Friday, 15 November 2019




Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 15.11.2019, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 15 November-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۵؍ نومبر  ۲۰۱۹؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے شبری مالا مندر سمیت مذہبی مقامات پر خواتین کے داخلوں سے متعلق از سرِ نو غورکرنے کی سبھی عرضیوں کو سات ججوں کی بینچ کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ خواتین کامذہبی مقامات میں داخلے کا معاملے صرف شبری مالا تک ہی محدودنہیں ہے بلکہ دیگر مذاہب میں بھی اسی طرح کے واقعات دیکھے گئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ شبری مالا مندر اور مسجدوں میں خواتین کے داخلے پر عائد پابندی اور دائودی بوہرہ سماج میں لڑکیوں کا ختنہ کرنے جیسی رسومات کے بارے میں سات ججوں کی یہ بینچ فیصلہ دے گی۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گذار کا مقصد مذہبی رسومات اور طور طریقوں پر کھل کر بحث کرنے کو بڑھاوا دینا ہے۔
***** ***** *****  
رافیل جنگی طیاروں کی خریداری سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر دوبارہ غورکرنے کا مطالبہ کرنے والی درخواست کو کل سپریم کورٹ نے خارج کردیا۔ اس درخواست میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ عدالت ماضی میں دئیے گئے اپنے فیصلے پر ازسرِ نو غورکرے اور سپریم کورٹ کی زیرِ نگرانی رافیل طیاروں کی خریداری کے عمل کی جانچ کرے۔ درخواست گذار کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں حقائق کو چھپایا گیا ہے‘ لہٰذا فوجداری نوعیت کا کیس درج کیا جائے‘ تاہم عدالت نے خارج کردیا۔
***** ***** *****  
دوسری جانب رافیل جنگی طیاروں کی خریداری کے معاملے میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی جانب سے وزیرِ اعظم نریندر مودی پر لگائے گئے الزامات کے ضمن میں راہل گاندھی کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے معافی نامے کو سپریم کورٹ نے قبول کرلیا ہے۔ اس معاملے میں راہل گاندھی کے خلاف دائر توہین کا مقدمہ بھی مستقل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔ رافیل معاملے میں راہل گاندھی کے خلاف سپریم کورٹ میں شکایتیں درج کی گئی تھیں۔
***** ***** *****  
مہاراشٹر میں حکومت بنانے کیلئے کل پہلی مرتبہ شیوسینا‘ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اورکانگریس کے رہنمائوں کی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں Common Minimum Programme کے مسودے کو آخری شکل دے دی گئی۔ کانگریس کے رہنما وجئے وڑیٹیوار نے کل اخباری نمائندوں کو یہ اطلاع دی۔ انھوںنے بتایا کہ اس مسودے کو تینوںپارٹیوں کے سربراہوں کی جانب سے منظور کیے جانے کے بعد عام کیا جائیگا۔ میٹنگ میں این سی پی کی جانب سے ریاستی صدرجینت پاٹل‘ چھگن بھجبل‘ نواب ملک‘ کانگریس کی جانب سے سابق وزیرِ اعلیٰ پرتھوی راج چوہان‘ وجئے وڑیٹیوار‘ مانک رائو ٹھاکرے اور شیوسینا کی جانب سے ایکناتھ شندے اور سبھاش دیسائی نے شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ ان رہنمائوں کی ملاقات کے دوران شہری ترقیات‘ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کسانوں کے مسائل اور موجودہ حالات جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال ہوا۔
اس سے پہلے شیوسینا صدر اُدّھو ٹھاکرے نے کانگریس کے ریاستی صدر بالا صاحب تھورات اور این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل سے بات چیت کی۔
***** ***** *****  
دوسری جانب شیوسینا رہنما سنجے رائوت نے بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ شیوسینااور بی جے پی کے درمیان وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کو یکساں مدت کیلئے بانٹنے کے بارے میں طئے پائی رضامندی کے بارے میں وزیرِ اعظم نریندرمودی کو واقف نہیں کروایا گیا۔ رائوت نے کہا کہ بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر امت شاہ اور شیوسینا صدر اُدّھو ٹھاکرے نے ریاست میں یکساں مدت کیلئے اپنا اپنا وزیرِ اعلیٰ مقررکرنے کے بارے میں بند دروازے میں تبادلۂ خیال کیا تھااور اس بارے میں اتفاق بھی کرلیا تھا‘ تاہم یہ بات وزیرِ اعظم مودی تک نہیں پہنچائی گئی۔ رائوت کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگوکررہے تھے۔ رائوت نے امت شاہ کی اُس بات سے انکارکردیا جس میں امت شاہ نے کہا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کی مدت کو برابر برابر بانٹنے پر شیوسینا اور بی جے پی میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی تھی۔ ریاست میں حکومت بنانے کیلئے پُرعزم رائوت نے کہا کہ شیوسینا حکومت بنانے کے عمل میں نہ تو ہارے گی اور نہ ہی کسی سے خوفزدہ ہوگی۔
***** ***** *****  
وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے نومنتخبہ اراکینِ اسمبلی کا کل ممبئی میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بی جے پی رہنما دیویندر پھڑنویس نے ریاست کے موجودہ سیاسی حالات پر اراکین کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔ بی جے پی رہنما آشیش شیلار نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اجلاس کے دوران غیر موسمی بارش سے کسانوں کو ہوئے نقصان اور ان کی مدد‘ اور پارٹی کے اندرونی چنائو کے پروگرام پر بات چیت کی گئی۔
***** ***** *****  
بھارت کے پہلے وزیرِ اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے یومِ پیدائش کے موقعے پر کل ملک بھر میں یومِ اطفال منایا گیا۔ اس ضمن میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹ کر پنڈت نہروکو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ 
اس موقعے پر اورنگ آباد کے گروارے کمیونٹی سینٹر کی جانب سے منعقدہ تقریب میں سپرنٹنڈنٹ آف پولس موکشدا پاٹل نے شرکت کی اور قومی یکجہتی جلوس نکالا گیا۔
***** ***** *****  
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے قومی صدر شردپوار نے کل ناگپور ضلعے میں غیر موسمی بارش سے فصلوں کو ہوئے نقصان کا معائنہ کیا۔ پوار نے کاٹول تعلقے کے چار گائوں میں کسانوں سے بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر کسانوں نے فصلوں کوہوئے نقصان سے شرد پوار کو واقف کروایا۔
***** ***** *****  
بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان اندور میں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ مقابلے میں کل پہلے دِن کا کھیل ختم ہونے تک بھارت نے ایک وکٹ کے نقصان پر 86/ رن بنالیے ہیں۔ مینک اگروال 37/ اور چیتیشور پجارا 43/ رنوں پر کھیل رہے ہیں۔ پہلے بلّے بازی کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم بھارتی گیند بازوں کے آگے ٹک نہیں سکی اور 150/ رن بناکر آل آئوٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے تین وکٹ لیے۔
***** ***** *****  

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 07.10.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 07 October 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...