Tuesday, 4 September 2018

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 04.09.2018 ,Time:8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 September 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴؍ستمبر۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
ممبئی ہائیکورٹ نے زیرِ سماعت مقدمات کے بارے میں ذرائع ابلاغ کو معلومات فراہم کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے کہا ہیکہ کسی مقدمے سے جڑے کاغذات کو جو ثبوت کے طور پر استعمال ہوسکتے ہیںعام کرنا غلطی ہے۔ واضح ہو کہ مہاراشٹر پولس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پَرم ویر سنگھ نے مائو نوازوں سے مبینہ تعلقات کے الزام میں ملک بھر سے گرفتار کیے گئے پانچ کارکنوں کے بارے میں اخباری کانفرنس منعقد کرکے تفصیلات ظاہر کی تھیں۔ اس معاملے میں عدالت نے کل ہوئی سماعت کے دوران سخت ناراضگی ظاہر کی۔ اس کے علاوہ ممبئی ہائیکورٹ نے بھیما کورے گائوں تشدد معاملے کی جانچ پونے پولس سے نہ کرواتے ہوئے قومی تفتیشی ایجنسی NIA کو سونپے جانے کا مطالبہ کرنے والی درخواست پر روک لگادی۔
 اس بیچ ڈاکٹر نریندر دابھولکر قتل معاملے میں گرفتار کیے گئے ملزم شرد کڑسکر کو پوچھ تاچھ کیلئے CBI کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ دابھولکر قتل معاملے کی جانچ CBI کررہی ہے‘ اس لیے عدالت نے کل اُسے CBI تحویل میں دینے کے احکامات جاری کیے۔
***** ***** ***** 
 مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے کہا ہیکہ ملک میں عوام کی سوچ بدل رہی ہے اور اگر ابھی لوک سبھا انتخابات ہوتے ہیں تو بھارتیہ جنتا پارٹی 200/ سیٹیں بھی نہیں جیت پائے گی۔ راج ٹھاکرے کل ناسک میں نامہ نگاروں سے گفتگو کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ لوگوں کو یہ کہہ کر گمراہ کیا جارہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ عوام اب حکومت کی کارکردگی کا حساب کریگی۔ مہاراشٹر میں سڑکوں کی خراب حالت پر بھی راج ٹھاکرے نے خوب تنقید کی۔
***** ***** *****
 کرشن جنماشٹمی کا تہوار کل ملک بھر میں منایا گیا۔ یہ تہوار بھگوان کرشن کی یومِ پیدائش پر منایا جاتا ہے۔ کرشن کی جائے پیدائش متھرا میں اس ضمن میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا جہاں عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں ان میں شرکت کی۔ ممبئی اور مہاراشٹر میں بھی مختلف مقامات پر روایتی طریقے سے دہی ہانڈی پھوڑکر کرشن جنماشٹمی کا تہوار منایا گیا۔
***** ***** *****
کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہیکہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کے گناہوں کی ہانڈی عوام 2019ء میں پھوڑے گی۔ مہاراشٹر کانگریس کے صدر اور رکنِ پارلیمنٹ اشوک چوہان نے ساتارہ ضلع کے کراڑ میں کل دہی ہانڈی پھوڑنے کی تقریب کے دوران یہ بات کہی۔ اس موقع پر کانگریس کی جانب سے شروع کی گئی جن سنگھرش یاتراکے ایک حصے کے طور پر حکومت کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔
***** ***** *****
 نیتی آیوگ کے CEO امیتابھ کانت نے کہا ہیکہ بھارت جلد ہی پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے ’’ایک ملک ایک کارڈ‘‘ پالیسی کا اعلان کریگا۔ کانت کل نئی دلّی میں ’’فیوچر موبلیٹی سمیٹ 2018ئ‘‘ میں بول رہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے مختلف ذریعوں کو آپس میں جوڑنے کیلئے ’’ایک ملک ایک کارڈ‘‘ پالیسی اپنائی جارہی ہے۔ امیتابھ کانت نے مزید کہا کہ بہتر ٹرانسپورٹ خدمات کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور مجموعی گھریلو پیداوار میں روڈ ٹرانسپورٹ کا حصہ چار فیصد ہے۔
***** ***** *****
 مختلف مطالبات کی یکسوئی کیلئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی جانب سے کل پربھنی اور جالنہ ضلعوں میں ضلع کلکٹر دفاتر پر جلوس نکالے گئے۔ پربھنی میں نکالے گئے سائیکل جلوس کے بعد رہائشی ڈپٹی کلکٹر اَنکش نپاٹے کو مطالباتی محضر پیش کیا گیا۔
 جالنہ میں نکالے گئے جلوس میں رکنِ اسمبلی راجیش ٹوپے سمیت NCP کے کئی عہدیداروں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے جالنہ کے ضلع کلکٹر رویندر بنوڑے کو مطالباتی محضر پیش کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ایندھن کی قیمتوں میں ہوئے اضافے کو واپس لیا جائے۔ اس کے علاوہ کپاس کی فصل کا نقصان اٹھارہے کسانوں کو نقصان بھرپائی ادا کرنے کا بھی مظاہرین نے مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
سابق فٹبال کھلاڑی آرتھر پریرا کل ممبئی میں چل بسے۔ وہ 70/ برس کے تھے۔ آرتھر پریرا 70/ کی دہائی میں مہاراشٹر اور قومی فٹبال ٹیم کا حصہ بھی رہے۔
***** ***** *****
 پانی بچانے کیلئے کسانوں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔ کسان رہنما رگھوناتھ دادا پاٹل نے یہ بات کہی۔ احمد نگر ضلع کے راہوری میں زرعی یونیورسٹی میں منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پانی کو بچانے کیلئے سیاست دانوں کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے اور اس کام کیلئے کسانوں کو ہی ایک ہونا ہوگا۔
***** ***** *****
 ایریگیشن ڈپارٹمنٹ کے سابق ایگزیکٹیو انجینئر محمد لطیف الدین صدیقی کا گذشتہ رات پونے دو بجے انتقال ہوگیا۔وہ 75/ برس کے تھے۔ لطیف صدیقی کی نمازِ جنازہ آج صبح دس بجے جامع مسجد اورنگ آباد میں ادا کی جائیگی اور تدفین متصل قبرستان میں عمل میں آئیگی۔مرحوم اُردو روزنامہ اورنگ آباد ٹائمز کے مدیرِ شعیب خسرو کے خسر تھے۔
***** ***** ***** 

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 15.06.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र.

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 15 June 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...