Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 17.09.2019 , Time : 8.40 - 8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 17 September-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۷؍ ستمبر ۲۰۱۹ئ
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ندیوں کو جوڑ کر کرشنا کھورے کا اضافی پانی مراٹھواڑہ اور قحط سے متاثرہ علاقوں میں لانے سے متعلق پروجیکٹ کو عالمی بینک نے منظوری دے دی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مہاجن آدیش یاترا کل سانگلی ضلع میں داخل ہوئی۔ پلوس میں اس سلسلے میںمنعقدہ ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے یہ اطلاع دی۔ سانگلی ضلع کے نوجوان رہنما ستیہ جیت دیشمکھ نے کل وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ دریںاثناء اسلام پور تاکاری شاہراہ پر سوابھیمانی شیتکری سنگھٹنا کے کارکنوں نے مہاجن آدیش یاترا کے دوران وزیرِ اعلیٰ کی گاڑی کے سامنے کڑک ناتھ نسل کی مرغیاں پھینکی۔ تنظیم کی جانب سے کڑک ناتھ مرغی بدعنوانی معاملے کی تحقیقات کرکے خاطیوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کے مطالبے پر یہ احتجاج کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ کی مہاجن آدیش یاترا کل سانگلی سے کولہا پور پہنچی۔ کولہا پور میں اپنے جلسے میں دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ گذشتہ پانچ برسوں میں کیے گئے کاموں کا جائزہ لیکر بی جے پی۔ سینا اتحاد کو دوبارہ منتخب کرنے کی اپیل رائے دہندگان سے کی۔
***** ***** *****
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے اعلان کیا ہے کہ ان کی پارٹی آئندہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور کسان مزدور پارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد کریگی۔ کل ناسک میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوںنے کہا کہ ریاست کی کُل 288/میں سے کانگریس اوراین سی پی 125-125/ نشستوں پر اپنے اُمیدوار کھڑاکرے گی اور بقیہ 38/ نشستیں ہم خیال اتحادی جماعتوں کیلئے چھوڑی جائیں گی۔ انھوںنے مزید کہا کہ ان انتخابات میں این سی پی اس بار نئے چہروں کو موقع دے گی۔ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور این سی پی کے مابین اتحاد نہیںہوا تھا‘ اس کے باوجود کانگریس نے 42/ اور این سی پی نے 41/ نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔
***** ***** *****
اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر مرکزی انتخابی کمشنر سنیل ارورہ آج ممبئی کا دورہ کررہے ہیں۔ اپنے دو روزہ دورے میں وہ انتظامیہ اور پولس افسران کے ساتھ ملاقات کرکے انتخابات سے قبل کی تیاریوںکا جائزہ لیںگے۔ آئندہ 9/ نومبر کو موجودہ اسمبلی کی میعاد مکمل ہورہی ہے اور اس سے قبل نئی اسمبلی کی تشکیل لازمی ہے۔ انتخابی کمشنر کے اس دورے کے بعد مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کا اعلان ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دِن کی مناسبت سے آج مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ مراٹھواڑہ کے تمام 8/ اضلاع میں آج پرچم کشائی کی مرکزی سرکاری تقاریب منعقدہورہی ہیں۔ اورنگ آباد میں پرچم کشائی وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں میونسپل کارپوریشن کے سدھارتھ گارڈن میں واقع ستونِ یادگار پر اب سے کچھ دیر قبل ٹھیک 9/ بجے عمل میں آئیگی۔ اس سے قبل شہر کے اورنگ پورہ علاقے میں مہاتما جیوتی با پھلے اور ساوتری بائی پھلے کے مجسّمے کی نقاب کشائی وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں صبح آٹھ بجے عمل میں آئی۔
***** ***** *****
سنبھاجی بریگیڈ نے اسمبلی انتخابات کیلئے 14/ اُمیدواروں کی دوسری فہرست جاری کردی ہے۔ مغربی اورنگ آباد حلقے سے رمیش گائیکواڑ‘ دیگلور بلولی حلقے سے سوریہ کانت چندرے‘ لوہا۔ قندھار حلقۂ انتخاب سے سبھاش کولہے‘ ماجلگائوں سے چھتر بھوج دیشمکھ، پرلی سے گووند پتنگلے اور اوسہ اسمبلی حلقۂ انتخاب سے ابھیمنیو شیش رائو پوار کو پارٹی اُمیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ سنبھاجی بریگیڈ کے ریاستی ترجمان ڈاکٹر شیوانند بھانوسے نے کل اورنگ آباد میں ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ فہرست جاری کی۔ اس سے قبل سنبھاجی بریگیڈ 15/ اُمیدواروں کی ایک فہرست جاری کرچکی ہے۔
***** ***** *****
شیوسوراجیہ بہوجن پارٹی اورنگ آباد ضلع کے کنڑ‘ گنگاپور‘ ویجا پور اور اورنگ آباد وسطی’ مشرقی اور مغربی حلقوں سمیت 6/ نشستوں پر الیکشن لڑے گی۔ یہ اعلان کنڑ کے سابق رکنِ اسمبلی اور پارٹی کے سربراہ ہرش وردھن جادھو نے کیا۔ وہ کل اورنگ آباد میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران عوامی تائید و حمایت کو دیکھتے ہوئے ان کی پارٹی نے کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہ کرنے اور تنہا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
***** ***** *****
سوابھیمانی شیتکری سنگھٹنا کی جانب سے سابق رکنِ پارلیمنٹ راجو شیٹی کی زیرِ قیادت کل اورنگ آباد ڈویژنل کمشنر دفتر پر شیتکری آکروش مورچہ نکالا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ وزیرِ اعلیٰ کی مہاجن آدیش یاترا کے دوران احتجاج کرنے والوں کو طاقت کے زور پر دبایا جارہا ہے۔ تنظیم کی جانب سے ایک محضر انتظامیہ کو پیش کیا گیا، جس میں کسانوں کے قرضۂ جات مکمل معاف کرنے‘ کسانوںکو واجب الادا بیمے کی رقومات کی فوری ادائیگی اور نئے قرض کی فراہمی اور زرعی مزدوروں کو کام دئیے جانے سمیت متعدد مطالبات شامل تھے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment