Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 16.09.2019 , Time : 8.40 - 8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 16 September-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۶؍September ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے عام آدمی کیلئے مشکلات پیدا کرنے والے موٹر وہیکل ایکٹ کے جرمانے کی رقم میں ترمیم کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ تاہم انھوںنے وضاحت کی کہ اس قانون کے ذریعے عائد کی جانے والی پابندیوں کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ انہیں اس ایکٹ میں ترمیم کیلئے مکمل حمایت حاصل ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل ٹریفک قوانین کی دفعات زیادہ سخت نہیں تھیں اور خلاف ورزی کرنے والے افراد آسانی سے جرمانہ ادا کردیتے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ جرمانے کی رقم میں ترمیم کے بعد اس قانون پر عمل درآمد کیا جائیگا۔
***** ***** *****
زمینی حمل و نقل کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اس خیال کا اظہارکیا ہیکہ کسان کیمیائی مادّوں اور آلودگی سے پاک کاشتکاری کریں۔ وزیرِ موصوف کل ناگپور میںڈاکٹر پنجاب رائو دیشمکھ زرعی یونیورسٹی کے ذریعے نامیاتی زراعت کی اہمیت کے موضوع پر منعقدہ عالمی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس کانفرنس کی صدارت ریاست کے وزیرِ زراعت ڈاکٹر انیل بونڈے نے کی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ آئندہ دو تین برسوں میں طبّی تعلیم کیلئے بڑے پیمانے پر نشستیں دستیاب ہوں گی، جس کا فائدہ ریاست کی عوام کو ہوگا۔ وزیرِ اعلیٰ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بارامتی کے سرکاری طبّی کالج کو کل عوام کے نام وقف کیا، ساتھ ہی جلگائوں کے دین دیال اُپادھیائے سرکاری طبّی کالج اور ممبئی کے جے جے اسپتال میں اہم علاج معالجے کیلئے تعمیر کی جانے والی عمارت کا سنگ ِ بنیاد بھی رکھا۔
***** ***** *****
ریاست کے سابق وزیرِ اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے اطلاع دی ہیکہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس 125/ اور راشٹروادی کانگریس پارٹی 125/ نشستوں پر انتخابات میں حصہ لے گی اور بقیہ 38/ سیٹیں دیگر اتحادی جماعتوں میں تقسیم کی جائیں گی۔ چوہان کل پونا میں صحیفہ نگاروں سے مخاطب تھے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی صدر شرد پوار نے ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد روزگار پیدا کرنے کی بجائے اسے ختم کرنے کاکام کیا ہے۔ پوار کل نئی ممبئی کے نیرول میں پارٹی کارکنان کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ آج کے سیاست دانوں کی یہ پالیسی ہے کہ وہ محنت کشوں کے ہاتھوں کا احترام کرنے کی بجائے مٹھی بھر امیروںکی پشت پر کھڑے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ ستارا لوک سبھاحلقے کیلئے بھی چنائو ہوگا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بی جے پی کی جانب سے اُدین راجے بھوسلے کو ستارا لوک سبھا حلقے سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ وہ کل ستارا میںجلسۂ عام سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر ستارا شہر کی سیمنٹ روڈ کی تعمیر کیلئے 50/ کروڑ روپئوں کے فنڈ کی فراہمی اور طبّی کالج سمیت شہر کے حدود میں اضافے کے مسائل حل کرنے کا اعلان کیا۔ دریںاثناء وزیرِ اعلیٰ نے کل پونا میں مہاجنادیش یاترا کے دوران صحافیوں سے گفت و شنید کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں دوبارہ اقتدار پر فائز ہونے کے یقین کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
عثمان آباد کے رکنِ پارلیمنٹ اوم پرکاش راجے نمبالکر اور دیگر کیخلاف کل ڈھوکی پولس اسٹیشن میں ایک کسان کو خودکشی کیلئے اُکسانے کا فردِ جرم داخل کیا گیا۔ تیرنا امدادِ باہمی شکر کارخانے‘ وسنت داداپاٹل بینک اور جئے لکشمی کارخانے کے سابق ڈائریکٹر نے ایک سازش کے تحت کسبے تروڈے گائوں کے کسان دلیپ ڈھولے کی کھیتی پر قرض حاصل کرلیا۔ اس قرض کی ادائیگی کی ذمہ داری تیرنا امدادِ باہمی شکر کارخانے نے لی تھی، تاہم قرض کی ادائیگی نہ کرنے پر بینک نے زمین نیلامی کیلئے نکال دیا۔ اس سے دل برداشتہ ہو کر ڈھولے نے 12/ اپریل 2019ء کو خودکشی کرلی۔ متوفی کسان نے خودکشی سے قبل لکھی گئی اپنی چٹھی میں اوم پرکاش راجے نمبالکر اور دیگر پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا تھا۔
***** ***** *****
آندھرا پردیش کے مشرقی گوداوری ضلع کے دیوی پٹنم میں کل دریائے گوداوری میں ایک سیاحتی کشتی کے اُلٹنے کے نتیجے میں 11/ افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔ قدرتی آفات میں مدد فراہم کرنے والے دو قومی دستے حادثے کے مقام پر پہنچ چکے ہیں اور اب تک 25/ افراد کوڈوبنے سے بچایا جاچکا ہے۔ اس کشتی میںکُل 61/ افراد سوار تھے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع کا جائیکواڑی آبی منصوبہ کل صد فیصد بھر گیا، جس کے بعد آبی منصوبے کے چار دروازوں سے 2/ ہزار 48/ ملین گھن فٹ پانی کل شام 6/ بجے سے گوداوری ندی میں چھوڑاجارہا ہے۔ ڈیم کے قریب واقع آبی بجلی مرکز سمیت سیدھی اور بائیں نہروں سے بھی پانی چھوڑے جانے کا عمل جاری ہے۔ اسی بیچ گوداوری ندی کے ساحل پر واقع دیہاتوںکو محتاط رہنے کا انتباہ دیا گیاہے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment