانے والی امداد میں اضافے کا فیصلہ بھی کابینہ نے کیا۔
***** ***** ***** 
ریاست کے ضلع پریشدوں کے عہدیداران کے انتخابات 4/ ماہ مؤخر کرنے کو کل ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی ۔ ریاستی اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ ریاست کے کالجوں میں ہونے والے انتخابات بھی مؤخر کردئیے گئے ہیں۔
***** ***** ***** 
نیشنل الیکٹرانک فنڈز ٹرانسفر یعنی NEFT خدمات 24/ گھنٹے مہیاکرنے کا اعلان ریزرو بینک آف انڈیا نے کیا ہے۔ ماہِ دسمبر سے اس فیصلے پر عملدرآمد کیا جائیگا۔ کل آر بی آئی کی کریڈٹ پالیسی کی جائزاتی رپورٹ گورنر شکتی کانت داس نے پیش کی۔ اس موقع پر انھوںنے یہ اعلان کیا۔ فی الحال NEFT خدمات کام کاج کے دنوں میں صبح آٹھ بجے سے شام سات بجے تک موجود ہوتی ہے۔ ریزرو بینک نے ریپو ریٹ میں صفر اعشاریہ تین پانچ بیسک پوائنٹس تخفیف کا بھی اعلان کیا۔
***** ***** ***** 
آنجہانی رہنماء سشما سوراج کی کل دہلی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ نائب صدر وینکیا نائیڈو‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ وزیرِ داخلہ امیت شاہ‘ پارٹی قائد ایل کے ایڈوانی‘ دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجریوال اور مختلف سیاسی رہنمائوں نے آخری رسومات میں شرکت کی۔ 
راجیہ سبھا نے کل آنجہانی سشما سوراج کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ چیئرمین وینکیا نائیڈو نے ایوان میں تعزیتی قرار داد پڑھ کر سنائی۔ دریں اثناء راجیہ سبھا کی کاروائی کل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔ 
اس سے قبل ہائی کورٹس میں ججوں کی تعداد میں اضافے کا بل راجیہ سبھا نے بغیر کسی مباحثے کے منظور کرلیا۔ ا س بل میں عدالت ِ عالیہ میں ججوں کی تعداد 30/ سے بڑھا کر 33/ کرنے کی گنجائش ہے۔
***** ***** ***** 
جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے دستورکے دفعہ 370/ کو ختم کرنے سے متعلق بل کو کل صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند نے منظوری دے دی ۔ جس کے بعد اب جموں و کشمیر اور لداخ دو نئے مرکز کے زیرِ انتظام علاقے وجود میں آگئے ہیں۔ اسی دوران کشمیر میںجاری کرفیو میں کل کچھ وقفے کیلئے رعایت دی گئی تھی۔
***** ***** ***** 
دفعہ 370/ ختم کیے جانے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کیخلاف بطور احتجاج پاکستان نے بھارت کے ساتھ ہر سطح کے تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا۔ دونوں ملکوں کے مابین سفارتی تعلقات بھی ختم کرنے کے فیصلے کے تحت پاکستان میں موجود بھارتی ہائی کمشنر اجئے بساریہ کو واپس بھارت بھیجا جارہا ہے۔ کل وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کل پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں اعلان کیا کہ پاکستانی ہائی کمشنر بھی اب بھارت میں نہیں رہیں گے۔
***** ***** ***** 
ریاست کے مغربی مہاراشٹر میں سیلاب کی صورتحال ہنوز سنگین بنی ہوئی ہے۔ پونا‘ کولہاپور‘ ستارا اور سانگلی اضلاع کے تمام پشتے پوری طرح بھر چکے ہیں۔ ان پشتوں سے پانی چھوڑا جارہا ہے، جس کے باعث ندیوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے۔ ان اضلاع میں کم و بیش ساڑھے چار سو دیہات اس سیلاب سے شدید متاثر ہیں۔ امدادی کاموں میں تقریباً ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ پونا میں شدید بارش کے باعث شولا پور ضلع کا اُجنی ڈیم صدر فیصد بھرچکا ہے۔ اب اس ڈیم سے بھیما ندی میں پانی چھوڑا جارہا ہے اور اس ندی کے کنارے واقع پنڈھر پور اور ماڑشیرس تعلقوں سے متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیاہے۔
***** ***** ***** 
مراٹھواڑہ سمیت کل ریاست میںمختلف مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ اورنگ آباد اور پربھنی اضلاع میں زوردار بارش ہوئی۔ اورنگ آباد کا جائیکواڑی ڈیم 65/ فیصد سے زائد بھر چکا ہے۔
***** ***** ***** 

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 07.10.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 07 October 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...