Friday, 4 May 2018

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 04.05.2018 ,Time:8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 May 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۴؍ مئی ۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
ریاست کے مختلف کالجوں اور تعلیمی اداروں میں 2017-18 کے تعلیمی سال کے دوران داخلہ حاصل کرنے والے پسماندہ طبقات اور معاشی طور پر پسماندہ طلباء کی اسکالر شپ کی رقم تقسیم کرنے کو ریاستی کابینہ نے منظوری دیدی ہے۔ کل ممبئی میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ جلگائوں کی شمالی مہاراشٹر یونیورسٹی کا نام تبدیل کرکے ’’کاویتری بہینا بائی چودھری اُتّر مہاراشٹر ودّیا پیٹھ‘‘ کرنے کو بھی اس اجلاس میں منظوری دی گئی۔  اس خصوص میں اس برس بجٹ اجلاس کے دوران وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے اعلان کے مطابق حکمنامہ جاری کرنے کا فیصلہ بھی کابینہ نے کیا۔
------------------------------
 سرکاری اسکولوں میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم دینے کیلئے آئندہ تعلیمی سال سے اسکولی تعلیم کے محکمے کی جانب سے اوجس بین الاقوامی اسکول شروع کرنے کا اعلان وزیرِ تعلیم ونود تائوڑے نے کیاہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ریاست میں آئندہ جون سے اس طرح کے 13/ اور اس کے بعد کے سال میں 100/ اسکول شروع کیے جائیں گے۔ تورن ماڑ میں اس نوعیت کا اسکول تجرباتی طور پر شروع کیا جاچکا ہے۔
------------------------------
 سبکدوش چیف سیکریٹری سُمیت ملِک نے کل ریاست کے چیف اطلاعاتی کمشنر کے عہدے کا حلف لیا۔ لوک آیُکت ایم اے تہلیانی نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔
------------------------------
 بی جے پی اور شیوسینا کے بعد کل کانگریس اور راشٹروادی کانگریس نے بھی قانون ساز کونسل انتخابات کیلئے اتحاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ دونوں جماعتیں تین۔ تین نشستوں پر انتخابات لڑیں گی۔ اس انتخابی مفاہمت کے تحت اب پربھنی‘ ہنگولی‘ کی نشست پر کانگریس اور لاتور‘ عثمان آباد‘ بیڑ کی نشست پر راشٹروادی کانگریس اپنا اُمیدوار کھڑا کریگی۔ ضمنی انتخابات کیلئے بھنڈارہ۔ گوندیا لوک سبھا حلقے میں راشٹروادی کانگریس الیکشن لڑیگی، جبکہ پال گھر لوک سبھا اور پلوس کڑے گائوں اسمبلی نشست پر کانگریس اپنا اُمیدوار کھڑا کریگی۔
 دونوں پارٹیوں کے قائدین کے کل ممبئی میں منعقدہ اجلاس میں اتفاقِ رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا۔ فیصلے کے بعد کانگریس نے پربھنی‘ ہنگولی حلقے کیلئے سریش دیشمکھ کو اپنا اُمیدوار نامزد کیا ہے۔ لاتور‘ عثمان آباد‘ بیڑ حلقے سے این سی پی کے رمیش کراڑ انتخاب لڑیں گے۔ بی جے پی کی جانب سے اس حلقے کیلئے کل سابق وزیر سریش دھس نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے۔ دیہی ترقیات کی وزیر پنکجا منڈے‘ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر پریتم منڈے‘ سنیل گائیکواڑ اور دیگر پارٹی قائدین اس موقع پر موجود تھے۔
 وردھا‘ گڑچرولی‘ چندر پور لیجسلٹیو کونسل حلقے سے کانگریس نے اِندر کمار صراف کو اور امراوتی سے انیل مادھو گڑیا کو اپنا اُمیدوار نامزد کیا ہے۔ این سی پی نے رائے گڑھ‘ رتنا گیری‘ سندھو دُرگ حلقے سے انیکیت تٹکرے کو اور ناسک سے شیواجی سہانے کو اپنا اُمیدوار بنایا ہے۔
------------------------------
 درجِ فہرست ذاتوں اور قبائل پر مظالم کی انسداد کے قانون ایٹراسٹی ایکٹ سے متعلق اپنے فیصلے پر حکمِ التواء جاری کرنے سے عدالت ِ عظمیٰ نے انکار کردیا ہے۔ تاہم اپنے سابقہ فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں مقدمہ درج کرنے سے قبل ہر شکایت کی جانچ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایٹراسٹی قانون سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف مرکزی حکومت کی نظرِ ثانی درخواست پر کل سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت عدالت نے وضاحت کی کہ اگر اس قانون کے تحت داخل کی جانے والی درخواست بادی النظر میں بے بنیاد نظر آئے تو تب ہی اس شکایت کی جانچ کی جائے۔
------------------------------
 ممبئی کے کیمیکل ٹکنالوجی ادارے کے جالنہ میں مجوزہ مراٹھواڑہ ذیلی مرکز کا سنگ ِ بنیاد آج ساڑھے گیارہ بجے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں رکھا جائیگا۔ جس کے بعد گوکُل لانز میں منعقدہ ایک تقریب سے وہ خطاب کریں گے۔ دیوگری ناگری سہکاری پت سنستھا کی مجوزہ عمارت کا سنگ ِ بنیاد بھی وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں رکھا جائیگا۔
------------------------------
 قومی فلم ایوارڈز کل تقسیم کردئیے گئے۔ جس میں آنجہانی سری دیوی کو ہندی فلم ’’مام‘‘ کیلئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈدیا گیا۔ مقبول اداکار آنجہانی ونود کھنہ کو بعد از مرگ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اس پروگرام میں صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووِند نے وقت کی کمی کی وجہ سے صرف 11/ ایوارڈز دئیے، جس کے بعد بقیہ ایوارڈز اطلاعات و نشریات کی وزیر سمرتی ایرانی کے ہاتھوں دئیے گئے۔ جس پر انعامات حاصل کرنے والے فنکاروں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
------------------------------
 آئندہ عام انتخابات کیلئے سماج وادی پارٹی غیر بی جے پی اور غیر کانگریس سیاسی جماعتوں اور علاقائی پارٹیوں کو متحد کرکے نیا سیاسی محاذ بنائے گی۔ کل اورنگ آباد میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے قائد ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کانگریس کے ساتھ انتخابی مفاہمت کیلئے تیار ہے لیکن کانگریس یہ اتحاد نہیں چاہتی۔
------------------------------

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 31.05.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 31 May 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपती...